تعزیتی قرارداد بر وفات چیف قاضی جماعت المسلمین وصدر جامعہ اسلامیہ بھٹکل حضرت مولانا ملا اقبال ندوی رحمۃ اللہ علیہ  منجانب:  خلیج مسلم شراوتی کونسل

آج کا دن ہم سب کے لئے بے انتہا رنج والم کا دن ہے۔ بڑے ہی غم واندوہ کے ساتھ حضرت مولانا ملا محمد اقبال ندوی چیف قاضی جماعت المسلمین وصدر جامعہ اسلامیہ بھٹکل کی وفات کی خبر ہر جگہ سنی گئی۔ کئی دنوں سے مولانا مرحوم کی علالت کی خبر سے پوری قوم وملت تشویش میں مبتلا تھی۔ بالآخر موعود اجل آہی گیا اور حضرت علیہ الرحمۃ اپنے رب کے دربار میں حاضر ہوگئے۔ اللہ کی ذات سے امید ہے کہ وہ ان کی بھرپور مغفرت فرمائے گا اور اپنے شایانِ شان ان کے ساتھ معاملہ فرمائے گا۔ 
مولانا مرحوم اپنے گوناگوں صفات کی وجہ سے اطراف بھٹکل میں بھی بہت مشہور ومعروف تھے۔ خاص طو رپر مولانا کی بنائی ہوئی تقویم نے مولانا کو ہر طرف سے متعارف کرادیا تھا۔ جس کی و جہ سے لوگوں کے دلوں میں آپ کے لئے ایک خاص وقار تھا۔ شراوتی پٹی کے اکثر وبیشتر لوگ فقہی معاملات میں مولانا سے رجوع فرماتے تھے۔ مولانا ان علاقوں کے مدارس میں ہونے والے دینی واصلاحی پروگراموں میں شرکت کی دعوت کو قبول فرماتے تھے اور قیمتی نصائح سے نوازتے تھے۔ مولانا موصوف نے کچھ عرصہ قبل ولکی میں نوجوانوں کے لئے تجہیز وتکفین کیمپ میں شرکت کرکے عملی طو ر پر نوجوانوں کو اس کی مشق کرائی تھی جس کا نوجوانوں کے دلوں پر گہرا اثر پڑا اور وہ ان سے مربوط ہوئے۔ اس علاقے میں ماضی قریب اور بعید میں مولانا سے براہِ راست استفادہ کرنے والے ان کے بے شمار شاگرد پائے جاتے ہیں جو مولانا سے اپنے تعلق کو باعثِ فخر سمجھتے ہیں۔ 
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ حضرت کے سانحہ وفات سے جو خلاء پیدا ہوا ہے ان کے نعم البدل سے اس خلا کو پر فرمائے اور پوری قوم وملت کو اس عظیم سانحہ پر صبروسکون نصیب فرمائے۔ شراوتی کونسل کی طرف سے ان کے اہل وعیال، ان کے خاندان وشاگردان جماعت المسلمین بھٹکل او رجامعہ اسلامیہ کی خدمت میں تعزیت پیش ہے۔ 
فقط والسلام 
ڈاکٹر عبداللہ سکری 
جنرل سکریٹری شرواتی کونسل، دبئی 

Share this post

Loading...