خواتین پر حملہ کرتے ہوئے دن دہاڑے پیش آئی چوری کی واردات

اڈپی  18؍ اگست 2019(فکروخبر نیوز)  دن دہاڑے لٹیروں کی جانب سے گھر میں موجود دو خواتین پر حملہ کرتے ہوئے قیمتی اشیاء لوٹ لئے جانے کی وارادات یہاں پیش آئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق سنیچر کے روز صبح قریب ساڑھے گیارہ بجے دو نقاب پوش فردوس کے گھر میں داخل ہوئے اور فردوس کے ساتھ ساتھ اس کی اسی سالہ ساس پر بھی حملہ کردیا جس سے وہ دونوں بے ہوش ہوگئیں۔ انہوں نے پہلے سونے اور دیگر قیمتی اشیاء کے بارے میں سوال کیا اور اس کے بعد ان دونوں پر حملہ کرکے وہاں سے فرار ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی فردوس کا شوہر اور اس کے بچے گھر پہنچ گئےاور دونوں کو بیہوشی کی حالت میں آدرشا اسپتال میں داخل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ دونوں کو گہری چوٹیں آئیں ہیں اور وہ پولیس کو صحیح طور تفصیلات بھی فراہم نہیں کرسکتی ہیں۔ پولیس نے جائے واردات کا معائنہ کرنے کے بعد تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ، پولیس کے مطابق کوئی گھر پر نظر رکھے ہوا تھا اور گھر میں مرد حضرات کی غیر موجودگی میں یہ منصوبہ بنایا گیا ہے۔ فردوس اور اس کے اہلِ خانہ نے اڈپی پولیس تھانہ میں معاملہ درج کرلیا ہے ، پولیس نے جائے واردات سے فنگر پرنٹس اور دیگر ثبوت اکٹھا کرلئے ہیں ۔ دن دہاڑے منظر عام پر آنے والی اس واردات پر مقامی لوگوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پولیس سے سخت کارروائی کرنے کی مانگ کی ہے۔

Share this post

Loading...