بسم اللہ الرحمن الرحیم
تعزیتی قرارداد بروفات حضرت مولانا ملا محمد اقبال صاحب ندوی رحمۃ اللہ علیہ، قاضی جماعت المسلمین وصدر جامعہ اسلامیہ بھٹکل وسرپرست ابنائےجامعہ بھٹکل، وخلیفہ حضرت مولانا محمد رابع حسنی ندوی مدظلہ
منجانب: ابنائے جامعہ مقیم متحدہ عرب امارات
18جولائی 2020(فکروخبر)
کل من علیھا فان ویبقی وجہ ربک ذوالجلال الاکرام۔ (ہرذی روح كو فنا كے گھاٹ اترناہے، باقی رہنے والی ذات صرف اورصرف اللہ کی ہے)۔
یہ اللہ کا قانون ہے کہ ہر ذی روح کو موت کا مزہ چکھنا ہے اور اس دارِ فانی سے رخت سفر باندھ كر آخرت کی طرف كوچ كرنا ہے ، لیکن اس دنیا میں کچھ شخصیات ایسی بھی ہوتی ہیں جو اپنی زندگی کو قوم و ملت كےلیے وقف كردیتی ہیں ۔ ان کی رحلت سے سماجی معاشرتی وعلمی زندگی میں ایک ایسا خلا پیدا ہو جاتا ہےجس كی تلافی كی بظاہر كوئی صورت مدتوں نظر نہیں آتی۔
ایسی ہی ایک انتہائی معتبر اور دل آویز شخصیت، ولی كامل، عالم ربانی، سرخیلِ علما ٕ ،قاضیِ شہرِ بھٹکل و صدرِ جامعہ اسلامیہ بھٹکل ومؤسس وسرپرست ابنائے جامعہ بھٹكل، حضرت مولانا ملا محمد اقبال صاحب ندوی كی تھی جو آج ہمیں داغِ مفارقت دے کراپنے مالک حقیقی سے جا ملے ۔ ان كی رحلت سےایسا لگ رہا ہے کہ بھٹکل کی سماجی معاشرتی وعلمی زندگی میں غم و الم کے ایسے بادل گھر آئے ہیں جو جلد چھٹتے نظر نہیں آتے۔
قاضی مرحوم بڑے وسیع القلب تھے، فیصلہ میں بہت ہی عمیق ووسیع نظر رکھتےتھے، وعدے کے مطابق ہرمجلس میں بروقت شریک رہتے، ہرایک سے شفقت فرماتے۔مولانا ایک ہمہ جہت شخصیت کے مالک تھے، درس و تدریس، وعظ و نصیحت، افتاء و ارشاد، امر بالمعروف و نہی عن المنکر غرض کہ بھٹکل کے ہر شعبہ میں آپ نے وہ کارہائے نمایاں انجام دیا دئے جسے بھٹکل کی تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا۔مولانا مرحوم فارغین جامعہ کے سرخیل تھے ، یہ جامعہ اسلامیہ اور خصوصا اس كے صفِ اول كے فارغین کا فیض ہے كہ شہر بھٹکل واطراف بھٹکل سے بدعات ورسومات کو بحسن خوبی ختم کرنے میں حکیمانہ انداز اختیار کیا۔
آپ كا سانحۂ ارتحال اہلیانِ بھٹکل کے لیےبالعموم اور پوری ابنائے جامعہ وجامعہ اسلامیہ اور جماعت المسلمین بھٹکل کے لئے بالخصوص ایك عظیم خسارہ ہے، ہم تمام ابنا ئے جامعہ قاضی مرحوم کے انتقال کے سانحہ پر سوگوار ہیں اور ان کے اہل خانہ و متعلقین کے ساتھ غم میں شریک ہیں اور ان کی خدمت میں کلمات تعزیت پیش کرتے ہوئے دعاگو ہیں كہ اللہ ان كی بال بال مغفرت فرمائے، انہیں كروٹ كروٹ جنت نصیب فرمائے، ان كی خدمات كو شرف قبولیت سے نوازے اور ملت كو ان كا نعم البدل نصیب فرمائے۔ آمین
اللھم اغفرلہ وارحمہ وأعذہ من عذاب القبر ومن عذاب النار وأدخلہ الجنة برحمتک يا أرحم الراحمين۔
فقط والسلام
شركائے رنج وغم
ابنا ئے جامعہ مقیم متحدہ عرب امارات
Share this post
