بچھڑا کچھ اس ادا سے کہ رت ہی بدل گئی
اک شخص سارے شہر کو ویران کرگیا
اللہ تعالیٰ نے زندگی دی ہے تو موت یقینی ہے، باقی رہنے والی ذات صرف وحدہ لاشریک کی ہے لیکن فطرت انسانی کا تقاضا ہے کہ انسان جب کوئی چیز کھوتا ہے تو اسے غم ہوتا ہے اور انسان جب اپنا قیمتی سرمایہ کھوتا ہے توا سکی تکلیف اور بڑھ جاتی ہے۔
بلا شک قاضی شہر مولانا محمد اقبال ملا صاحب ندوی رحمہ اللہ امت کے قیمتی اثاثوں میں تھے، ادھر کچھ بیس بائیس دن پہلے ان آنکھوں نے مولانا کو علالت کی حالت میں دیکھا، ناامیدی کے آثار بالکل نہیں تھے، چہرے پر ہمیشہ کی طرح بشاشت تھی، زندگی کے آثار نمایاں تھے، لیکن کیا خبر کہ اللہ کے نیک بندے رفیق اعلیٰ سے ملاقات کا شوق اسی طرح رکھتے ہیں۔
مولانا کی زندگی محتاج تعارف نہیں۔ مولانا کی زندگی اظہر من الشمس ہے، مولانا کی زندگی نئی نسل کے لئے نمونہ ہے۔ مولانا کی زندگی قدیم صالح وجدید نافع کا حسین امتزاج ہے۔ مولانا کی زندگی عجز وانکساری کا پیکر ہے۔ مولان کی زندگی زہد وتقویٰ کا مجسم ہے۔ ان کی زندگی قربانیوں اورلایخافون فی اللہ لومۃ لائم کی زندہ مثال ہے۔
بچپن میں مولانا کا دینی ذوق وشوق جامعہ کی ابتدائی تاریخ اس کی شاہد ہے۔ عنفوانِ شباب سے ہی دینی جذبہ۔ بھٹکل کا شرک وبدعت سے پاک ماحول اس کا گواہ ہے۔ غرض طالب علم سے قضاء ت تک کی ساری زندگی امت کے لئے ایک نمونہ ہے۔ مولانا ایک عالم باعمل کے ساتھ ماہر فلکیات بھی تھے، مولانا ایک کامیاب مدرس بھی تھے۔ مولانا کے تلامذہ سینکڑوں کی تعداد میں ہیں۔
مولانا کی رحلت امت کے لئے اور بالخصوص ہماری قوم کے لئے ایک بڑا خسارہ ہے۔ مولانا کی جدائی سے قوم ایک عظیم قائد ورہنما سے محروم ہوگئی۔
قضائے الٰہی پر ایمان رکھتے ہوئے اللہ کی مرضی سمجھ کر صبر کے علاوہ کوئی چارہ نہیں۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مولانا رحمۃ اللہ علیہ کی بال بال مغفرت فرمائے، جنت الفردوس میں اعلیٰ سے اعلیٰ مقام نصیب فرمائے۔ پسماندگان او رپورے قوم کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ دعا ہے کہ یا الٰہی! قوم کو ان کا نعم البدل عطا فرما۔ تو کو اس یتیمی سے نجات دلا۔
مولانا کی وفات پر ان کے خاندان کے علاوہ پوری قوم تعزیت کی مستحق ہے۔ بھٹکلی جماعت المسلمین مینگلور ان کے پسماندگان اور پورے قوم کے غم میں برابر کی شریک ہیں اور اللہ کا شکر ادا کرتی ہے کہ آخر وقت میں جماعت کو مولانا کی خدمت کا بھرپور موقع نصیب ہوا۔ اس کے لئے ہم ان کے خاندانوں والوں کے مشکور ہیں او ر دعا گو کہ اللہ ہمیں اخلاص عطا فرمائے او رہمارے اس عمل کو قبول فرمائے۔
شریک غم
صدر، جنرل سکریٹری وجمیع اراکین
بھٹکلی جماعت المسلمین مینگلور
Share this post
