اترکنڑا ڈپٹی کمشنر کا بھٹکل دورہ : کہا ، کورونا کے معاملات قابو میں ، بھٹکل کو کورونا ٹیکہ کاری میں دی گئی ترجیح

بھٹکل09؍جون 2021(فکروخبرنیوز) اتراکنڑا کے ڈپٹی کمشنرملائی مہیلن نے آج بھٹکل کا دورہ کرتے ہوئے کورونا اور مانسون کی آمد کے پیشِ نظر حالات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے افسران کے ساتھ تبادلۂ خیال کے بعد اخبار نویسیوں کو بتایا کہ بھٹکل کو کرونا ٹیکہ کاری میں ترجیح دی گئی ہے۔ یہ بڑی خوش آئند بات ہے کہ یہاں کورونا ٹیکہ کاری کے متعلق بیداری پیدا ہوگئی ہے اور لوگ ٹیکہ لے آ رہے ہیں جبکہ یہاں اس سے قبل حالات اس طرح نہیں تھے ، اب ٹیکہ کاری کے مراکز میں بھی اضافہ کیا ہے اور جیسے جیسے ٹیکے ہمیں دستیاب ہوں گے فوری طور پر عوام کے لیے مہیا کرائے جائیں گے۔

مانسون کی آمد کے پیشِ نظر کئے جانے والے اقدامات کے پس منظر میں ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اس کے لیے تیاری کرلی گئی ہیں۔ کسی بھی قسم کی پریشانی کے فوری حل کے لیے ایک نظام بھی ترتیب دیا گیا ہے۔ درخت گرنے، بجلی کے کھمبوں کو نقصان پہنچنے اور اس طرح کے دیگر مسائل کے حل کے لیے نظم بنایا گیا ہے۔

کورونا کے موجودہ حالات پر بات کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع  میں کورونا کے معاملات قابو میں ہیں۔ لاک ڈاؤن کے نفاذ کے بعد تو بہت سارے لوگ اپنے اپنے گھروں کو لوٹنے لگے جن میں بڑی تعداد دیہات میں بسنے والوں کی تھی۔ اسی وقت ضلعی انتظامیہ کی طرف سے کچھ اہم فیصلے لیے گئے اور گھر گھر جانچ شروع کی گئی۔ جس سے کورونا کی بیماری کا پتہ چلتے ہی اس کا علاج شروع کیا گیا۔ ضلع کے 1843 دیہات میں سے 657 دیہات کوونا سے متأثر ہیں لیکن اب حالات قابو میں ہیں اور مثبت معاملات میں کمی آرہی ہے۔ اس سلسلہ میں ضلع پنچایت سی ای او کی کوششیں قابلِ ستائش ہیں۔

Share this post

Loading...