کاروار 07/ اگست 2019(فکروخبر نیوز) اترا کنڑا میں گذشتہ تین روز سے جاری موسلادھار کی وجہ سے ضلع کے کئی مقامات زیر آب آگئے ہیں اور نظامِ زندگی پوری طرح درہم برہم ہوگیا ہے۔ تین روز سے بجلی نہیں ہے، سڑکیں بند ہیں اور لوگ محفوظ مقامات پر منتقل ہورہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق گذشتہ تین سالوں کے بعد اس طرح کی صورتحال بارش کی وجہ سے پیدا ہوگئی ہے۔ ندی نالے بھر کر پانی نے رہائشی علاقو ں کا رخ کرنے کی وجہ سے کھیتیاں ڈوب گئیں ہیں اور کئی سو ایکڑ زمین پر بنی فصل تباہ ہوگئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر حالات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
ہوناور میں 15، کمٹہ میں 3، کاروار میں 16، انکولہ میں 12، ہلیال میں 1، منڈگوڈ میں 2 اور یلاپور میں 1 سمیت پورے ضلع میں 50 کیمپ لگائے گئے ہیں جہاں 85خاندانوں کے 1886افراد مقیم ہیں۔ رہائشی علاقوں میں پانی گھس آنے سے 5696ایکڑ اراضی پر مشتمل فصلیں تباہ ہوگئیں ہیں۔
کدرا ڈیم، اگناشنی ندی، کالی ندی اور گنگاولی ندی بھرنے کی وجہ سے پانی رہائشی علاقوں میں داخل ہوگیا ہے۔ لوگ محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کے لیے چھوٹی کشتیوں کا استعمال کررہے ہیں، گاڑیاں پوری طرح پانی میں ڈوب چکی ہیں۔ لوگ پہاڑوں کی چوٹیوں پر رات گذارنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ انکولہ اور کمٹہ تعلقوں کے ان علاقوں میں صورتحال ناقابلِ بیان ہے۔
تین روز سے بجلی نہیں : یلاپور، کدرا اور دیگر علاقو ں میں ہورہی مسلسل بارش کی وجہ سے گذشتہ تین روز سے بجلی کا نظام پوری طرح متأثر ہوگیا ہے۔ سڑکوں پر پانی بھرنے سے درخت اکھڑ کر بجلی کے تاروں پر گرگئے ہیں جس سے بجلی کا نظام پوری طرح درہم برہم ہوگیا ہے۔
زہریلی جانور مکانوں میں داخل : جنگلاتی علاقوں میں بھی پانی بھرنے سے زہریلی جانوروں میں رہائشی علاقوں کا رخ اختیار کرلیا ہے۔ کئی علاقوں میں سانپ دیکھے گئے ہیں۔ مقامی لوگوں کے مطابق سانپ کے گھروں میں بھی گھس آنے سے دوبارہ گھروں کو لوٹنا دشوار ہوگیا ہے۔
Share this post
