اب تک چھ افراد کی موت کی تصدیق ، نظامِ زندگی مفلوج
بیلگاوی 03؍ جون 2018(فکروخبر نیوز) بیلگاوی سمیت ریاست کے دیگر اضلاع میں بارش کی وجہ سے کل چھ لوگو ں کی موت واقع ہوگئی ہے۔ بیلگاوی اور اس کے مضافاتی علاقوں میں عام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔ سنیچر کی شام سے شروع ہونے والی اس بارش میں اب تک چھ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق یہاں ایک نوجوان کی موت پانی کے تیز بہاؤ کی زدآنے سے ہوگئی ۔جاں بیحق ہونے والے نوجوان کی شناخت عمران نداف (25) مقیم کوٹا باگی کی حیثیت سے کرلی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق مطابق عمران نداف اور اس کا بھائی امیر دونوں شہر سے بوتھا رامانا ہتی علاقہ کی جانب سے جارہے تھے۔ اس دوران بارش ہونے لگے۔ ایک درخت کے نیچے جاکر انہوں نے اپنی بائک روک لی۔ دیکھتے دیکھتے تیز بارش کی وجہ سے پانی کا تیز بہاؤ شروع ہوگیا اور عمران اس کی زد میں آنے سے اپنے بھائی سے بچھڑ گیا۔ اس کے بھائی امیر نے اسے بچانے کی بہت کوشش کی لیکن وہ کامیاب نہ ہوسکا۔ اس کی بائک پانچ سو میٹر کی دوری پر ملی ہے لیکن لاش کا کوئی پتہ نہیں۔ فائر بریگیڈ عملہ لاش کو تلاش میں مصروف ہے۔ اس کے علاوہ ریاست کے مختلف شہروں میں بارش کی وجہ سے ہلاکتیں ہوئیں ہیں جن کی شناخت شنکر ڈوڈوی ونو (30) مقیم کناکا پورا ، گورما (56) مقیم ناراینا پورا ، دیونا ہلی ،شنکر سنگھ مقیم امی گانورا ، بلاری ، ویکانا کونا ریڈی (47) کی حیثیت سے کرلی گئی ہے۔بنگلور و سے ملی اطلاعات کے مطابق جمعہ کی رات چمنا کیرے کے قریب آئی ٹی آئی لے آؤٹ میں ایک چہاردیواری گرنے سے ایک مزدور ہلاک اور تین شدید زخمی ہوگئے ہیں۔اس کے علاوہ منڈیا ، چترا درگہ اور میسور میں بھی بارش کی وجہ سے عام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔ کئی راستوں پر پانی بھرنے سے ٹرافک نظام متأثر رہاتو کہیں سڑکوں پر درخت گرنے سے ٹرافک نظام میں خلل واقع ہوا۔ گدگ میں بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے، پانی گھروں میں گھس آنے سے مکینوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا ۔
Share this post
