بنگلورو یکم مارچ2022(فکروخبرنیوز) وزیر اعلی بسواراج بومائی نے منگل کی صبح یوکرین کے خرکیف میں ہلاک ہونے والے ہندوستانی طالب علم نوین شیکرپا کی موت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
نوین کا تعلق کرناٹک کے ہاویری سے ہے، اور وہ یوکرین اور روس کے درمیان جاری جنگ میں آج صبح ہلاک ہوگیا تھا۔
چیف منسٹر نے نوین کے والد شیکھر گوڑا کو فون کرکے تسلی دی۔ وزیر اعلیٰ نے نوین کی میت کو ہندوستان واپس لانے کے لیے خاندان کو ہر طرح کے تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت اس معاملے پر وزارت خارجہ سے رابطہ میں ہے۔
منگل کی صبح اپنے بیٹے کی آخری فون کال کا ذکر کرتے ہوئے شیکھر گوڑا نے جذباتی ہوکر کہا کہ نوین اسے دن میں کم از کم دو یا تین بار فون کرتا تھا۔
نوین گزشتہ 4 سال سے یوکرین میں زیر تعلیم تھا۔ خاندانی ذرائع کے مطابق سانحہ اس وقت پیش آیا جب وہ ضروری اشیاء خریدنے کے لیے باہر گیا ہوا تھا۔
Share this post
