ٹیپو جینتی کے فیصلہ پر کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی، ہم لوگ جے ڈی ایس کو منانے کی کوشش کریں گے : ڈپٹی چیف منسٹر کرناٹکا

 

میسورو 20؍ اکتوبر 2018(فکروخبر نیوز) حضرت ٹیپو سلطان رحمۃ اللہ علیہ کی یومِ پیدائش منائے جانے کے مسئلہ پر ڈپٹی چیف منسٹر ڈاکٹر جی پرمیشورا نے کہا کہ سالِ گذشتہ کی طرح ٹیپو جینتی اس بار بھی منائی جائے گی۔ میسورو میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہو ں نے کہا کہ جے ڈی ایس اورکانگریس کے اتحادی حکومت میں سابق کانگریسی سرکارکے تمام فیصلوں پر تقریباً عمل ہورہا ہے۔اگر جے ڈی ایس اس سے اختلاف کرتی ہے تو ہم انہیں منانے کی کوشش کریں گے۔ میسور و کے ایم پرتاب سمہاس کی جانب سے کی گئی مخالفت پر ڈاکٹر جی پرمیشورا نے کہا کہ یہ بی جے پی کا ایک طریقہ ہے ٹیپو سلطان کی مخالفت کا ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ تاریخ ہمیں یہ بتاتی ہے کہ یہ ٹیپو سلطان سیکولر تھے۔ انہوں نے صرف سرینگیری مٹھ اور ننجن گڑھ مندر کی مدد کی تھی بلکہ کئی ایک ہندوؤں کو بھی انہوں نے اپنے خاص لوگوں میں شامل کیا تھا۔ واضح رہے کہ سابقہ حکومت کانگریس کی جانب سے حضرت ٹیپو سلطان رحمۃ اللہ علیہ کی یومِ پیدائش منائے جانے کے فیصلہ پر فرقہ پرست جماعتوں نے سخت مخالفت کی تھی اور انہوں نے انہیں ہندو مخالف کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کی تھی۔

Share this post

Loading...