یعقوب میمن کی كيوریٹیو درخواست مسترد(مزید اہم ترین خبریں)

اترپردیش میں عاشق کے ساتھ پکڑی گئی بیوی کا قتل

مہاراج گنج۔21جولائی(فکروخبر/ذرائع) اترپردیش کے ضلع مہاراج گنج میں بیوی کو اس کے عاشق کے ساتھ دیکھ کر خفا شوہر نے دھاردار ہتھیار سے اس کا گلا کاٹ دیا۔صدر کوتوالی علاقے میں بیکٹھ پور کے رہنے والے چھوٹے کا مُنر کی بیوی سے معاشقہ تھا۔ چھوٹے کل شام جب منر کے گھر پہنچا تو غصہ میں پہلے اس نے دھار دار ہتھیار سے گیتا کا گلا کاٹ کر اسے ہلاک کردیا ۔ بچانے کی کوشش کر رہے چھوٹے کو بھی زخمی کردیا۔لوگوں نے جائے واردات سے بھاگ رہے قاتل شوہر اور عاشق کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا۔ موقع پر پہنچی پولیس نے ایک بغیر نمبر کی اسکوٹی، عورت کا پرس، موبائل اور کولڈ ڈرنکس کی بوتل برآمد کی ہے ۔


انصاف کے مطالبہ پر نویں دن بھی جاری رہا دھرنا

بارہ بنکی۔21جولائی(فکروخبر/ذرائع) کوٹھی تھانہ میں زندہ نذر آتش کی جانے والی نیتو دیویدی کے کنبہ والوں کے ذریعہ ملزمین کی گرفتاری اور متعلقہ دفعات بڑھانے کے ساتھ ہی انہیں جیل بھیجنے کے مطالبہ کے سلسلے میں کلکٹریٹ احاطہ میں شروع کی گیا دھرنا آج آٹھویں دن بھی جاری رہا۔ کنبہ والوں کو ضلع مجسٹریٹ کے ذریعہ گفتگو کیلئے بلایا گیا لیکن بات نہیں بن سکی ۔ جس کے سبب دھرنا ختم نہیں کرایا جاسکا۔گذشتہ ۲۱جولائی سے دھرنے پر بیٹھے کنبہ والے ڈی ایم سے معطل ایس او اور داروغہ کی گرفتاری کے سلسلے میں بضد رہے۔[ ملزمین کے گرفتاری کے ساتھ ہی ایس پی کو ہٹانے ، کنبہ کے ایک فردکو سرکاری نوکری دینے ، متوفیہ کی بیٹی کا خرچ اٹھانے کے ساتھ ہی تحفظ کیلئے اسلحہ لائسنس دینے کا مطالبہ کنبہ والوں کے ذریعہ کیا جارہا ہے۔ ملزمین کی گرفتاری نہ ہونے کے خلاف کانگریس رہنما رنجیت مشرا کے ذریعہ بھوک ہڑتال پر بیٹھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ضلع سکریٹری کا کہنا ہے کہ آئندہ ۵۲جولائی کو رکن راج سبھا پی ایل پنیا کی قیادت میں کانگریسی مظاہرہ کریں گے۔ 

پولیس نے چوری کی گئی گاڑیوں کا کیا پردہ فاش

گورکھپو۔21جولائی(فکروخبر/ذرائع) ایس ایس پی پردیپ کمار کے ذریعہ ضلع میں چلائی جارہی کلین سویپ کے تحت تھانہ گورکھناتھ علاقے میں تین جولائی اور دس جولائی کو جمعہ کی نماز کے وقت مسجد کے پاس سے چوری کی گئی ایکٹیوا اسکوٹر یوپی ۳۵اے آر ۷۴۹۰اور ایکٹیوا اسکوٹر یوپی ۳۵ اے ایچ ۶۸۷۴پولیس نے پردہ فاش کیا۔ چوری کرنے والے چار ملزمین کو پولیس نے گرفتار کیا اور ان کے پاس سے چار ایکٹیوا اسکوٹر اور ایک ہیرو ہونڈا اسپلینڈر موٹر سائیکل برآمد کی۔ پوچھ گچھ میں چوروں نے اپنا نام حامد علی ولد جمن خان ، وریندر شرما ولد امرناتھ شرما ساکن نگواں جیت پور تھانہ سہجنواں گورکھپور ، ودیا کمار ولد ہیرا من باشندہ شیو پور شہباز گنج تھانہ گلریہا گورکھپور ، شبھم اگروال ولد وریندر کمار اگروال باشندہ گاندھی گرام تھانہ رما دیوی ضلع کانپوربتایا ہے۔ 


سڑک حادثہ میں ایک ہلاک، چار زخمی

علی گڑھ۔21جولائی(فکروخبر/ذرائع) اترپردیش میں ضلع علی گڑھ کے گبھانہ ارنیا بارڈر پر ایک سڑک حادثہ میں ایک شخص ہلاک اور چار دیگر زخمی ہوگئے ۔پولیس نے آج یہاں بتایا کہ علی گڑھ میں واقع سسرال آ رہے دہلی کے رہنے والے شرافت کی کار کل رات بے قابو ہوکر بجلی کے ایک کھمبے ے ٹکرا گئی۔اس حادثہ میں شرافت موقع پر ہی ہلاک جبکہ بیوی سنّو، بیٹا سلمان، شکیل اور بیٹی نِیا زخمی ہوگئی۔


نوجوان کا گولی مارکر قتل، جنگل سے لاش برآمد

بریلی ۔21جولائی(فکروخبر/ذرائع) نئے گھر سے پرانے گھر لوٹ رہے ایک نوجوان کو راستے میں روک کر گولی مارکر قتل کرنے کے بعد اس کی لاش کو جنگل میں پھینک کر قاتل فرار ہوگئے۔ صبح ہونے پر اس کی لاش کو پولیس نے پوسٹ مارٹم کیلئے بھیجا ۔ واردات کی رپورٹ پانچ لوگوں کے خلاف درج کرادی گئی ہے۔ سبھی ملزمین فرار بتائے جاتے ہیں۔ پریم نگر تھانہ علاقے کے اندرا نگر باشندہ شیر سنگھ یادو عرف شیرو یادو ولد منا سنگھ یادو کی لاش آج عزت نگر تھانہ حلقہ میں ڈی آر ایم دفتر کے پیچھے جنگل میں پائی گئی۔ متوفی کے بھائی انل یادو نے پوسٹ مارٹم ہاؤس پر بتایا کہ اس کے والد منا لال نے کچھ عرصہ قبل عزت نگرمیں ایک مکان خریدا تھاجس سے سدھارتھ نگر شیام سنگھ اور ومل بھی خریدنا چاہتے تھے۔ جس کے سبب وہ شیرو سے رنجش رکھنے لگے ۔کل شام پانچ بجے شیرو سدھارتھ نگرکے نئے مکان پر گیا تھا جہاں تقریباً دو گھنٹے رکنے کے بعد موٹر سائیکل سے گھر لوٹ رہا تھا۔ تبھی سنجے نگرکے انوج مشرا ، راجیندر نگر سنجے چویا ،سدھارتھ نگر شیام سنگھ اور ومل سمیت پانچ لوگوں نے اسے راستے میں روک لیا اور گولی مار کر اس کا قتل کرنے کے بعد لاش کو جی آر ایم دفتر کے پیچھے جنگل میں پھینک کر فرار ہوگیا۔ واردات کی اطلاع متوفی کے گھر والوں کو رات میں ہی مل گئی اور وہ شیرو کو تلاش کرنے کیلئے نکل پڑے۔ لیکن دیر شب تک تلاشنے کے باوجود شیرو کا کچھ پتہ نہیں چلا۔ صبح چھ بجے شیرو کی لاش جی آر ایم دفتر کے پیچھے جنگل میں ملی۔ اطلاع پاکر موقع پر پہنچی پولیس نے گھر والوں کو اطلاع دی۔ جو موقع پر پہنچے اور لاش کی شناخت کی۔ واردات کی رپورٹ درج ہونے کے بعد پولیس ملزمین کو گرفتار کرنے میں مصروف ہوگئی کہ وہ ابھی تک فرار ہیں۔ متوفی کے گھر والوں نے بتایا کہ قاتل متوفی کے گلے سے سونے کی چین اور آٹھ انگوٹھیاں بھی نکال کر فرار ہوگئے۔ اس کی قیمت تقریباً تین لاکھ روپئے ہے۔ 


اُردو یونیورسٹی ، پیرا میڈیکل کورسز میں داخلے

حیدرآباد،21 ؍جولائی (فکروخبر/ذرائع)مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی پیرا میڈیکل کورسز میں داخلے جاری ہیں۔ پیرا میڈیکل کورسز میں فارم داخل کرنے کی آخری تاریخ 31؍ جولائی 2015 ہے۔ پیرامیڈیکل کورسز کے تحت ڈیالیسس ٹیکنیشین اور ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشین میں سرٹیفکیٹ اور ڈپلوما کورس شامل ہیں۔ سرٹیفکیٹ کورسز کے لیے دسویں یا مماثل امتحان اور ڈپلوما کے لیے 10+2 یا مماثل امتحان میں کامیاب امیدوار داخلے کے اہل ہیں۔ درخواست فارم کے ساتھ 300 روپئے کا چالان منسلک کرنا ہوگا۔ ایس سی/ ایس ٹی/ جسمانی معذورین 200 روپئے کا چالان منسلک کرسکتے ہیں۔چالان یونیورسٹی کی ویب سائٹ www.manuu.ac.in سے حاصل کیا جاسکتا ہے۔ مزید تفصیلات موبائل نمبر 9177810638, 9985916740 سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔


مویشی امراض تحقیق اور علاج خدمات کیلئے ایک کروڑ روپئے جاری

لکھنؤ۔21جولائی(فکروخبر/ذرائع)ریاستی حکومت کے ذریعہ مویشی امراض اور خدمات میں توسیع اسکیم کے تحت ایک کروڑ روپئے کا بجٹ جاری کیا ہے۔یہ اطلاع ڈائرکٹر مویشی پروری ڈاکٹر رُدر پرتاپ نے دی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ یہ رقم ادویہ اور کیمیا، مشینوں اور تزئین کاری، دفتر فرنیچر اور آلات وغیرہ مدوں میں خرچ کی جائیگی۔ انہوں نے بتایاکہ محکمہ جاتی مویشی طبّی یونٹوں؍اداروں کیلئے ضروری فرنیچر، آلات، اشیاء، ادویہ وغیرہ کے مناسب بندوبست کو یقینی بنانے کیلئے ضلعی افسران سے مانگ مراسلہ(ڈیمانڈ لیٹر)طلب کیے گئے ہیں، جس کی بنیاد پر اضلاع کو رقم الاٹ کی جائیگی۔


ماہی پروری کیلئے آٹھ ہیچریوں کے قیام کیلئے ۴۸؍لاکھ روپئے الاٹ

لکھنؤ۔21جولائی(فکروخبر/ذرائع)اترپردیش حکومت نے قومی ترقیاتی اسکیم کے تحت ماہی پروری اور ترقی کیلئے آٹھ اضلاع میں ہر ضلع میں ایک۔ایک کراپ ہیچری قائم کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اس ہیچریوں کے قیام کیلئے ۴۸؍ لاکھ روپئے کی رقم الاٹ کی جا چکی ہے۔ یہ اطلاع وزیر ماہی ترقیات جناب اقبال محمود نے دی۔انہوں نے بتایاکہ آٹھ اضلاع میں آگرہ، لکھنؤ، قنوج، گونڈا، سنت کبیر نگر، سہارنپور، بریلی اور لکھیم پور کھیری میں کراپ فِش ہیچریاں قائم کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایاکہ مذکورہ سبھی ضلعوں میں ہر کسی کو ۶۔۶؍لاکھ روپئے کی رقم الاٹ کی گئی ہے۔ وزیر موصوف نے بتایا کہ لکھنؤ، لکھیم پور کھیری، رام پور، شاہ جہاں پور، مہاراج گنج، کشی نگر، غازی پور، اعظم گڑھ اضلاع کی ماہی پروری کی ۲۶؍ہیچریوں کی مستحکم کاری کیلئے ۲۵ء۲۹؍لاکھ روپئے کی رقم الاٹ کی جاچکی ہے۔


وزیراعلیٰ کو خط لکھ کر یاد کرائے گئے وعدے 

لکھنؤ ۔21جولائی(فکروخبر/ذرائع) اترپردیش کانگریس اقلیتی شعبہ نے اقلیتوں کے مسائل کے سلسلے میں وزیراعلیٰ کے ذریعے دو ماہ قبل کئے گئے وعدوں کو دوبارہ اٹھایا ہے۔ شعبہ کے چیئر مین حاجی سراج مہدی نے کہا کہ برسراقتدار سماجوادی پارٹی نے انتخابات میں اقلیتوں خاص کر مسلم طبقہ کیلئے ڈھیروں وعدے کئے تھے۔ لیکن حکومت کے تین برس گذر جانے کے بعد اب تک وعدے پورے نہیں ہوئے۔ پارٹی ہیڈ کوارٹر میں صحافیوں کو خطاب کرتے ہوئے مسٹر مہدی نے کہا کہ اپنے وعدے پورے کرنے کیلئے دو برس کا وقت ہے ۔ وزیراعلیٰ اپنے وعدے پورے کرنے کا ارادہ بنائیں گے۔ تو ریاستی عوام کو مایوس نہیں ہونا پڑے گا۔ مسٹر مہدی نے اپنے مکتوب میں اقلیتوں کو ریزرویشن ، اردو کو حقوق دینے ، محکموں میں اقلیتی افسران اور ملازمین کی تعیناتی کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ مسٹر مہدی نے اپنے مکتوب میں آئندہ اسمبلی انتخابات سے قبل ریاست میں ایک مرتبہ پھر فرقہ وارانہ ماحول خراب کرنے کا اندیشہ ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تقسیم کاری عناصر فرقہ پرستی پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں۔ا نہوں نے کہا کہ کیا بی جے پی کے آدتیہ ناتھ ، ساکشی مہاراج ، سادھوی نرنجن جیوتی جیسے لیڈروں کے نفرت آمیز تقریروں کاجواب ایس پی دے گی۔ مسٹر مہدی نے اقلیتی محکمہ پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ وزیر کے سبب محکمہ کی حالت ایسی ہے۔ جیسے دکھاوے کا کچھ اور کرنے کا کچھ اور ۔محکمہ میں تعینات سکریٹری شہری ترقیات ،آبی سپلائی سمیت دیگر محکموں کا کام دیکھ رہے ہیں جب کہ ان کی بائی پاس سرجری ہوچکی ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ کیا وزیراعلیٰ محکمہ میں مداخلت کرکے محکمہ کے مسائل کا تصفیہ کرسکیں گے۔ انہوں نے پبلک سروس کمیشن میں بدعنوانیوں کا الزام لگاتے ہوئے گذشتہ تین برسوں میں ہوئی بھرتیوں میں اقلیتوں کی بھرتی اور کل بھرتی پر قرطاس ابیض جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اسی کے ساتھ انہوں نے وزیراعلیٰ رہائش گاہ پر ہوئے روزہ افطار میں کابینی وزیر محمد اعظم خاں کی خاموشی پر بھی سوال کیا ہے۔ 

Share this post

Loading...