بنگلورو 25/ جون 2019(فکروخبر نیوز) ریاستی وزیر برائے اوقاف حج واقلیتی امور شہری رسدات ضمیر احمد خان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم اے کمپنی کے محمد منصور خان جہاں بھی روپوش ہیں وہ ایس آئی ٹی ٹیم کے سامنے خودسپردگی کریں اور کن لوگوں سے انہیں خطرہ ہے انہیں واضح کریں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر ان کے ساتھ واقعی ناانصافی ہوئی ہے تو ایس آئی ٹی اس پورے معاملہ کی جانچ کرکے انہیں انصاف دلائے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر انہیں جان کو خطرہ ہے تو وہ ذاتی طور پر پولیس کمشنر آلوک کمار سے بات چیت کرکے انہیں سیکوریٹی فراہم کرنے کے لیے بھی تیار ہیں۔ضمیر احمد خان نے کہا کہ انہیں ریاست کی پولیس پر پورا بھروسہ ہے کہ وہ ایمانداری کے ساتھ اس معاملہ کی جانچ کرے گی اور اس کی رپورٹ وزیر داخلہ اور وزیر اعلیٰ کو پیش کی جائے گی اور اس جانچ میں ان کا کوئی رول نہیں رہے گا۔
واضح رہے کہ دوروز قبل منصور خان کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں انہو ں نے کئی ناموں کا انکشاف کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ کمپنی کو بند کرنے میں ان کا ہاتھ ہے۔ انہوں نے پولیس کمشنر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر انہیں تحفظ فراہم کیا جاتا ہے تو وہ بنگلور لوٹنے کے لیے تیار ہیں۔ اسی طرح اس ویڈیو میں مبینہ طور پر اس سے قبل وائرل آڈیوکے سلسلہ میں تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ آڈیو بھی انہوں نے ہی جاری کی تھی۔
Share this post
