خراجِ عقیدت بر وفات چیف قاضی جماعت المسلمین حضرت مولانا ملا اقبال ندوی رحمہ اللہ : منجانب مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل
اداس خلقِ خدا ہے ساری تمام مغموم ہے زمانہ
ماضی قریب کی مختصر سی مدت میں جس سرعت کے ساتھ عالم اسلام کو اور ہمارے شہر بھٹکل کو جن قیامت خیز لمحات اور ساعتوں کا سامنا مقدر ہوا اس پر ”فصبر جمیل، واللہ المستعان“ کے سوا اور کچھ نہیں کیا جاسکتا۔
آج جماعت المسلمین بھٹکل کے چیف قاضی محترم حضرت مولانا ملا محمد اقبال ندوی رحمہ اللہ کی شکل میں پھر ایک عدیم المثال شخصیت ہم سے جدا ہوگئی۔ آج پھر ایک بار شہر بھٹکل کی فضا سوگوار ہے، سینے چھلنی اور آنکھیں اشکبار ہیں، آج شہر بھٹکل ایسے لعل وگوہر سے محرم ہوگیا جس کے وجود سے گلشن کی خوصبورتی تھی، ایک ایسی ذات ہم سے روپوش ہوگئی جس کا دل وفا کا مرکز، جس کی نگاہ عارفانہ اور جس کی قیات زاہدانہ تھی، جو عزم ویقین کے پیکر اور پیکرِ مرجعِ خلائق تھے۔
قاضی مرحوم کی شخصیت نہ صرف جماعت المسلمین بھٹکل کے لئے بلکہ علمی ودینی حلقہ کے لئے خسارہئ عظیم ہے، آپ کی شخصیت ہر خاص وعام کے لئے اور بھٹکل کے مختلف اداروں کے لئے مرجع تھی، جماعت ہذا کی طرف سے جب جب بھی کسی اجلاس وغیرہ کی دعوت دی جاتی تو آپ برضا ورغبت اس کو قبول فرماتے اور حاضر ہوکر اپنی مشفقانہ دعاوؤں سے نوازتے، جماعت ہذا کے چیف قاضی کے انتخابی اجلاس میں حاضر ہوکر آپ نے جس اپنائیت کا ثبوت پیش کیا وہ محبت وشان قلندری کی مثال تھی، سب کو ساتھ لے کر چلنے کی اسی خوبی نے آپ کو پیکر مرجعِ خلاق بنایا تھا، ایسے کتنے ہی مواقع ہیں جن کو قاضی مرحوم کے انتقال کے اس صبر آزما موقع پر بیان کرنے کی نہ قلم میں طاقت ہے نہ ذہن ساتھ دے رہا ہے۔، ان شاء اللہ قاضئ مرحوم کی شخصیت پر جماعت ہذا کی طرف سے تفصیلی تعزیتی قراردار مرتب کی جائے گی۔
بس اس وقت ہم مغموم ومضطرب دل کے ساتھ یہی کہہ سکتے ہیں کہ آپ کا وصال یقینا نہ صرف اہلیانِ بھٹکل بلکہ پوری ملت اسلامیہ کے لئے ایک عظیم خسارہ ہے۔ ہم جمیع اراکین ووابستگانِ مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل مرحوم کے وصال پر مغموم ومضطرب ہیں او رمرحوم کے سانحہئ ارتحال پر اپنی دلی تعزیت پیش کرتے ہوئے ان کے وصال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہیں او راللہ تعالیٰ سے دست بدعا ہیں کہ حق تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوارِ رحمت میں جگہ عنایت فرمائے، جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام نصیب فرمائے اور مرحوم کے جمیع پسماندگان او رہم سبھوں کو صبر جمیل عطا فرمائے اور پوری قوم وملت کو ان کا نعم البدل عطا فرمائے۔ آمین ثم آمین
سکریٹری
مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل
Share this post
