بنگلورو 04/ دسمبر 2019(فکروخبر نیوز) 15 حلقوں کے اسمبلی انتخابات 5 دسمبر کو ہونے والے ہیں۔ ان حلقوں میں مختلف سیاسی پارٹیوں کی طرف سے سرگرم انتخابی مہم منگل کی شام 6:00بجے ختم ہوگئی۔ چہار شنبہ کے دن گھر گھر جاکر انتخابی مہم چلائی جاسکتی ہے۔ منگل کو کھلے عام انتخابی مہم اور ریلیوں کے ذریعہ کانگریس اور جے ڈی ایس اور بی جے پی کے بڑے لیڈروں نے اپنے اپنے امیدواروں کے حق میں عوام سے ووٹ کی اپیل کی۔ کئی جگہ روڈ شو اور ویلیاں نکالی گئیں۔ انتخابی مہم کے دوران بی جے پی کی طرف سے وزیر اعلیٰ بی ایس ایڈی یوروپا سمیت تمام وزرائے واراکین اسمبلی شریک ہوئے تو دوسری طرف جے ڈی ایس کی طرف سے سابق وزیر اعلیٰ کمارا سوامی اور دیگر بڑے لیڈران شریک تھے لیکن کانگریس کی طرف سے سابق وزیر اعلیٰ سدارامیا ہی تنہا طور پر محاذ سنبھالے ہوئے تھے۔ شیواجی نگر اور دیگر چند حلقوں میں ڈی کے شیوا کمار نے بھی سا تھ دیا۔ جن حلقوں میں انتخابات ہورہے ہیں۔ وہاں سرکاری چھٹیوں کا اعلان کردیا گیا ہے۔ ان حلقو ں میں صرف امیدوار اور ووٹرس ہی رہ سکتے ہیں۔ دیگر حلقوں کے لوگ وہاں نہیں رہ سکتے۔ واضح رہے کہ ان انتخابات میں حکمران بی جے پی کو کم از کم چھ سیٹیں جیتنا ضروری ہے تاکہ وہ اقتدار پر رہ سکیں۔ الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ جمعرات کے دن صبح 7:00تا شام 6:00ووٹنگ ہوگی۔ منگل کی شام 6:00اگلے اڑتالیس گھنٹوں تک ان حلقوں میں شراب کی دکانیں بند رہے گی۔ 15اسمبلی حلقوں کے 4185پولنگ بوتھو ں میں پر امن ووٹنگ کے لیے 42507سیکوریٹی اور پولیس عملہ جات تعیینات کیا گیا ہے اور ان انتخابات میں 219امیدوار حصہ لے رہے ہیں اور جملہ ووٹروں کی تعداد 3782681ہے۔ جن حلقوں میں انتخابات ہورہے ہیں وہ حسب ذیل ہیں۔ گوکاک ، اتھینی ، کاگواڑ(بیلگاوی ضلع) رانے بنور، ہیرے کیرور (ہاویری ضلع)، کے آر پورم، یشونت پور، شیواجی نگر، مہالکشمی لے آؤٹ (بنگلور) یلاپور(اتراکنڑا) کے آر پیٹ (منڈیا) ہنسور (میسور) چکبالاپور، ہسکوٹہ (بنگلوررورل)وجیا نگر (بلاری)۔ ووٹوں کی گنتی اور نتائج کا اعلان 9دسمبر کو ہوگا۔
Share this post
