تینگن گنڈی مسجد روڈ کی خستہ حالت کو دیکھ کر ناراض عوام نے خود ہی راستہ کی مرمت کرڈالی

بھٹکل ؍ 21؍ٖ اگست 2018(فکروخبر نیوز) کئی مرتبہ توجہ دلانے کے باوجود متعلقہ محکمہ کی جانب سے راستہ کی مرمت کا کام نہ کیے جانے سے ناراض عوام نے تینگن گنڈی مسجد روڈ کی خود ہی مرمت کرڈالی ۔ بارش کا موسم شروع ہونے سے قبل بھی متعلقہ ذمہ داروں کو اس کی طرف توجہ دلائی گئی تھی لیکن اس کے باوجود بھی مقامی لوگوں کی کوئی کوششیں کارگر ثابت نہ ہوسکیں۔ سڑک پر موجود گڈھے سواریوں کے لیے پریشان کررہے تھے جس کو دیکھتے ہوئے اس سے قبل متعلقہ پنچایت کی جانب سے مٹی لاکر اس کو بھرنے کی کوشش کی گئی اور ایک حد تک یہ کوشش کامیاب رہی ۔ کئی دنوں تک سواریوں کے لیے آسانی بھی رہی لیکن جیسے ہی موسلا دھار بارش کا سلسلہ شروع ہوا تو یہ سڑک گذرنے والوں کے لیے مزید پریشانیوں کا باعث بنی۔ سڑک کی خستہ حالی کا اندازہ اس سے لگایا جاسکتا ہے کہ ایک گڈے سے سواری کو بچانے کے لیے آگے بڑھیں تو دو تین گڈھوں میں سواری گرجاتی ہے ۔ اس سڑک سے لوگ مسجد جاتے ہیں رکشہ اور اسکولوں کی ٹیمپو بھی وہاں سے گذرتی ہیں لیکن خستہ حالی کے باوجود اس سڑک کا مرمتی کام نہیں ہورہا ہے۔ عید الأضحی کی دوگانہ ادا کرنے کے لیے کل یہاں سے کثیر تعداد میں سواریاں گذریں گی جس کو دیکھتے ہوئے ناراض مقامی لوگوں نے مل کر اس سڑک کی مرمت کی ۔ جہاں جہاں گڈھے تھے اس کو مٹی سے بھردیا ۔ کئی گھنٹوں کی مسلسل محنت کے بعد اب سڑک قابلِ استعمال ہوچکی ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ عارضی کام کے بعد چند ہی دنوں کے اندر سڑک اپنی پہلی حالت پر لوٹ آتی ہے۔ مقامی عوام نے متعلقہ ذمہ داروں سے جلد از جلد اس کی مرمت کا مطالبہ کیا ہے۔

Share this post

Loading...