بھٹکل سے نوے کلومیٹر کے فاصلہ پر تعمیر ہوچکا ہے ریاستِ کرناٹک کا پہلا تیرتا پل

اُڈپی07؍ مئی 2022(فکروخبرنیوز/ذرائع) بھٹکل سے قریب نوے کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ملپے ساحل مشہور سیاحتی مقامات میں سے ہیں۔ یہاں ملک وبیرونِ ملک سے بھی سیاح آکر لطف اٹھاتے ہیں۔ اب ضلعی انتظامیہ نے سیاحوں کی توجہ مرکوز کرانے کے لیے تیرتا پل تعمیر کیا ہے جس کا افتتاح اُڈپی کے ایم ایل اے رگھوپتی بھٹ نے 6 مئی بروز جمعہ کو کیا۔ یہ ریاست کا پہلا تیرتا پل بتایا جارہا ہے۔ اس پل پر چلنے کا لطف ہی کچھ اور ہے۔ لہروں کے اٹھان کی وجہ سے پل بھی ساتھ میں اٹھ جاتا ہے اور یوں سیاح اس سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے بھٹ نے کہا کہ ساحل جو پہلے ہی ملک کے مختلف حصوں اور بیرون ملک سے سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کر رہا ہے، تازہ ترین کشش کی وجہ سے مزید لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پرکشش مقامات کے علاوہ زائرین کو زیادہ سے زیادہ تحفظ فراہم کرنا بھی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاحوں کی حفاظت کے لیے 20 سے 25 لائف گارڈز بھی تعینات کیے جائیں گے اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دو واٹر کرافٹ بھی خریدے جائیں گے۔

پل کی کل لمبائی 100 میٹر ہے جبکہ چوڑائی 3.5 میٹر ہے۔ ابھی تک یہ پل آزمائشی بنیادوں پر 15 دن کے لیے کھلا رہے گا اور اگلے سال سیاحوں کے لیے دستیاب ہوگا۔ یہ پل تقریباً 80 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے۔

اُڈپی سی ایم سی صدر سمترا نائک، سابق وزیر پرمود مادھواراج اور دیگر موجود تھے۔

Share this post

Loading...