تقویٰ کریڈٹ کو آپریٹیو کا سالانہ اجلاس ، یہ پروگرام مسلمانوں کو سود سے بچانے کی ایک کوشش : مولانا مفتی عتیق احممد بستوی

بھٹکل 20؍ فروری 2023(فکروخبرنیوز)  تقویٰ کریڈٹ کوآپریٹیو کا سالانہ اجلاس بروز جمعہ بلال شادی ہال میں منعقد کیا گیا جس میں تقویٰ کی سالانہ کارکردگی پیش کی گئی اور غنی بمپر پرائز ، کوئز اور دیگر لکی ڈرا بھی عمل میں آیا۔

اس موقع پر موجود مہمانانِ خصوصی میں استاد دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنو مولانا مفتی عتیق احمد بستوی صاحب نے کہا کہ یہ پروگرام مسلمانوں کو سود سے بچانے کی ایک کوشش ہے جبکہ پوری دنیا میں یہودیوں کا برپا کیا گیا سودی نظام رائج ہے۔ لہذا جب سود کو قرآن نے اللہ اور اس کے رسول کے خلاف جنگ کے مترادف قراردیا ہے تو ہمیں ان چیزوں سے بچنے کی ضرورت ہے۔ مولانا نے کہا کہ تقویٰ کا نظام کے سلسلہ میں ڈاکٹر سعید شینگیری کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس وقت جب دنیا میں غیر سودی نظام متعارف نہیں کیا گیا تھا ایسے نظام کو متعارف کرنا جو غیر سودی ہو واقعی بڑی بات ہے۔ انہوں نے برملا اس بات کا اظہار کیا کہ اگر اس کی کوئی اسکیم میں شرعی لحاظ سے کوئی کمی معلوم ہوتی ہو تو وہ مجھ سے رابطہ کرسکتے ہیں۔

جامع مسجد ممبئی کے چیف قاضی مولانا مفتی اشفاق صاحب قاضی نے کہا کہ دنیا کا سودی نظام ایک نہ ایک دن ختم ہونے والا ہے ہمیں اسلامی نظام کو سمجھنے اور اس کو عملی شکل دینے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کئی مثالیں پیش کرتے ہوئے کہا کہ یوکے کے سفر کے دوران ایک ملاقات میں ایک خاتون نے ان سے کہا کہ اس نظام کی موجودہ دور کو ضرورت ہے۔ انہوں نے اس پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا حال یہ ہے کہ ہم سمجھے بغیر کچھ کہہ دیتے ہیں۔ مولانا نے مزید کہا کہ ہمیں جس طرح معاشیات کے نظام پر توجہ دینے کی ضرورت تھی ایسی توجہ نہیں دی ۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی معاشیات کے سلسلہ میں وہ کام کیا ہے جو ڈبل پی ایچ ڈی والا بھی نہیں کرسکتا۔ سوق المدینہ ایک موضوع پر جس کو ہمیں سمجھنے کی ضرورت ہے۔ مولانا نے کہا کہ آج ہم دنیا کے بڑے بڑے مالداروں کا نام لیتے ہیں جبکہ یہ بھی حقیقت یہ ہے کہ اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے میں بھی حضرت عبدالرحمن بن عوف اور دیگر بڑے بڑے صحابہ موجود تھے۔

مولانا عبدالعظیم صاحب قاضیا ندوی ، جناب دانش ریاض صاحب ، جناب قادر میراں پٹیل صاحب اور مولونا عبدالرقیب ایم جے ندوی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

آخر میں کوئز اور لکی ڈرا کے انعامات کا بھی اعلان کیا گیا۔

Share this post

Loading...