موسلادھار بارش سے ولکی اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں بھی بھاری نقصان ،مجلس اصلاح وتنظیم سمیت مختلف تنظیموں کے کارکنوں نے پہنچ کر پیش کی امداد

بھٹکل 09/ اگست 2019(فکروخبرنیوز)  گذشتہ ہفتہ ہوئی موسلادھار بارش کی وجہ سے ہوناور تعلقہ کے ولکی علاقہ میں سیلاب کی سی صورتحال تھی۔ نشیبی علاقہ میں پانی بھرنے سے کئی گھروں میں پانی بھرگیاجس کے بعد وہاں کے مکینوں کو بذریعہ کشتیاں محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ علاقہ کے نوجوانوں نے اک جٹ ہوکر لوگوں کو نکالنے میں اپنا بھرپور تعاون پیش کیا۔ لوگوں کے پاس ضروریاتِ زندگی نہ ہونے کی وجہ سے وہ بے بس ہوگئے۔ گھروں میں پانی گھس آنے سے کپڑے اور دیگر ضروریاتِ زندگی کے اشیاء سمیت اشیاء خوردو نوش بھی پانی کی نذر ہوگیا۔ ایسے میں آس پاس کے علاقے والوں نے ان کا بھرپور تعاون کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور بلاتفریق مذہب وملت ان کی مدد کے لیے آگے آرہے ہیں۔ مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل کے وفد نے پہنچ کر کڈگیری او رکروا پرائمری اسکول میں مقیم افراد کے لیے امدادی سامان پیش کیا۔ ولکی کے ذمہ داروں نے فکروخبر کو بتایا ہے کہ کڈگیری میں 160افراد اور کروا پرائمری اسکول میں 260 افراد مقیم ہیں جہاں ان کے لیے کھانے کا بندوبست مقامی لوگوں اور حکومت کی جانب سے بھی کیاجارہا ہے۔ ولکی کے مقامی لوگوں نے ان کا بھرپور ساتھ دیا اور ان کے لیے ہرممکن تعاون فراہم کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی ہے۔ تنظیم کے وفد نے یہاں کے ذمہ داروں سے بات چیت کے بعد ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی ہے، اسی طرح جماعت اسلامی ہند اور پاپولر فرنٹ آف انڈیا اور دیگر افراد بھی وہاں پہنچ کر لوگوں کی امداد میں اپنا بھر پور تعاون پیش کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ 

Share this post

Loading...