یعقوب میمن کی پھانسی پر سپریم کورٹ کی مہر:کل دی جائے گی پھانسی(مزید اہم ترین خبریں )

ڈرائیور کا قتل کرکے فارچیونر لوٹ کر بھاگنے والے گرفتار

لکھنؤ۔29جولائی(فکروخبر/ذرائع)شہر میں جرائم کا گراف نیچے گرنے کے بجائے آسمان چھوتا نظر آرہاہے۔ آئے دن کسی تھانہ میں قتل ، دوہرے قتل اور لوٹ جیسی سنگین واردات کو انجام دے کر مجرم فرار ہوجاتے ہیں ۔ جس کے بعد موقع پر پہنچی پولیس لکیر پیٹتی رہ جاتی ہے۔ لکھنؤ کے مہا نگر میں جرائم کو انجام دیتے ہوئے مجرمین نے ایک نیا راستہ تلاش لیا۔ بدمعاش مہا نگر تھانہ واقع راما کار سیل پہنچے اور وہاں ایک ٹوئٹا فارچیونر ایس یو وی پسند کی۔ جس کے بعد اس کی ٹسٹ ڈرائیو کا بہانہ کرکے گاڑی لے کر فرار ہوگئے۔ راما کار بازار کے مالک نے گاڑی کے ساتھ اپنا ایک ملازم بھی بھیجا تھا جس کا بدمعاشوں نے قتل کرکے لاش کو گھاگھرا ندی میں پھینک دیا۔ بدھ کو مہا نگر پولیس نے سرویلانس ٹیم کی مدد سے اس واردات کا پردہ فاش کرکے ملزمین کو گرفتار کرلیا ہے۔ غور طلب ہے کہ مہا نگر میں پرانی کار کے کاروباری راما کار سیلس سے گزشتہ سنیچر کی دوپہر پرانی کار خریدنے کے لئے گومتی نگر وشواس کھنڈ باشندہ اجے آئے اور ایک فارچیونر گاڑی پسند کیا۔ گاڑی پسند کرنے کے بعد وہ اسے ٹسٹ کے لئے لے جانا چاہتے تھے۔ گاہک اجے کی خواہش کے مطابق بنٹی نے اسے اپنے یہاں تعینات ایک ڈرائیور مونو (۵۳) کو ان کے ساتھ بھیج دیا۔ ٹسٹ ڈرائیو کے لئے نکلا اجے اور ڈرائیور گھنٹوں انتظار کرنے کے بعد بھی واپس نہیں آئے ۔ گھنٹوں تک ٹیسٹ ڈرائیو سے نہ لوٹ کر آنے پر راما کار سیلس کے مالک بنٹی پریشان ہوگیا۔اور اس نے ڈرائیور کو فون لگایا لیکن ڈرائیور کا فون بند نکلا۔ جس کے بعد اس نے ٹیسٹ ڈرائیو پر جانے سے پہلے لئے گئے اجے کے نمبر پر فون لگانا شروع کیا۔ لیکن وہ فون بھی بند تھا مجبور ہوکر اسے انتظار کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں دکھا۔ لہذا اس نے انتظار کرنے میں ہی اپنی بھلائی سمجھی ۔ فارچیونر اور ڈرائیور کے ساتھ غائب ہوئے گاہک کو چوبیس گھنٹے سے زیادہ عرصہ گزرجانے کے بعد بھی ان کا کوئی پتہ لگتا نہ دیکھ کر راما کار سیلس کے مالک بنٹی مہا نگر تھانے پہنچے اور معاملہ درج کروایا۔ اودھ کلارک میں دوسری شادی کے دوران میڈیا پر حملہ کرانے والانکلا ملزم: گومتی نگر میں پراپرٹی ڈیلنگ کا کام کرنے والے بی جے پی لیڈر ابھشیک ترپاٹھی کو اس کے گارڈ نائک کے ساتھ پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ ابھشیک ترپاٹھی اس مرتبہ بی جے پی سے امبیڈکر نگر کی جلال پور نشست سے الیکشن لڑنے کی تیاری میں تھا ۔ ابھشیک کے مطابق انتخابی حلقہ میں رعب جمانے کے لئے اسے فارچیونر کی ضرورت تھی جس کے لئے اس نے ڈرائیور کا قتل کرکے اسے لوٹ لیا تھا۔ واضح ہو کہ یہ وہی ابھشیک ترپاٹھی ہے جس نے اودھ کلارک میں دوسری شادی کرتے وقت میڈیا پر حملہ کروادیا تھا۔ مہا نگر پولیس نے مانگی تھی سرویلانس ٹیم کی مدد: مہا نگر پولیس کے لئے تنہا اس واردات کا انکشاف کرنا لوہے کے چنے چبانا جیسا ثابت ہورہا تھا۔ جس کے سبب مہا نگر پولیس نے سرویلانس سیل کی مدد مانگی ۔ سرویلانس ٹیم کے سرگرم ہوتے ہی دو دن کے اندر واردات کا پردہ فاش ہوگیا۔ شہر میں سی سی ٹی وی کیمرے کی مدد سے ان کا روٹ چارج تیار کیا گیا۔ جس کی بنیاد پر دو ملزمین کی گرفتاری کی گئی ہے۔ پکڑے گئے ملزمین نے پوچھ گچھ میں بتایا کہ اس نے ڈرائیور مونو کا گولی مار کر قتل کردیا اور لاش کو گھاگھرا ندی میں پھینک دیا۔ ٹیسٹ ڈرائیو کے درمیان اپنا غلط نام اجے بتایا تھا۔ جب کہ اس کا اصلی نام ابھشیک ترپاٹھی ہے۔ جو خود کو بی جے پی کا لیڈر بتاتاہے۔ ساتھ ہی اس کا ساتھی نائک بھی پکڑا گیاہے۔ ملزم کے پاس سے لوٹی ہوئی گاڑی اور قتل میں استعمال لائسنسی پستول برآمد ہوئی ہے۔


سابق تھانہ انچارج سمیت تین پولیس افسروں کے خلاف مقدمہ درج

اٹاوہ۔29جولائی(فکروخبر/ذرائع)کہتے ہیں کہ آئین میں انصاف پانے کا حق ہر شخص کو ہے۔ عام آدمی کے تحفظ کی ذمہ داری برداشت کرنے والی خاکی وردی ہی جب ظلم پر اتر آئے اور عام آدمی کی آواز دبانے کی کوشش کرے تو ایسے میں عدالت سے ہی انصاف مل سکتا ہے۔تازہ معاملہ میں عدالت کے حکم پر ربسر ہر تھانہ پولیس نے اپنے ہی تھانے میں تھانہ انچارج رہ چکے تھانہ انچارج دو اے ایس آئی سمیت چھ لوگوں کے خلاف ایک خاتون سے مار پیٹ کرنے اور جان سے مارنے کی نیت سے فائرنگ کرنے ولوٹ کا معاملہ در ج کیا ہے۔ پولیس نے عدالت کے حکم کی عزت کرتے ہوئے معاملہ تو درج کرلیا ہے لیکن اب جانچ کی بات کہی جارہی ہے۔ اطلاع کے مطابق واردات یکم نومبر ۴۱۰۲ کی ہے ۔ بسر ہر تھانہ علاقے کے بلاقی پورا گاؤں باشندہ بولویر سنگھ کی اہلیہ سشما دیوی نے پولیس محکمہ کی تمام افسروں کے چکر کاٹنے کے بعد عدالت سے انصاف کی فریاد کرتے ہوئے اپیل کی تھی کہ سابق تھانہ انچارج بسر ہر میں بیج ناتھ سنگھ کے بیٹے حاکم سنگھ تھانہ میں تعینات اے ایس آئی سمیت تین دیگر لوگوں کے ساتھ مل کر اس کے گھر پر آکر لاٹھی ڈنڈوں سے اس کے ساتھ مار پیٹ کی اور جان سے مارنے کی نیت سے فائر کیا۔ اتنا ہی نہیں ملزمین نے پولیس افسروں کی مدد سے اس کے کانوں کے کنڈل بھی لوٹ لئے۔ پولیس افسروں سے کی گئی شکایت کے بعد اسے انصاف نہیں مل سکا۔ عدالت نے اس معاملے کا علم لیا اور سابق پولیس افسروں کے خلاف معاملہ درج کرنے کے ساتھ ہی جانچ کرکے کارروائی کی ہدایت دی۔ عدالت کے حکم کے بعد گذشتہ شب بسرہر تھانہ پولیس نے معاملے کی رپورٹ درج کرکے جانچ شروع کردی ہے۔ 


دن دہاڑے موٹر سائیکل سوارلٹیروں نے نوجوان سے لوٹے دو لاکھ روپئے

کانپور۔29جولائی(فکروخبر/ذرائع)شہر کے بھیڑ بھاڑ والے علاقے میں بینک سے پیسہ نکال کر واپس جارہے نوجوان سے بدمعاشوں نے دن دہاڑے دو لاکھ روپئے لوٹ لیا۔ بدمعاش واردات انجام دے کر بھاگ نکلے ۔ اطلاع پر دو تھانوں کی فورس معاملے کی جانچ کیلئے پہنچی ۔ نوجوان سے پوچھ گچھ اور تفتیش کے دوران پولیس کو معاملہ مشتبہ لگ رہا ہے۔ فی الحال تحریر لے کر پولیس نے جانچ شروع کردی ہے۔ آبائی طور سے شکلا گنج میں رہنے والے راجیش شریواستو سیڈلری کا کام کرتا ہے۔ وہ سیڈلری کاروباری کے نتن اگروال کی فیکٹری میں تعینات ہے۔ منگل کو نتن نے راجیش کو سیلف کی چیک دے کر بینک سے پیسہ نکالنے کیلئے بھیجا تھا۔ ملازم راجیش آج دو پہر ایک بجے وی آئی پی روڈ واقع اسٹاک ایکسچینج کے پاس بنے یش بینک میں چیک لے کر پہنچا ۔ بینک سے راجیش تقریباً دو لاکھ روپئے نقد بیگ میں لے کر باہر نکلا ۔ چوراہے کی دوسری طرف کھڑی موٹر سائیکل کی طرف جارہا تھا۔وی آئی پی روڈ پار کرنے کے دوران موٹر سائیکل سوار بدمعاش آئے اور راجیش سے نوٹوں سے بھرا نوٹ چھین لیا۔ چھینا جھپٹی میں کچھ پییسے سڑک پر ہی گر گئے۔ سرراہ واردات کو دیکھ کرجب لوگ بدمعاشوں کے پیچھے دوڑے اس سے قبل ہی لٹیرے موٹرسائیکل سے فرار ہوگئے۔ سڑک پر گرے پیسے اٹھاتے ہوئے راجیش نے اطلاع پولیس کو دی۔ اطلاع ملتے ہی سی او کرنل گنج وویک ترپاٹھی اور دو تھانوں کی پولیس فورس موقع پر پہنچی ۔ سی او نے متاثر سے پوچھ گچھ شروع کی ۔ جہاں ملازم نے بتایا کہ وہ کمپنی کے مالک کے چیک کے ذریعے بینک سے پیسہ نکالنے کیلئے آیا تھا۔ پیسہ نکال کر سڑک کے اس پار کھڑی موٹر سائیکل پر بیٹھنے جارہا تھا۔ تبھی بدمعاشوں نے حملہ کردیا۔ بدمعاشوں نے ایک لاکھ تیس ہزار روپئے کی لوٹ انجام دی۔ جبکہ بدمعاشوں کے ذریعہ چھوڑا گیا ۳۱ ہزار روپئے راجیش کے پاس ہے۔ خبر لکھے جانے تک سی او نے بتایا کہ متاثرہ سے پوچھ گچھ پر معاملہ مشتبہ لگ رہا ہے۔ فی الحال مالک نتن اگروال کے آنے کے بعد ہی صحیح مل پائے گی۔ 


متولی ویلفیئر کمیٹی کے زیر اہتمام متولیوں نے ڈی ایم دفتر پر کیا مظاہرہ

گورکھپور۔29جولائی(فکروخبر/ذرائع)اما م چوک متولی ویلفیئر کمیٹی کے زیر اہتمام متولیوں نے ضلع مجسٹریٹ دفتر پر مظاہرہ کیا۔ اور اپنے مطالبات کی عرضداشت ضلع مجسٹریٹ کی غیر حاضری میں سٹی مجسٹریٹ کو سونپی ۔ عرضداشت میں متنازعہ زمین کی پیمائش کرانے کا مطالبہ کیا گیا۔ تاکہ یہ واضح ہو سکے کہ قبرستان کی زمین کہاں ہے۔ توقیر احمد ، نبی اللہ ، عبداللہ ، عاشق خان وغیرہ نے کہاہے کہ گورکھپور کی تاریخ میں سردار علی خان اور ان کے اہل خانہ کی شہادت درج ہے۔ وہ جہاں پر دفن کئے گئے ہیں اس جگہ پر قبضہ کرنا کسی کیلئے بھی باعث شرم ہے۔ انتظامیہ پیمائش کرانے سے گریز کررہی ہے۔ اس سے ظاہر ہے کہ انتظامیہ کے لوگ کسی نہ کسی کی مدد کررہے ہیں۔


عبدالکلام کے انتقال پر ضلع میں غم کی لہر

رائے بریلی۔29جولائی(فکروخبر/ذرائع)بھارت رتن اور سابق صدر جمہوریہ ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کے انتقال کی خبر پر رائے بریلی میں غم کی لہر چھاگئی۔ سرکاری دفاتر میں لگا ترنگا سرنگوں کردیا گیا۔ ڈاکٹر کلام کی انتقال کی اطلاع پر نگر پالیکا پریشد کے چیئر مین محمد الیاس کی صدارت میں جلسہ خراج عقیدت منعقد کیا گیا۔ جس میں چیئر مین سمیت اسٹاف اور کارپوریٹروں نے ڈاکٹر کلام کی روح کی تسکین کیلئے دعا کی۔ 


تاج محل شیو مندر ہوا کرتا تھا، بھارتی ہندوؤں کا دعویٰ

نئی دہلی۔29جولائی(فکروخبر/ذرائع) مغلیہ خاندان کے مسلمان بادشاہ شاہ جہاں کی جانب سے بنائے گئے دنیا کے مشہور عجائبات میں سے ایک تاج محل کو بھارتی ہندوؤں نے اپنا مندر تصور کرنا شروع کر دیا۔ بھارتی شر پسند ہندوں کا کہنا ہے کہ تاج محل دراصل ایک شیو مندر ہوا کرتا تھا۔ تفصیلات کے مطابق 6 ہندو وکلاکی جانب سے تاج محل کو مندر کا دعوی کرنے والی درخواست کو ایڈیشنل ضلع اور سیشن جج کو منتقل کر دیا گیا ہے۔ ان میں سے ایک وکیل راجیش کلیشتر نے بتایا ہے کہ عدالت نے معاملہ میں دوسرے دفاعی فریق وزارت ثقافت سے اپنا جواب داخل کرنے کو کہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک بار تمام دفاعی فریقوں کی طرف سے جواب داخل کئے جانے کے بعد وہ عدالت میں اس کا جواب داخل کریں گے۔ اس سے قبل ایک مرتبہ آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا نے درخواست گزاروں کے اس دعوے کو مسترد کر دیا تھا، جس میں انہوں نے تاج محل کے ایک شیو مندر ہونے کی بات کہی تھی۔ اس حوالے سے مرکزی حکومت کے قانونی مشیر کا کہنا ہے کہ قدیم ورثہ اور آثار قدیمہ مقام اور باقیات ایکٹ کی دفعہ 20 (او) کے تحت اس معاملے کی سماعت ضلع عدالت نہیں کر سکتی ہے۔ ان کہ کہنا تھا کہ انہیں اس بات کی پوری امید ہے کہ یہ معاملہ عدالت میں زیادہ دیر ٹک نہیں پائے گا کیونکہ وہاں کبھی کوئی شیو مدر نہیں تھا۔ خیال رہے کہ اپریل 2015 میں ضلع عدالت نے 6 وکلا کی طرف سے دائر ایک درخواست کو سماعت کے لیے منظوری دے دی تھی، جس میں تاج محل کو حقیقت میں ایک شیو مندر ہونے کا دعوی کیا گیا تھا۔ اسی حقیقت کی بنیاد پر درخوست گزاورں نے ہندووں کو تاج محل میں پوجا پاٹ کا حق دئیے جانے کی اپیل بھی کی تھی۔ 


تھانے میں 3 منزلہ بلڈنگ منہدم ‘ 2 افراد ہلاک

ممبئی ۔29جولائی(فکروخبر/ذرائع) ممبئی کے قریب تھانے میں آج رات ایک تین منزلہ رہائشی عمارت اچانک منہدم ہوگئی جس کے نتیجہ میں دو افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے جبکہ کئی افراد کے ملبہ میں دبے ہونے کا شبہ ہے۔ کہا گیا ہے کہ رات دیر گئے تک 22 افراد کو ملبے سے نکالا گیا ہے۔ ملبے میں پھنسے ہوئے افراد کو نکالنے کا کام جاری ہے۔ اطلاعات کے بموجب یہ عمارت ماٹری چھایا ٹھکرولی میں تھی جو رات 11 بجے منہدم ہوگئی۔ اس عمارت تک جانے والے تنگ راستے اور غیر قانونی تعمیرات سے راحت و بچاو کاموں میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ محکمہ فائر کے عہدیداروں نے کہا کہ اس عمارت کے انہدام سے متصل عمارت کو بھی نقصان پہونچا ہے۔ ملبہ میں کم از کم 15 افراد کے دبے ہونے کا شبہ ہے جن میں بچے بھی شامل ہیں۔ کہا گیا ہے کہ شدید بارش کی وجہ سے یہ عمارت منہدم ہوئی۔ مقامی افراد بچاؤ کاموں میں مدد کر رہے ہیں۔

Share this post

Loading...