بنگلورو 28 ستمبر2022(فکروخبرنیوز/ذرائع) کرناٹک قانون ساز اسمبلی میں ڈپٹی لیڈر اور کانگریس ایم ایل اے یو ٹی قادر نے بدھ کو کہا کہ آئین کے خلاف کام کرنے والی تمام تنظیموں کے خلاف کارروائی شروع کی جانی چاہئے۔
پاپولر فرنٹ آف انڈیا (PFI) پر لگائی گئی پابندی پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے سابق وزیر قادر نے کہا کہ ان تنظیموں یا افراد کے خلاف یکساں کارروائی ہونی چاہیے جو نفرت پھیلانے میں ملوث ہیں، معاشرے میں ایک برادری کو دوسرے کے خلاف کھڑا کررہے ہیں، ان پر حملے کر رہے ہیں۔
انہوں نے بالواسطہ طور پر ہندوتوا تنظیموں کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان تنظیموں سے اسی طرح نمٹا جانا چاہیے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کارروائی شروع کرنے میں کوئی امتیاز نہیں ہونا چاہیے۔ فرقہ وارانہ منافرت کے پس منظر میں قتل کے صرف ایک کیس کی جانچ قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کو سونپی گئی ہے۔
انہوں نے جنوبی کنیرا ضلع میں سلسلہ وار فرقہ وارانہ انتقامی قتل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ صرف ایک معاملے میں معاوضہ دیا گیا ہے۔ اس طرح کے معاملات سے نمٹنے میں کوئی امتیاز نہیں ہونا چاہئے۔ یوٹی قادر نے کہا کہ حکمران بی جے پی نے اپنے کارکن کے خاندان سے ملاقات کی لیکن اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے دو نوجوانوں کو بھی قتل کردیا گیا تھا۔
Share this post
