یوتھ سروس کا مطلب صرف کھیل ہی نہیں ہے : مولانا عبدالباری ندوی

وہ جمعرات کے روز تینگن گنڈی میں الفلاح یوتھ سروس آرگنائزیشن کی طرف سے منعقدہ سالانہ اجلاس میں موجود حاضرین سے مخاطب تھے۔ انسان کو چاہئے کہ وہ اپنی زندگی کے سلسلہ میں فکر مند ہو اور اس کی حقیقی کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے جس کے سلسلہ میں قرآن اور حدیث ہماری رہنمائی کرتا ہے ۔ حقیقی کامیابی سے مراد انسان کو وہ کامیابی حاصل ہو جس کے بعد کوئی تکلیف نہ ہو اور یہ صرف آخرت ہی میں ممکن ہے ۔ مولانا نے مزید کہا کہ یہ دور فتنوں کا دور ہے ۔ اپنے آپ کو ہر اس چیز سے دور رکھیں جس سے اللہ ناراض ہوتا ہے۔ اس موقع پر الفلاح یوتھ سروس آرگنائزیشن کے صدر مولانا مقبول احمد ندوی نے خطاب کیا اور دین سے جڑے رہنے پر زور دیا ۔ اس جلسہ کا آغاز محمد حماد پلور کی تلاوت سے ہوا ، احمد رکن الدین نے نعت پیش کی ۔ مولانا وصی اللہ ندوی نے سالانہ رپورٹ پیش کی۔رپورٹ کی پیشی کے بعد آئندہ تین سالہ میعاد کے لیے ممبران کاانتخاب عمل میں آیا ۔ بعد عصر ایک تفریحی پروگرام کا انعقاد کیا تھا جس میں ہر عمر کے افراد نے شرکت کرتے ہوئے مختلف کھیلوں میں حصہ لیا ۔ جس کے بعد الفلاح او رکارگدے کی تاریخ پر ایک دلچسپ کوئز پروگرام کا انعقاد کیا گیا تھا۔ ملحوظ رہے کہ الفلاح یوتھ سروس آرگنائزیشن کارگدے کی پانچ مساجد کے اطراف پھیلی آبادی کا ایک متحدہ ادارہ ہے۔ اسٹیج پر تمام مساجد کے ذمہ داران موجود تھے۔

Share this post

Loading...