تعزیتی قرار داد بروفات جناب مرحوم مومن باشاہ صاحب ۔ منجانب : ادارہ خیرالعلوم بھٹکل
محترمی ومکرمی جناب ابرار صاحب مومن وجمیع برادران و اہل خانہ
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
20/ رمضان المبارک 1441 مطابق31/ مئی2020 بروز بدھ کو ابھی طلوع بھی نہیں ہوا تھا، دن کی روشنی رات کی سیاہی پر ابھی غالب نہیں ہوئی تھی کہ یہ خبر بڑی رنج والم اور کرب وغم کے ساتھ سنی گئی کہ جناب محمد میراں مومن (عرف مومن باشاہ) صاحب کا انتقال ہوگیا اور رمضان کی ان مبارک ساعتوں میں وہ اپنے مالک حقیقی سے جا ملے۔ انا للہ وإنا إلیہ راجعون
جناب مومن صاحب اگر چہ کہ مشہور ومعروف نہ تھے مگر ایسے صفات واوصاف کے مالک تھے کہ انھیں زمانہ مدتوں یاد رکھے گا،دعوت وتبلیغ کے ذریعے دین کی خدمت میں لگے رہے، خود ذاکر شاغل اور بے ضرر انسان تھے، علماء کی عزت کرتے اور اہل اللہ پر دل وجان قربان کرتے، اللہ تعالی سے مختصر سی زندگی لے کر آئے مگر ہمیشہ کی زندگی کے لیے بہت کچھ کر گئے، اللہ نے جو مال وجائداد دی اس کا صحیح استعمال کرگئے، ایک مسجد کے لیے جگہ دی جہاں پر آج مسجد یوسف تعمیر ہے اور رہتی دنیا تک اپنے لیے ثواب کا انتظام کرگئے۔
جناب مومن صاحب اگر چہ کہ عالم نہ تھے مگر خدا معلوم کتنے لا تعداد علماء کے بننے کا ذریعہ بن کر گئے، وہ اگر چہ کہ حافظ نہ تھے مگر بے حساب حفاظ کا ثواب لے کر گئے، اپنی زندگی کے آخری سالوں میں مدرسہ خیر العلوم کے لیے اپنی ذاتی رجسٹرڈ زمین اللہ کے لیے وقف کی اور صرف یہی نہیں کہ وقف کی بلکہ اس پر استقامت کے ساتھ قائم رہے، وہ چاہتے تھے کہ وہاں کی نورانی فضا کو اپنی آنکھوں سے دیکھیں مگر وکان امر اللہ قدرا مقدورااللہ انھیں اس کا بھر پور اجر نصیب فرمائے،
اس موقع پر ہم مدرسہ خیر العلوم کے تمام ذمہ دارن، اساتذہ اور طلبہ آپ کے اس غم میں شریک ہیں اور ان کے اعزاء واقرباء اور تمام متعلقین کی خدمت میں تعزیت پیش کرتے ہیں اور خدا کے حضور دعا گو ہیں کہ اللہ تعالی ان کی بھر پور مغفرت فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلی مقام نصیب فرمائے آمین
جان کر من جملہئ خاصان میخانہ تجھے
مدتوں رویا کریں گے جام وپیمانہ تجھے
منجانب:
ادارہ خیر العلوم بھٹکل
Share this post
