بھٹکل 30 دسمبر 2023(فکرو خبر نیوز) اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر میں منعقدہ سہ ماہی کے ڈی پی میٹنگ میں وزیر انچارج ضلع اترا کنڑا منکال وئیدیا نے مختلف محکموں کا جائزہ لیا اور اسسٹنٹ کمشنر کو ضروری ہدایات بھی دیں۔ وزیر نے افسران کے ذریعہ ہورہی کوتاہیوں پر خبردار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو پریشانی ہوگئی تو پھر اسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ایک ولیج اکاؤنٹنٹ کے کمٹہ ٹرانسفر ہوئے چھ سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود چارج منتقل نہ کیے جانے اور اس پر اس کے خلاف کارروائی نہ کیے جانے پر وزیر نے تحصیلدار کو آڑے ہاتھوں لیا اور پوچھا کہ اس کے پیچھے کیا راز ہے۔ دستاویزات کی ضرورت پڑنے پر دستاویزات فراہم کرنے کمٹہ سے بھٹکل آنے کی وجہ پوچھیں جس پر تحصیلدار نے کہا کہ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر کو میں نے لکھا لیکن ان کی طرف سے کوئی جواب نہیں ملا، وزیر اس جواب سے مطمئن نہیں لگے اور اسسٹنٹ کمشنر کو ہدایت دی کہ ولیج اکاؤنٹنٹ کو فوری طور پر معطل کیا جائے اور تحصیلدار کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔ وزیر نے گزشتہ میٹنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ میں نے بتایا تھا کہ اگر کوئی اپنا چارچ منتقل نہ کرے تو اس کے خلاف کارروائی کی جانی چاہیے لیکن اس بات کا بھی کوئی اثر نہیں ہوا۔
وزیر نے تعلقہ اسپتال سمیت دیگر کے تعلق سے بھی استفسار کیا اور اس کا اظہار کیا کہ ہم عوام کے لیے منتخب کیے گیے ہیں اور عوامی کام میں انہیں کسی بھی طرح کی پریشانی نہیں ہونی چاہیے۔
Share this post
