اڈپی: 10؍ جولائی 2023 (فکروخبرنیوز) مسلسل بارش کی وجہ سے اڈپی کے سنتھے کٹے علاقہ میں انڈر پاس کے اوپر بنی سرویس روڈ تیز پانی کے بہاؤ میں بہہ گئی۔ تصویریں سامنے آنے کے بعد ٹھیکہ داروں اور متعلقہ کمپنی پر لوگوں نے شدید ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ لوگوں کا الزام تھا کہ نیشنل ہائے وے 66 کے ادھورے کام کی سچائی اب سامنے آنے لگی ہے۔ مکینوں کا دعویٰ ہے کہ کام ادھورا ہونے سے عوام کو بہت سی مشکلات کا سامنا ہے۔
خبروں کے مطابق 16 جنوری کو شروع ہونے والے انڈر پاس کا کام نہایت سست رفتاری سے جاری تھا اور انڈر پاس کے لیے لگائے گئے بیریکیڈ پر مٹی گرنے سے کام بری حد تک متأثر رہا۔ ذرائع کے مطابق مٹی کے تودے گرنے سے NH 66 کی سروس روڈ کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
سنتھے کٹے اور نیام پلی کے رہائشیوں سمیت علاقہ کے 300 سے زائد خاندانوں کے لیے آمدوروفت کا مسئلہ سنگین ہوگیا ہے۔
خیال رہے کہ ریاست کے مختلف مقامات پر نیشنل ہائے وے کے تعمیری کام میں سست رفتاری سمیت عوام غیرمعیاری کام کرائے جانے کا بھی الزام لگارہی ہے۔ مختلف علاقوں میں بارش کے بعد کمپنی کے بہتر معیار فراہم کرنے کے دعؤوں کی قلعی کھلتی نظر آرہی ہے۔ تازہ واقعہ میں اگر چہ کسی طرح کا جانی نقصان نہیں ہوا ہے لیکن غیر معیاری کام کی وجہ سے بارش کے دنوں میں کبھی بھی اور کہیں بھی کوئی انہونی پیش آسکتی ہے۔
Share this post
