وائیناڈ متاثرین سے اظہار ہمدردی : سو گھر تعمیر کرے گی کرناٹک حکومت

بنگلور 03 اگست 2024 : وائناڈ میں لینڈ سلائیڈنگ کے بعد ہوئی تباہی سے پریشان حال لوگوں کے ساتھ کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا نے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے بڑا اعلان کیا ہے۔
 آج 3 اگست کو انہوں نے ایک ٹویٹ کے ذریعہ بتایا کہ ریاستی حکومت وایناڈ میں لینڈ سلائیڈنگ کے متاثرین کے لیے 100 مکانات کی تعمیر کرے گی۔ 
ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں سدارامیا نے 30 جولائی کو ہونے والے المناک لینڈ سلائیڈنگ کے بعد کیرالہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ 
انہوں نے کہا کہ  میں نے وزیر اعلیٰ پنرائی وجاین  کو ہماری حمایت کا یقین دلایا ہے اور اعلان کیا ہے کہ کرناٹک متاثرین کے لیے 100 مکانات تعمیر کرے گا۔ ساتھ مل کر ہم دوبارہ اسے تعمیر کریں گے۔
سدارامیا نے یہ اعلان کانگریس کے رہنما راہل گاندھی کے وعدہ کے ایک دن بعد کیا جس میں راہل گاندھی نے کہا تھا کہ پارٹی وائیناڈ میں متاثرین کے لیے سو سے زیادہ مکانات تعمیر کرے گی۔ وائیناڈ کے سابق ایم پی نے جو بچاؤ کاموں کی نگرانی کر رہے ہیں کہا کہ موجودہ توجہ لاشوں کی تلاش، لاپتہ افراد کی تلاش اور زندہ بچ جانے والوں کی بازآبادکاری پر ہونی چاہیے۔ 
راہل گاندھی نے اپنی بہن پرینکا گاندھی کے ساتھ یکم اگست کو وائناڈ کا دورہ کیا۔ اپنے دورے کے دوران انہوں نے ریلیف کیمپوں کا معائنہ کیا اور متاثرہ علاقوں کا سروے کیا۔ لینڈ سلائیڈنگ سے ہونے والے جانی اور مالی نقصان کا جائزہ لینے کے لیے مقامی حکام کے ساتھ ایک میٹنگ بھی کی۔
پرینکا گاندھی ضمنی انتخابات کے دوران کیرالہ کی وائناڈ لوک سبھا سیٹ سے انتخاب لڑیں گی کیونکہ راہل نے اتر پردیش میں رائے بریلی سیٹ کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 
واضح رہے کہ اس حادثہ میں دو سو سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

Share this post

Loading...