ممبئی20؍ مارچ 2022(فکروخبرنیوز) ادارہ دعوۃ السنۃ ویلفیر ٹرسٹ مہاراشٹرا کے زیر اہتمام حج ہاؤس ممبئی میں کل بروز سنیچر منعقدہ چوبیسویں کل ہند حفظِ قرآن مسابقہ میں جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے طالب علم حافظ عبیدالرحمن ابن مولانا محمد امین رکن الدین نے دوم مقام حاصل کیا ہے۔
یاد رہے کہ ادارہ دعوۃ السنۃ ویلفیر ٹرسٹ مہاراشٹرا ہرسال کل ہند حفظِ قرآن مسابقہ کذشتہ پچیس سالوں سے منعقد کرتا آرہا ہے۔ سالِ گذشتہ کورونا کی وجہ سے چوبیسواں مسابقۂ حفظِ قرآن منعقد نہیں کیا جاسکا۔ امسال چوبیسواں اور پچیسواں کل ہند مسابقہ حفظِ قرآن منعقد کیا گیا۔
ذمہ دارانِ مسابقہ کی جانب سے فکروخبر کو دی گئی معلومات کے مطابق چوبیسویں مسابقۂ قرآن میں ہندوستان بھر سے چالیس مساہمین نے حصہ لیا جس میں اول مدرسہ حسین زکریا مسجد ڈھوائی نگر میرٹھ کے طالب علم محمد ثاقب بن قاری عاشق الٰہی ، دوم جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے طالب علم عبیدالرحمن ابن مولانا محمد امین رکن الدین ندوی اور سوم مدرسہ حسین زکریا مسجد ڈھوائی نگر میرٹھ کے طالب علم محمد ابوذر قاری عبدالمومن رہے۔ انہیں بالترتیب پچیس ہزار ، بیس ہزار اور پندرہ ہزار روپئے نقد اور ٹرافی انعام میں دی گئی۔
پچیسویں مسابقہ میں ہندوستان کی مختلف ریاستوں سے پچاس مساہمین تھے جن میں اول مقام محمد ابن رفاقت حسین مدسہ اسلامیہ جامع مسجد امروہہ ، دوم محمد زیر ابن عمر مدرسہ حسین زکریا مسجد ڈھوائی نگر میرٹھ اور سوم محمد نعیم قاری شبیر احمد مدرسہ اشرف العلوم دھوج ، فرید آباد نے حاصل کیے۔ ۔ انہیں بھی بالترتیب پچیس ہزار ، بیس ہزار اور پندرہ ہزار روپئے نقد اور ٹرافی انعام میں دی گئی۔
اس موقع پر اسٹیج پر ملک کی دینی اور سماجی شخصیات موجود تھیں جنہوں نے اپنے خیالات کے اظہار کے دوران مسلمانوں کو تعلیمی میدان میں آگے بڑھانے پر زور دیا اور مختلف حیثیتوں سے ان پر محنت کرتے ہوئے ان کی دینی اور فکری تربیت کرنے کی باتیں کہیں۔ اس دوران مہمانان نے کہا کہ قرآن مجید سے مسلمانوں کا رشتہ مضبوط کرنے کی ضرورت ہے جس میں جملہ مسائل کا حل موجود ہے۔ اسی قرآن کی وجہ سے پہلے لوگ سرخرو ہوئے اور آج بھی مسلم قوم دنیا میں سرخروئی چاہتی ہے تو قرآن سے انہیں اپنا رشتہ مضبوط کرنا ہوگا۔
فکروخبر بھٹکل حافظ عبیدالرحمن ابن مولانا محمد امین رکن الدین ندوی کی خدمت میں دلی مبارکباد پیش کرتا ہے۔
Share this post
