بھٹکل 05؍ ستمبر 2018(فکروخبر نیوز) یومِ اساتذہ کے موقع پر انجمن انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ مینجمنٹ کے سمینار ہال میں ایک خصوصی پروگرام منعقد کیا گیا جس میں اساتذہ کے ادب واحترام کے ساتھ انہیں روحانی باپ قرار دیتے ہوئے ان سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کی بات کہی گئی ۔ ڈاکٹر ادئی پرسنا نے طلباء کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ اپنے اساتذہ کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے ، انہیں کبھی بھولنا نہیں چاہیے۔ انہوں نے ایک مثال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آپ دنیا کے کسی کونے میں بھی جائیے اگر وہاں آپ کا شاگرد رہتا ہے تو وہ آپ سے بڑی محبتوں سے پیش آئے گا اور آپ سے ملاقات کے لیے بھاگتے ہوئے آپ کی خدمت میں حاضر ہوجائے گا۔پرنسپال جناب مشتاق احمد باوی کٹے نے کہا کہ میں نے کبھی یہ نہیں سوچا تھا کہ میں بھی ایک استاد کی حیثیت سے اپنی خدمات انجام دوں گا لیکن یہاں طلبا کی جانب سے ملنے والی محبتوں نے مجھے یہاں خدمت کرنے کا مواقع فراہم کیے۔
اس موقع پر کئی طلباء نے اساتذہ کے تعلق سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے استادوں سے مستفید ہونے پر زور دیا ۔ انہو ں نے کہا کہ عام طور پر یہ دیکھا جاتا ہے کہ اساتذہ کی جتنی قدر ہونی چاہیے اتنی نہیں ہوپاتی جس کی وجہ سے طلباء کو فائدہ اٹھانے کے مواقع نہیں مل پاتے ۔ ہم چاہے زمانۂ طالب علمی میں رہے یا یہاں سے پڑھ کر دنیا کے کسی بھی کونے میں پہنچ جائیں لیکن ہمیں اپنے اساتذہ کو کبھی نہیں بھولنا چاہیے۔ واضح رہے کہ پروگرام کا آغاز حافظ ایاز احمد سکری کی تلاوت سے ہوا ،پروگرام کی نظامت زریق ، اور جناب شریشیل نے بحسنِ خوبی انجام دی۔ اس موقع پر ڈاکٹر ادئی پرسنا کو ان کی طویل خدمات پر اعزاز بھی نوازا گیا۔
Share this post
