وزیر اعظم نریندر مودی کی آبائی ریاست گجرات میں منگل کی رات پھر سے فساد بھڑک اٹھا(مزید اہم ترین خبریں )

لیکن اتوار کو ہوئے فساد میں فسادیوں نے ان کا آشیانہ خاکستر کر دیا ۔ محنت مزدوری کر کے گزر بسرکرنے والے یہ لوگ اب سڑک پر آ گئے ہیں۔ کیسے شروع ہوا تنازعہ بھاسکر ڈاٹ کام نے خبر دی ہے کہ فتح پورا میں کچھ شرپسند عناصر نے مبینہ طور پر ایک مندر میں رکھی مورتی کو نقصان پہنچایا۔ اتوار کی رات جیسے ہی یہ بات دوسرے فرقہ کے لوگوں پتہ لگی، تو علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔ دونوں فرقوں کے لوگ سڑکوں پر اتر آئے اور جم کر توڑ پھوڑ کی۔ ایک کمیونٹی کی طرف سے پتھر بازی کئے جانے کے بعد پولیس نے صورتحال کو کنٹرول میں لینے کے لئے آنسو گیس کے گولے چھوڑے۔ -وزیر اعظم نریندر مودی آبائی ریاست گجرات کے شہر وڈودرا کے فاتح پورا علاقے میں منگل کی رات پھر سے فساد بھڑک اٹھا۔ فسادیوں نے دیر رات پتھراؤ کیا اور کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچایا۔ پولیس نے گزشتہ رات پانچ لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی گرفتار شرپسندوں کی تعداد 16 ہو گئی ہے علاقے میں کشیدگی برقرار ہے اور پورے علاقے میں بڑی تعداد میں پولیس والوں کو تعینات کر دیا گیا ہے۔جوائنٹ پولیس کمشنر ڈی جی پٹیل نے بدھ کو صحافیوں سے بات چیت میں کہا، "فاتح پورا علاقے میں بھاری پولیس فورس تعینات ہونے کے باوجود بھی پتھراؤ کیسے شروع ہو گیا، اس کی جانچ کی جا رہی ہے۔ فی الحال، اتنا ہی پتہ چل سکا ہے کہ رات کے تقریبا 2۔30 بجے کے قریب بھاڈواڑا-مارواڑي محلے کے کچھ لوگ چھپ کر پتھراؤ کر رہے تھے۔ انہوں نے پولیس اہلکاروں اور ان کے گاڑیوں کو بھی نشانہ بنایا۔ "


پاکستان پر حملے سے دریغ نہیں کریں گے

برما کا روائی پاکستان سمیت تمام ممالک کے لئے واضح پیغام 

نئی دہلی۔10جون(فکروخبر/ذرائع)بھارت نے خبردار کیا ہے کہ برما میں فوجی کارروائی میں پاکستان کے لئے واضح پیغام ہے کہ اگر ہمیں خطرہ محسوس ہوا تو وہاں بھی حملے سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق نئی دہلی میں مرکزی وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات کا اپنے ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ میانمار (برما) کی سرحد کے اندر گھس کر علیحدگی پسندوں کے خلاف کارروائی وزیراعظم نریندر مودی کے حکم پر کی گئی، کارروائی پاکستان سمیت ان تمام ممالک کے لئے واضح پیغام ہے جہاں بھارت مخالف نظریات کے لوگ بستے ہیں۔ وزیر کا کہنا تھا کہ ایک دہشت گرد صرف دہشت گرد ہوتا ہے اس کی کوئی دوسری شناخت نہیں ہوتی، پاکستان سمیت ان تمام مخالف کے خلاف کارروائی کر سکتے ہیں جو بھارت کے خلاف دہشت گردی کو فروغ دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت پر حملہ کسی صورت برداشت نہیں کریں گے اور جہاں سے بھی خطرہ ہوا تو جارحانہ کارروائی میں پہل کریں گے۔واضح رہے کہ بھارتی فورسز اور نیشنل شوسلسٹ پارٹی آف ناگا لینڈ ناگا لینڈ کے علیحدگی پسندوں کے درمیان بھارت اور برما کی سرحد پر گھمسان کی جھڑپیں ہوئی تھیں جس میں بھارتی حکام کی جانب سے متعدد علیحدگی پسندوں کو ہلاک کرنے اور ان کے ٹھکانے تباہ کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔


سرحد پار تربیتی مراکزکشمیر میں امن کیلئے شدید خطرہ ۔۔۔راجناتھ سنگھ 

نئی دہلی ۔10جون (فکروخبر/ذرائع )مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج اعلان کیا کہ پاکستان کوداوؤھ ابرہیم سمیت تمام مطلوب افرادبھارت کے حوالے کرنا ہی ہونگے اور اس سلسلے میں یہ معاملہ مذاکرات کے دوران بھی پاکستان کیساتھ اٹھایا گیا ہے ۔ مرکزی وزیر داخلہ نے خبردار کیا کہ بھارت میں دہشت گردی ناقابل برداشت ہے اور ملک کی سرحدوں کیساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا ۔یو این این کے مطابق مرکزی وزیر داخلہ نے آج صاف کر دیا کہ داودھ ابرہیم سمیت تمام انتہائی مطلوب افراد کی حوالگی کے معاملے پر کوئی یکطرفہ رعایت نہیں دی جا سکتی ہے اور جو کوئی بھی بھارت کو مطلوب ہے اور جس کی سازش کی وجہ سے بھی بھارت میں انسانی حقوق پامال ہوئے ہوں یا پھر بے گناہ افراد کا قتل ہوا ہے ۔ان معاملات پر سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا ۔انہوں نے کہاکہ ملک میں دہشت گردی کا خطرہ برقرار ہے اور پاکستان کی سرزمین سے جب تک دہشت گردی کا ڈھانچہ ختم نہیں ہوگا تب تک اس سلسلے میں کوئی یقین دہانی نہیں دی جاسکتی ہے کہ بھارت کی سرزمین پر دہشت گردی نہیں ہوسکتی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ بی جے حکومت ملی ٹینسی کیساتھ دہشت گردی کو ہر سطح پر کچل دینے کا عزم رکھتی ہے اور ملک دشمنوں کیخلاف بھی سخت کاروائی عمل میں لائی جائیگی ۔انہوں نے کہاکہ جہاں جہاں بھی بغاوت سر اٹھائے گی وہاں اس کیخلاف کاروائی ہوگی کیونکہ ملک کی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا ۔الفا نیوز سروس کے مطابق مرکزی وزیر داخلہ نے سرحد پار سے دراندازی کے معاملے پر بھی کہاکہ پاکستان خود بھی دہشت گردی کی وجہ سے اب مشترکہ طور پر کاروائی کرنے پر آمادہ ہے لیکن اس کے باوجود پاکستان کو صحیح معنوں میں دہشت گردی کیخلاف جٹ جانا ہوگا انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کو کسی بھی شکل میں تسلیم نہیں کیا جا سکتا ہے اور جس شکل میں بھی دہشت گردی ابھرے گی اس کو کچل دینا ہی بہتر ہے اور ملکی مفاد میں ہے ۔ مرکزی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے پاکستان کو اپنی سرزمین سے دہشت گردی کاخاتمہ کرنا ہی ہوگا ۔ راج ناتھ سنگھ نے مزید کہا کہ دہشت گردی ناقابل برداشت ہے اور اس کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائیگا ۔انہوں نے کہاکہ پڑوسی ملک میں بھارت کو مطلوب افراد چھپے بیٹھے ہیں لہذا پاکستان کو اخلاقی ذمہ داری کا مظاہرہ کرکے ان افراد کو بھارت کے حوالے کرنا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ ان افراد پر لگائے گئے الزامات کی ٹرائل بھارت میں ہی غیر جانبداری سے چلائی جا سکتی ہے انہوں نے کہاکہ مطلوب افراد کی فہرست پہلے ہی پاکستان کو حوالے کر دی گئی ہے اور ذکی الرحمان لکھوی بھی ممبئی حملوں میں بھارت کو مطلوب ہے لہذا اس کی حوالگی بھی ناگزیر بن گئی ہے ۔ اس دوران مرکزی وزیر داخلہ نے صاف کر دیا ہے کہ دہشت گردی کے حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا ہے ۔


ستمبر کے مہینے میں شہاب ثاقب زمین سے ٹکرانے والے ہیں اور وہ تیزی کیساتھ زمین کی طرف بڑھ رہے ہیں

نئی دہلی ۔10جون (فکروخبر/ذرائع )دنیا کی تباہی سے متعلق نشاندہی کرنے والی اہم ترین شخصیات کا ماننا ہے کہ رواں سال ستمبر میں دیو ہیکل سائز کے شہاب ثاقب زمین سے ٹکرا جائیں گے جس سے دنیا تباہ اور کائنات سے زندگی کی کا وجود مٹ جائے گا۔دنیا بھر کی ویب سائٹس پر پیش گوئی کرنے والے جوتش اور دیگر ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ انتہائی بڑے سائز کے شہاب ثاقب زمین کی طرف بڑھ رہے ہیں اور رواں سال۲۲سے ۲۸ستمبرکے درمیان وہ زمین سے ٹکرا کر اسے تباہ کردیں گے جب کہ سیاستدان اسکے بارے میں جانتے ہیں لیکن وہ یہ بات عوام سے چھپا رہے ہیں۔ کچھ ماہرین اور بلاگر کا کہنا ہے کہ شہاب ثاقب کا زمین کی جانب تیزی سے بڑھنا سرن کے تحت ہونے والے تجربے لارج ہیڈن کولائیڈر کی وجہ سے ہے جب کہ سرکل میں بنا ہوا اس کا لوگو تباہی کی علامت ہے۔ایک برطانوی ویب سائٹ پر شائع ہونے والی خفیہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکا نے شہاب ثاقب کی اس تباہی سے بچنے کے لیے ’جیڈ ہیلم‘ کے نام سے ایک خفیہ فوجی آپریشن کا آغاز کردیا ہے جس میں ایک ہزار فوجی شریک ہیں جس کامقصد ان لوگوں کو مارنا ہے جو دنیا کو اس تباہی سے آگاہ کر رہے ہیں۔دوسری جانب ناسا کے سائنسدانوں نے اس پیش گوئی کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ تقریباً تمام ہی شہاب ثاقب زمین تک پہنچنے سے پہلے انتہائی گرم ماحولیاتی فرکشن کی وجہ سے تباہ ہوجائیں گے اور یہی وجہ ہے کہ عام طور پر شہاب ثاقب کی اکثریت اس گرمی کی وجہ سے جل جاتے ہیں اور زمین تک نہیں پہنچ پاتے۔ ناسا کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس وقت کوئی بھی شہاب ثاقب ایسا نہیں جو زمین سے ٹکرانے والے راستے پر محو سفر ہو بلکہ کہا جا سکتا ہے کہ آنے والے سینکڑوں سال تک کوئی بھی شہاب ثاقب زمین سے نہیں ٹکرائے گا۔ تاہم سائنسدانوں نے اس پیش گوئی کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہاب ثاقب زمین سے ٹکرانے سے قبل ہی تباہ ہوجائیں گے۔


نوجوان ،ماہ رمضان احساس ذمہ داری اورمتانت کے ساتھ گزاریں

ان کا کوئی عمل خود کے یا دوسروں کے آزار کا باعث نہ بنے۔۔صدر جمعیۃ علماء مدھیہ پردیش

بھوپال۱۰؍ جون(فکروخبر/ذرائع )مدھیہ پردیش جمعیۃ علماء کے صدرحاجی محمد ہارون ایڈوکیٹ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے،جو مسلمانوں کے لئے عبادت ،ریاضت اوراحساس ذمہ داری کا پیغام لیکر آتا ہے۔اس ماہ پر بہارمیں مسلمانوں کی مشغولیت نیک اعمال میں بڑھ جاتی ہے۔یہ ماہ تمام اہل اسلام کے لئے خیروبرکت کا باعث ہو،اس کی اہم دعاء وتمنا کرتے ہیں اوراس کی آمد پر تمام مسلمانوں کی خدمت میں مبارکباد پیش کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ رمضان لمبارک جہاں ہر مسلمان کے لئے مژدہ ،جانفرا لیکر آتا ہے۔وہیں اسلام کے ماننے والوں پر بعض اضافی ذمہ داریاں بھی عائد کرتاہے۔وہ دن میں روزہ رکھیں ،منکرات وفواحشات سے باز رہیں،رات کو عبادت وآرام میں گزاریں،غریبوں اورکمزوروں کی خبرگیری کریں۔اپنے معاملات ،اخلاق اوررویہ کو ایسا بنائیں جو دوسروں خاص طورپربرادران وطن کے لئے باعث تکلیف نہ ہوں ۔خداکا شکرہے کہ عام مسلمان اپنے عمل سے اس کا لحاظ بھی رکھتے ہیں ،لیکن کچھ سال سے یہ دیکھنے میں آرہا ہے کہ بعض نوجوان رات کو اورعلی الصبح ایسے مشاغل میں مصروف ہوجاتے ہیں ،جن سے دین ودنیا کا کوئی فائدہ نہیں،اس کے بجائے دوسروں اوراپنوں کے لئے تکلیف ونقصان کا باعث بنتے ہیں۔اس ناخوشگوار رویہ اورعمل کاآغاز اس مرتبہ بھی شب برأت سے ہوگیا ہے۔اس متبرک رات کو بعض مسلم نوجوانوں نے سڑکوں پر بے تحاشا گاڑیاں دوڑاکر ،ان کے سائلنسر نکال کر کریہہ آواز پیداکرکے ،گاڑیوں پر اسٹنٹ (کرتب بازی)کا مظاہرہ کرکے اپنی جان جوکھم میں ڈالنے اوردوسروں کو ذہنی اذیت پہونچانے میں گزارا۔یہی اعمال اگر رمضان المبارک کی متبرک راتوں یا فجرکے بعد شہر کی سڑکوں خاص طورپر وی آئی پی روڈ پر دہرائے گئے تو وہ سبھی کے لئے یقیناًآزار کاباعث بنیں گے۔اوران سے جان ومال کو نقصان ہونے کا قوی اندیشہ ہے۔اللہ تعالی سبھی کی حفاظت فرمائے۔
اس ناگوار صورت حال سے پیداہونے والے نقصانات کا ضلع انتظامیہ اورپولس کو بھی احساس ہے اوراس کی روک تھام کے لئے وہ فکرمند ہیں۔جس کا اظہار بھوپال کے ممتاز شہریوں پرمشتمل ’’امن کمیٹی‘‘کی حالیہ میٹنگ میں کیاگیا۔
لہذا ہمارے نوجوان کے سرپرستوں اورخود نوجوانوں سے گزارش ہے کہ وہ ماہ رمضان کے شب وروز کو نہایت احتیاط سے گزاریں ۔تاکہ خود ان کے لئے اوردوسرے شہریوں کے لئے کسی طرح کی تکلیف کا باعث نہ بنیں ۔سرپرستوں سے گزارش ہے کہ وہ اپنے بچوں کو مذکورہ حرکتوں سے روکیں اورمساجد کے ائمہ حضرات سے بھی درخواست ہے کہ وہ جمعہ کے خطبہ میں یا اس سے پہلے نوجوانوں اوران کے والدین کوفہمائش کریں کہ وہ ذمہ دارمسلمان اوراچھے شہری کی طرح رمضان المبارک کے شب وروز کو احتیاط اورسنجیدگی کے ساتھ گزاریں۔نیز اپنے عمل سے کسی کو شکایت کا موقع ہرگزنہ دیں۔

Share this post

Loading...