مرکزی جماعت المسلمین تینگن گنڈی کی جانب سے  ہیبلے پنچایت انتخابات میں جیت حاصل کرنے والوں کی تہنہیت

بھٹکل 06؍ جنوری2021(فکروخبرنیوز) ہیبلے پنچایت انتخابات میں مرکزی جماعت المسلمین تینگن گنڈی کی حمایت سے جیت حاصل کرنے والے ممبران کی تہنیت کے لیے آج مسجد سیدنا ابراہیم جامعہ آباد کے احاطہ میں بعد عصر ایک مختصر پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں ممبران کی گلپوشی کی گئی۔ 
اس موقع مہتمم مدرسہ عربیہ تعلیم القرآن تینگن گنڈی مولانا محمد سعود صاحب ندوی نے اپنے خیالات کے اظہار کید وران ممبران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ دیگر علاقوں میں ممبران کے انتخاب کے لیے لاکھوں روپئے خرچ کرنے پڑتے ہیں لیکن ہمارے یہاں جماعت کے تعاون سے یہ ممبران جیت کرآئے ہیں اور امید ہے کہ جماعت نے جن مقاصد کے تحت ان کا انتخاب کیا تھا اس پر وہ کھرے اتریں گے۔ انہوں نے کہا کہ انسان کو  مذہب سے اوپر اٹھ کر خدمت کرنے لیے آگے آنا چاہیے۔ اسے معاشرہ میں ہر طرح کے طبقہ کے لوگوں سے واسطہ پڑتا ہے اور انسانیت کا تقاضہ ہے کہ وہ ایک دوسرے کی مدد کریں۔ انہوں نے ممبران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس بات کو ہمیشہ مدنظر رکھیں کہ جنہوں نے ہمیں جتایا ہے ان کے مسائل معلوم کرکے انہیں حل کرنے کی کوشش کی جائے۔ 
جناب مادیوا نائک نے کہا کہ مرکزی جماعت نے جامعہ وارڈ سے میرا انتخاب کرکے مجھ پر بڑا احسان کیاہے جس کو میں پانچ سال میں پورا نہیں کرسکتا۔ انہو ں نے ذمہ داران اور پوری جماعت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جس وقت ہم چین کی نیند سورہے تھے اس وقت جماعت کے ذمہ داران ہماری جیت کو لے کر بڑے فکر مند تھے۔ مخالفتوں کے باوجود انہوں نے میرا انتخاب کیا اور میں اب جیت کر آچکا ہے۔ ہمیں مسائل کو دیکھتے ہوئے انہیں حل کرنے کے لیے کوششیں کرنی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح ہم یہاں اس خوشی کے موقع پر جمع ہوئے ہیں اسی طرح ہم اپنے مسائل کے حل کے لیے بھی جمع ہوں۔ 
سابق صدر پنچایت جناب پنڈلک ہیبلے نے کہا کہ پنچایت کا کام عوام کے تعاون کے بغیر نہیں ہوسکتا۔ سب سے پہلے عوام کو متفکر ہونا چاہیے کہ ہمارا کام ہونا ہے اور اس کے بعد اس طرف پنچایت ممبران کی توجہ مبذول کرائے اور اس کو حل کرنے کے لیے کوشش کریں۔ انہوں نے پنچایت میں کام کے دوران پیش آنے والی رکاوٹوں کو بھی بیان کیا اور ممبران کو ایک دوسرے کے تعاون سے مسائل حل کرنے کی طرف توجہ دلائی۔ 
جناب یوسف ملا نے پہلی مرتبہ پنچایت کے ممبر منتخب ہونے پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے جماعت اور جملہ رائے دہندگان کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہمیں اپنے مسائل حل کرنے کے لیے آگے آنا چاہیے اورجس وقت اس کے لیے بلایا جائے اس وقت حاضر ہونا چاہیے۔ ہمارا مسئلہ یہ ہے کہ ہم وارڈ سبھے میں بلانے پر حاضر نہیں ہوتے اور کہتے پھرتے ہیں کہ ہمارے مسائل حل نہیں ہوتے۔ 
جناب کلیم خان صاحب اور جنابہ یاسمین اقبال پوتکار نے بھی اپنے خیالات کے اظہار دوران عوامی مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرتے ہوئے سبھوں کا شکریہ ادا کیا۔ 
اس موقع پر سابق چیرمین جناب محمدغوث بنگالی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ دعا پر یہ مختصر پروگرام اختتام پذیر ہوا۔ 

 

Share this post

Loading...