15 / جولائی 2020 بروز بدھ کا سورج ڈھلنے کے قریب تھا کہ بھٹکل کی سرزمین پر آسمان علم وعمل کا آفتا ب کے غروب ہونے کی خبر نے پورے شہر ہی کو نہیں بلکہ پوری ملت کو رنجیدہ ومغموم کردیا،یعنی حضرت مولانا محمد اقبال صاحب ملا ندوی رحمۃ اللہ علیہ پوری قوم کو سوگوار چھوڑ کر اس دار فانی سے دارالبقاء کی طرف کوچ کرگئے انا للہ وانا الیہ راجعون۔
مولانا مرحوم کی علمی،دعوتی، اصلاحی ودینی خدمات پوری نصف صدی پر محیط ہے اور متنوع نوعیت کی ہے،خصوصا نوجوانوں کی اصلاح وتربیت میں مرحوم کا جو کردار رہا ہے وہ کسی سے مخفی نہیں،علمی پختگی،فقہ میں مہارت،درس وتدریس اور قضاء ت وغیرہ کی متعدد ذمہ داریوں کے باوجودا ٓپ ہمیشہ نوجوانوں سے منسلک رہے اور ان کے معاملات سے تعلق رکھا،ان کے مسائل کو حل کرنے میں دل چسپی لی اورصحیح رہنمائی کرتے رہے،نوجوان جب بھی اپنے مسائل کے حل کے لیے یا کسی معاملے میں مشورہ کے لیے وقت طلب کرتے آپ بغیر کسی ردوقدح کے اپنی گوناگوں مصروفیات کے باوجود اپنا وقت فارغ کرتے رہے۔
مولانا بے پناہ مصرفیتوں کے باوجود خیر کے ہر بڑے اور چھوٹے کام شریک ہوتے، اپنے حسن اخلاق اوراخلاص کی بدولت ہر ایک کا دل موہ لیتے سادگی آپ کا شعار تھا،نر می آپ کا مزاج تھا،بڑے چھوٹے ہر ایک سے خندہ پیشانی سے ملنا آپ کا وطیرہ تھا،دور اندیشی آپ کا خصوصی وصف تھا،حق بات کا برملا اظہار آپ کاطرۂ امتیاز تھا،علم وفضل،تدبر وتفقہ،بصیرت وفراست،اخلاص اور للہیت کے آپ پیکر تھے،دینی حمیت اور غیرت آپ کے اندر کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی تھی۔
خدا بخشے بہت سی خوبیاں تھی مرنے والے میں
اللہ تعالیٰ مرحوم کی بال بال مغفرت فرمائے،ان کے درجات کو بلند فرمائے،اعلیٰ علیین میں مقام نصیب فرمائے۔
اس موقع پر ہم نوجوانان وائی ایم ایس اے نوائط کالونی بھٹکل ان کی جدائی کے غم میں برابرکے شریک ہیں اورجماعت المسلمین بھٹکل،جامعہ اسلامیہ بھٹکل اور ان کے اہل خانہ ومتعلقین کی تعزیت کرتے ہیں۔
اللہ تعالیٰ ہم نوجوانوں کو ان کے نقش قدم پر چلنے کی توفیق نصیب فرمائے،ان کے اخلاق و اوصاف کو اپنانے اور ان ہی کی طرح دین اور قوم وملت کی خدمت کرنے کی توفیق نصیب فرمائے۔(آمین) والسلام
صدر وسکریٹری واراکین انتظامیہ
ینگ مسلم سروس ایسوسی ایشن نوائط کالونی بھٹکل
Share this post
