بھٹکل (11/فروری/2023(فکروخبر/ذرائع)اس وقت جب کہ ہر طرف رات میں مختلف کھیل مقابلوں کا انعققاد کیا جارہا ہے اس وقت عثمانیہ اسپورٹس اسوسی ایشن کی طرف سے مسابقہ قرات کی محفل سجاناان کے قرآن سے محبت کا ثبوت پیش کرتا ہے ۔ان خیالات کااظہار خطیب جامع مسجد بھٹکل و استاد تفسیر و حدیث جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا عبدالعلیم ندوی نے کل بروز جمعہ عثمانیہ اسپورٹس اسوسی ایشن کی طرف منعقدہ قرآت مسابقہ میں کیا۔
10فروری بروز جمعہ بعد نمازِ عشاء عثمانیہ اسپورٹس اسوسی ایشن کی جانب سے بھٹکل کے اسپورٹس سینٹروں کے مابین قرآت مسابقہ کی روحانی محفل کا انعقاد کیا گیا جس میں مساہمین نے عالمی شہرت یافتہ قراء کے انداز میں تلاوت کرتے ہوئے سامعین کو محظوظ کیا ، مسابقہ میں کل 24 ٹیموں نے حصہ لیاتھا، ایک ہفتہ قبل منعقد ہونے والے پہلے راونڈ میں ان میں سے 8 خوش قسمت مساہمین کا انتخاب عمل میں آیا ۔انھیں مساہمین کے درمیان آج بعد نمازِ عشاء مسابقہ ہوا جس میں اول مقام حسن ابن عبد العظیم قاضیا نے حاصل کیا ، دوم مقام پرحمدان ابن حشمت اللہ رکن الدین رہے جبکہ محمد اذہان ابن محمد اشرف تیسرے مقام پر فائزرہے ۔
واضح رہے کہ اول دوم سوم آنے والے کو 5 گرام 3 گرام اور 2 گرام سونے کی گنیاں بالترتیب انعام سے نوازا گیا۔جبکہ مسابقہ میں شریک سبھی کو خصوصی تشجیعی انعامات سے نوازا گیا ،
اس موقع پرراجستھان کے جئے پورسے تشریف لانے والے مشہور قاری جناب قاری محمد ہدایت اللہ صاحب نے اپنی مسحور کن آواز میں قرآن مجید کی تلاوت کرتے ہوئے اس روحانی فضا کو معطر کردیا
اس مسابقہ کے مہمانِ خصوصی مولا نا خالد صاحب غازی پوری ندوی (استاد حدیث دار العلوم ندوۃ العلماء لکھنو ) نے اعجاز قرآن مجید اور ترتیبِ قرآن مجید کے حوالے سے حیرت انگیز نکات حاضرین کے سامنے رکھتے ہوئے لوگوں کو تلاوت قرآن مجید پرابھارا
بتادیں کہ حکم کے فرائض مہمان خصوصی جناب قاری محمد ہدایت اللہ صاحب (جے پور) اور جناب قاری رضا کریم صاحب(منگلور) اوربھٹکل کے نوجوان عالمِ دین حافظ مولانا محمد سعود شینگیٹی نے انجام دئے۔مولوی سلمان کولا ندوی نے نظامت کے فرائض انجام دئے ،اورمولانا حسن غانم اکرمی ندوی نے حاضرین کااستقبال کرتے ہوئے جلسہ کی غرض وغایت بیان کی ۔
اس موقع پر اسٹیج پر مولانا الیاس جاکٹی ندوی ، مہتمم جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا مقبول کوبٹے ندوی ، مولانا عمیر خلیفہ ندوی ، پرنسپل انجمن پی یو کالج جناب یوسف کولا ، جناب عتیق الرحمن منیری،جناب صادق پلور،مولانا طلحہ رکن الدین وغیرہ موجود تھے ،جبکہ جلسہ میں شہر بھر سے لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کرتے ہوئے قرآن کریم سے اپنا دلی لگاو کا ثبوت پیش کیا ، یہ پروگرام فکروخبرٹی وی پر براہ راست نشر کیا گیا تھا
اس پروگرام کو آپ یوٹیوب پر دیکھ سکتے ہیں
Share this post
