بنگلورو 30/ جولائی 2019(فکروخبر نیوز) بی جے پی کے اکثریت ثابت کرنے کے بعد سابقہ مخلوط حکومت میں تشکیل دئیے گئے تمام سرکاری بورڈس اور کارپوریشنوں کے عہدے منسوخ کرنے کی ہدایت وزیر اعلیٰ ایڈی یوروپا نے جاری کی ہے۔ ایڈی یوروپا نے کہا تھا کہ وہ انتقامی سیاست نہیں کریں گے۔ سابق وزیر اعلیٰ سدارامیا اور کمارا سوامی نے انتقامی سیاست نہیں کی، اسی طرح وہ بھی کام کریں گے۔ لیکن پیر کے دن اکثریت ثابت کرنے کے چند ہی گھنٹوں کے اندر انہوں نے سابقہ حکومت کے دوران بنائے گئے تمام بورڈس اور کارپوریشنوں کے عہدے منسوخ کرنے کا حکم جاری کردیا۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر چیف سکریٹری وجئے بھاسکر نے اعلامیہ جاری کرکے تمام سیاسی نامزدگیاں فی الفور منسوخ کرکے ان بورڈس اور کارپوریشنوں کی ذمہ داری محکموں کے پرنسپل سکریٹری اور سکریٹریوں کے حوالے کرنے کا حکم دیا ہے۔ سابقہ جے ڈی ایس کانگریس حکومت نے برگشتگی کو قابو میں رکھنے کے لیے اپنے اراکین اسمبلی اور لیڈروں کو مختلف بورڈس اور کارپوریشن بھی خالی تھے لیکن اتنے میں حکومت بدل گئی، پہلے چند بورڈس اور کارپوریشن کے چیرمین نے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کرلیا ہے جبکہ بعض نے قانونی لڑائی لڑنے کا اعلان کیا ہے۔
Share this post
