تقویٰ کی اسکیمیں لانچ کرنے سے قبل دارالافتاء سے رجوع کیا جائے : علماء کا اظہارِ خیال
بھٹکل 16؍ ستمبر 2018(فکروخبر نیوز) اسلامی طرز پر بینکنگ سسٹم کو رائج کرنے اور سودی نظام سے لوگوں کو چھٹکارا دلانے جیسے عظیم مقاصد کے تحت وجود میں آنے والے تقویٰ کریڈٹ کوآپریٹیو سوسائٹی لیمیٹیڈ کے ذمہ داران کی علماء شہر کے ساتھ ایک خصوصی نشست کا انعقاد قاضیا محمد حسن ہال (رابطہ ہال) میں کل رات ساڑھے نو بجے کیا گیا جس میں تقویٰ کے بانی اور مالک جناب محمد سعید شنگیری نے تقویٰ کا تعارف اور اسلامی بینکنگ سسٹم کو رائج کرنے کے مقصد کو بیان کرتے ہوئے بینکنگ سسٹم کے کئی ایک اصول بھی بیان کیے ۔ انہوں نے سب سے زیادہ زور لوگوں کو سودی کارروبار سے چھٹکارا دلانے پر دیتے ہوئے کہا کہ دنیا میں رائج بینکنگ سسٹم پورا کا پورا یہودیوں کا ہے جنہوں نے سود کو منافع کی شکل میں عوام کے سامنے پیش کرکے اس سسٹم کو لاگو کیا اور اس میں وہ کامیاب بھی ہوگئے لیکن موجودہ دور میں دنیا اس سسٹم سے تنگ آچکی ہے وہ ایک ایسے متبادل نظام کی تلاش میں ہے جس کے پاس خود کا کامیاب بینکنگ سسٹم ہو اور یہ چیز اسلام کے سوا کسی کے پاس بھی نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلہ میں انہوں نے فقہ کے اصول کو سامنے رکھتے ہوئے نئی ٹیکنالوجی کے استعمال کے ساتھ ایک نظام مرتب کرنے کی کوشش کی ہے جس کو انہوں نے پہلے مشہور عالم دین مولانا قاضی مجاہد الاسلام صاحب کے سامنے رکھا اور اس کے بعد دیگر علماء کے مشورے سے وہ آگے بڑھتے رہے۔ اس نظام کو عملی طور پر لاگو کرنے کے لیے انہوں نے تقویٰ کی بنیاد رکھی ، انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے یہ نظام اپنے فائدے کے لیے قائم نہیں کیا ہے بلکہ بورڈ کی شکل میں انہوں نے ایک کمیٹی تشکیل دے کر اس نظام کو ان کے سامنے رکھا ہے۔ اب آگے جو کچھ بھی فیصلہ کرے گا وہ بورڈ کرے گا۔ مہمانِ خصوصی کے طور پر اس خصوصی نشست میں شریک مفتی محمد سلمان صاحب نے تقویٰ کی جانب سے انجام دئیے جانے والے کام کی سراہنا کرتے ہوئے اس نظام کو آگے لے جانے پر زور دیا ۔ انہوں نے کہاکہ جو کام ہمارا تھا وہ جناب سعید صاحب نے کیا ہے اور ہمیں اس کام میں تعاون کرنے کی ضرورت ہے۔ اس دوران کئی ایک علماء نے تقویٰ کی جانب سے شروع کی جانے والی چند ایک اسکیموں پر دوبارہ غور کرنے کی بات بھی کہی ۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی اسکیم لانچ کرنے سے قبل علماء سے رابطہ کیا جائے اور ان کے مشورہ کے بعد ہی آگے قدم بڑھایا جائے ، اس سلسلہ میں جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے دار الافتاء سے رجوع کرنے اور ساتھ ہی ساتھ دیگر مشہور علماء سے رجوع کرنے کی بات بھی سامنے آئی جس پر تقویٰ کے بانی جناب محمد سعید شینگیری نے اثبات میں جواب دیا اور علماء سے درخواست کی اس سلسلہ میں وہ ان کی رہنمائی کریں ۔اس موقع پر مولانا محمد ایوب صاحب ندوی ، مولانا محمد الیاس صاحب ندوی ، مولانا عبدالرب صاحب ندوی ، مولانا محمد انصار صاحب ندوی ، مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی ، مولانا عبدالعظیم قاضیا ندوی اور دیگر نے اپنی مفید آراء سامنے رکھیں اور سبھوں نے تقویٰ کی جانب سے پیش کیے جانے نظام کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے سودی نظام کو معاشرہ سے پاک کرنے کے لیے قدم بڑھانے پر زور دیا۔ملحوظ رہے کہ استقبالیہ کلمات مولانا عبدالعلیم قاسمی صاحب نے پیش کیے اور شکریہ جناب آفتاب صاحب قمری نے ادا کیا ۔ نظامت کے فرئض عتیق الرحمن شاہ بندری نے ادا کیا۔ مولانا محمد عرفان ندوی کی تلاوت کلام پاک سے شروع ہونے والی یہ خصوصی نشست مولانا عبدالعلیم قاسمی صاحب کی دعائیہ کلمات پر اختتام کو پہنچی ۔
Share this post
