کاسرگوڈ 9 جنوری 2022(فکروخبرنیوز) ماہی گیری کے دوران سمندر میں گرنے والے اٹھاون سالہ شخص نے تیس گھنٹے تیرکر ساحل پر پہنچنے کا ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔
ڈائجی ورلڈ میں شائع خبر کے مطابق مذکورہ شخص کا تعلق تمل ناڈو سے ہے جس کا نام جوزف بتایا جارہا ہے۔
جوزف ان آٹھ افراد میں سے ایک تھا جو کشتی پر 31 دسمبر کو منگلورو سے ماہی گیری کے لیے روانہ ہوئے تھے۔ 6 جنوری کی صبح 2 بجے کے قریب جب کشتی پر سوار ماہی گیر آرام کر رہے تھے تو جوزف لاپتہ ہو گیا۔ کشتی ساحل سے 36 ناٹیکل میل کے فاصلے پر تھی۔ اگرچہ کشتی پر سوار افراد صبح 11 بجے تک اسے ڈھونڈتے رہے لیکن وہ جوزف کا سراغ نہ لگا سکے۔ انہوں نے معاملے کی اطلاع کشتی کے مالک کو دی۔
ساحلی پولیس اور پانڈیشور پولیس اسٹیشن کے اہلکاروں کو لاپتہ شخص کے بارے میں اطلاع دی گئی۔ تاہم پولیس نے کہا کہ وہ فوری طور پر مقدمہ درج نہیں کریں گے اور شکایت کنندہ کو 24 گھنٹے انتظار کرنے کو کہا۔
7 جنوری کو کاسرگوڈ سے ماہی گیری کے لیے جانے والی کشتی پر سوار افراد نے ایک شخص کو سمندر میں دیکھا اور اسے فوری طور پر ساحل پر لایا گیا اور کشتی پر سوار دنیش، سریش اور سنان نے اسے اسپتال میں داخل کرایا۔ بعد میں معلوم ہوا کہ وہ جوزف ہے جو لاپتہ ہو گیا تھا۔ معاملے کی اطلاع پانڈیشور پولیس اسٹیشن کو دی گئی۔
کاسرگوڈ پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جوزف واقعہ کے بارے میں متضاد بیان دے رہے ہیں۔
Share this post
