منگلورو میں ٹائر جلائے گئے
اڈپی /منگلورو 10؍ ستمبر 2018(فکروخبر نیوز) اڈپی شہر میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کے خلاف کانگریس پارٹی کی جانب سے بلائے گئے بند کے احتجاج کے دوران کانگریسیوں اور بی جے پی کارکنان کے درمیان ہاتھا پائی ہونے کی خبر موصول ہوئی ہے ۔ پولیس نے پہلے بیچ بچاؤ کی کوشش کی لیکن معاملہ کو سلجھنے کے بجائے مزید بگڑگیا تو پولیس اہلکاروں نے لاٹھی چارج کا سہارا لیا۔ کانگریس کے کارکنان نے الزام لگایا ہے کہ احتجاج کے دوران بی جے پی کے کارکنان گھس آئے اور ہنگامہ کھڑا کردیا۔ اس دوران پولیس نے انہیں روکنے کی بھی کوشش کی لیکن وہ انہو ں نے ان کی سنی ان سنی کردی اور کانگریس کے کارکنان کے ساتھ گالی گلوج اختیار کی جس کے بعد پولیس نے لاٹھی چارج کیا ۔ کانگریسیوں کا یہ بھی الزام ہے کہ پولیس نے کانگریس کے کارکنان پر بھی لاٹھی چارج کیا ہے جبکہ معاملہ بگاڑنے میں پورے طور پر بی جے پی کارکنان کا ہاتھ ہے۔پولیس نے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لیے پولیس نے دفعہ 144نافذ کردیا ہے۔ دوسری جانب منگلو رمیں احتجاجیوں نے ٹائر جلا کر اپنے غصہ کا اظہار کیا اور مودی حکومت کے خلاف جم کر نعرہ بازی کی۔ احتجاجیوں کا ماننا تھا کہ مودی حکومت اپنے وعدوں کو پورا کرنے کے بجائے لوگوں کو جھوٹے دلاسے دے رہی ہے اور پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عام آدمی کی پریشانی میں اضافہ کررہی ہے۔
Share this post
