منگلورو 09؍ مارچ 2019(فکروخبر نیوز) کہتے ہیں کہ قانون کے ہاتھ لمبے ہوتے ہیں اور ملزم پولیس سے بھاگنے کی جتنی بھی کوششیں کریں لیکن پولیس اسے ڈھونڈ نکال ہی دیتی ہے۔ ایسا ہی ایک واقعہ منگلور میں پیش آیاجہاں سٹی پولیس نے انتالیس سال بعد اقدامِ قتل کے ملزم کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ ملزم کی شناخت اویل ڈیسوزا(56) کی حیثیت سے کرلی گئی ہے۔
ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق اویل ڈیسوزا پر اڈامکدرو میں غیر قانونی طور پر شراب لے جانے کا الزام تھا او راس سلسلہ میں گنیش نامی شخص نے منگلور دیہی پولیس تھانہ میں معاملہ درج کرلیا تھااور اس کے بعد اویل نے گنیش پر جان لیوا حملہ کرنے کی کوشش کی تھی۔ جب پولیس ملزم کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کررہی تھی تو اس دوران وہ پولیس کے چنگل سے فرار ہونے میں کامیاب رہا تھا اور بیرونِ ملک چلاگیا تھا۔بتایا جارہا ہے کہ اس نے الال میں ایک گھر تعمیر کیا ہے اور بیرون سے لوٹنے کے بعد وہ وہیں مقیم ہے۔پولیس تھانہ میں درج پرانے معاملات کی تفتیش کے دوران مذکورہ شخص کا بھی معاملہ دریافت کیا گیا جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا ہے۔
Share this post
