ضمنی انتخابات میں کانگریس زیادہ سیٹوں پر کامیابی حاصل کرے گی :  سدارامیا

بنگلورو30/ ستمبر 2019(فکروخبر /ذرائع)  ریاست میں بی جے پی حکومت کے قیام کے ساتھ ہی حزبِ مخالف کے رہنما ابھی سے اس حکومت کے گرنے کی پیشن گوئیاں کررہے ہیں۔ سابق وزیر اعلیٰ سدارامیا نے کہا کہ بی جے پی حکومت ضمنی انتخابات کے بعد اقتدار سے محروم ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 15حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے نتائج کے اعلان کے فوری بعد ایڈی یوروپا کی قیادت والی بی جے پی حکومت گرجائے گی۔ نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کہا کہ مجوزہ ضمنی انتخابات میں کانگریس کو زیادہ سیٹیں ملیں گی۔ اس الیکشن میں جے ڈی ایس سے سیاسی اتحاد کا کوئی سوال ہی نہیں ہے۔ کانگریس تنہا انتخابات لڑے گی۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا بی جے پی کی تال پر رقص کررہا ہے۔ نااہل اراکین اسمبلی کی مدد کرنے کے لیے اس نے 65دنوں قبل ہی انتخابی عمل کی تاریخیں طئے کیں۔ پہلے 21اکتوبر کو انتخابی تاریخ طئے کی گئی تھی لیکن اس میں تبدیلی لاکر 5دسمبر الیکشن کی تاریخ متعین کی ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ الیکشن کمیشن بی جے پی کے اشارہ پر چل رہا ہے۔ بی جے پی کچھ بھی کرلے۔ کانگریس ضمنی انتخابات زیادہ سیٹوں پر کامیاب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی کانگریس لیڈروں میں اختلافات کی باتیں ذرائع ابلاغ کی پیدا کردہ ہیں۔ان کو پارٹی کی طرف سے نظر انداز کیے جان کی باتیں غلط ہیں۔ کوئی بھی کسی کو نظر اندازنہیں کرسکتاہے۔ حال ہی میں کانگریس میٹنگ کے دوران کے ایچ منی اپا اور ان کے درمیان معمولی بات ہوئی تھی۔ ہم دوست ہیں۔ چند اختلافات کے سبب ہم دشمنوں کی طرف نہیں لڑتے ہیں۔ اس سوال پر کہ وہ پارٹی پر ان کی گرفت ڈھیلی ہوتی جارہی ہے۔ سدارامیا نے کہا کہ تمام لیڈروں کو اپنا اپنا اثر حاصل ہے۔ ایک عام پارٹی کارکن بھی رسوخ رکھتا ہے۔ کانگریس میں ہر بات صحیح سمت میں جارہی ہے۔ سدارامیا نے کہا کہ پارٹی کارکن اس بات کا غم نہ کریں کہ انہیں اقتدار نہیں ملا ہے۔ اقتدار دینے والے عوام ہیں۔ میں پورے پانچ سال وزیر اعلیٰ رہ کر کام کرچکا ہوں اس بات سے چند لوگوں کو جلن ہوتی ہے۔ عوام اقتدار دیں تو خدمت کرنا چاہیے۔ اگر اقتدار نہ ملے تو خود آگے بڑھ کر سماجی خدمات کرتے ہیں۔ کانگریس میں بنیادی کانگریسی اور باہر سے آنے والی کانگریسی کوئی تصور نہیں ہے۔ تمام کانگریس والے ہیں۔ شمالی کرناٹک میں سنگین سیلاب آئے پچاس دن گزر چکے ہیں لیکن مرکزی حکومت نے ایک روپیہ بھی جاری نہیں کیا ہے۔ وزیر اعلی ایڈی یوروپا کہتے ہیں کہ کل امداد مل جائے گی۔ ایڈی یوروپا اور ریاست کے پچیس اراکین پارلیمان نے مرکز پر کوئی دباؤ نہیں ڈال سکے ہیں۔ بی جے پی میں 105اراکین اسمبلی اقتدار چلا رہے ہیں۔ ان کو اکثریت حاصل نہیں ہے۔ ضمنی انتخابات کے بعد ہم زیادہ سیٹوں پر کامیاب ہوں گے۔ 

Share this post

Loading...