بھٹکل25/ جون 2020(فکروخبرنیوز) اترکنڑا ضلع میں آج کورونا کے گیارہ نئے معاملات سامنے آئے ہیں۔ بڑھتی تعداد کو دیکھتے ہوئے جہاں عوام تشویش کا اظہار کررہی ہے وہیں اس بات کو لے کر بھی تشویش پائی جارہی ہے کہ روز بروز کورونا کے معاملات سامنے آنے کے باوجود عوام میں کورونا کے تعلق سے وہ بیداری نہیں ہے جو لاک ڈاؤن میں دیکھی گئی ۔ جمعرات کے روز ضلع میں کل گیارہ افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے جس میں منڈگوڈ کے دو مرد اور ایک سولہ سالہ لڑکی، ہوناور کا ایک شخص، جوئیڈا کا ایک، ہلیال سے دو،سرسی سے ایک، ڈانڈیلی سے ایک اور یلاپور کا تین سالہ بچہ بھی شامل ہے۔
دوسری جانب یہ خبر سامنے آئی ہے کہ کویت سے منگلور پہنچنے والے نوجوان کی رپورٹ کے منفی بتانے پر اسے گھر جانے کی اجازت دی گئی ۔ اسی بناء پر وہ اپنے گھر یلاپور کے لئے دیگر دو افراد کے ساتھ روانہ ہوا۔ جیسے ہی وہ بیندور سے آگے بڑھا اس کے موبائل پر ایک پیغام موصول ہوا جس میں کہا گیا کہ وہ فوراً قریبی تعلقہ اسپتال میں رپورٹ کرے کیونکہ اس کی کورونا رپورٹ منفی نہیں مثبت آئی ہے۔ نوجوان بھٹکل پہنچتے ہی یہاں کے سرکاری اسپتال پہنچا جہاں اسے آئسولیشن میں رکھا گیا ہے۔ لڑکے کے تعلق سے یہ بات سامنے آرہی ہے کہ اس کا سسرال یہاں کے مدینہ کالونی میں ہے۔
Share this post
