تعزیت بروفات محمد حسینا عبدالغنی صاحب
بتاریخ 20 رمضان المبارک 1441 ھجری مطابق 13 مئی 2020 بروزبدھ جناب محمد حسینا (چنا) عبدالغنی صاحب کی وفات کی خبر یقینا چونکا دینے والی ہے مگر کیا کیا جائے موت ہر ذی روح کے پیچھے لگی ہوئی ہے کب آ کر دبوچ لے کسی کو پتہ نہیں جب تک وقت متعین نہ آجائے آدمی مہینوں اور برسوں بستر علالت پر پڑا رہ جائے اور اگر وقت آ جائے تو اچھا خاصا چلتا پھرتا صحت مند اور چاک و چوبند آدمی آن کی آن میں لقمہ اجل بن جائے اور پسماندگان کے لیے *انا لله وانا اليه راجعون* کہہ کر صبر کرنے کے سوا کوئی چارہ نہ ہو
کچھ یہی حال جناب چنا عبدالغنی صاحب کا ہے ایک صحت مند بھاری بھرکم جسم رکھنے والی چاک و چوبند و متحرک اور ہمیشہ مسکراتے ہوئے ملنے والی شخصیت کا اس طرح اچانک موت کی آغوش میں چلے جانا ہم سبھوں کے لئے باعث عبرت ہے زندگی کی بے ثباتی کا اندازہ لگاتے ہوئے ہمیں ہر وقت اسے گلے لگانے کے لیے تیار رہنا چاہیے
جناب عبد الغنی صاحب ایک خوش مزاج اور زندہ دل شخص تھے اپنے دوست واحباب سے بے تکلف ملتے تھے شہر بمبئی میں *غنی ہوسٹل* کے نام سے مسافروں کی قیام گاہ چلاتے تھے برسوں سے بھٹکل مسلم جماعت ممبئی کے ایک فعال رکن رہ کر اس کی کاروائیوں میں مؤثر کردار ادا کیا مجلس اصلاح وتنظیم کی انتظامیہ میں گذشتہ میعاد میں اور جاری میعاد میں بھی آپ بمبئی حلقے کے نمائندے رہیآپ نے انتظامیہ اجلاس کے بحث و مباحثہ میں ہمیشہ بیباکی کے ساتھ اپنی بات کو رکھا بحیثیت رکن انتظامیہ جو ذمہ داری انہیں دی جاتی اسے آپ بحسن وخوبی انجام دیا کرتے تھے تنظیم صد سالہ تقریبات کے موقع پر بمبئی حلقہ سے آپ کی خدمات کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا آپ انجمن حامئ مسلمین بھٹکل کی گذشتہ میعاد کی انتظامیہ کے رکن رہ کر بھی گرانقدر خدمات انجام دیں آپ قوم و ملت کی خدمت کے جذبے سے سرشار تھے جب بھی موقع ملتا آپ آگے بڑھ کر اسے قبول کرتے اور پورے خلوص اور دیانت داری سے اسے انجام دیتے آپ کی وفات سے ہم ایک اچھے رفیق کار سے محروم ہوگئے ہیں
ہم عہدیداران و اراکین مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل اس سانحہ پر مرحوم کے اہل خانہ کے ساتھ ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں دعا ہے کہ اللہ تعالی ان کی مغفرت فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے ان کے پسماندگان کو صبر جمیل عطا کرے اور ان کے لئے اطمینان، چین اور سکون کا سامان فراہم فرمائے آمین
منجانب
صدر وجنرل سکریٹری، عہدیداران و جميع اراکین انتظامیہ
مجلس اصلاح وتنظيم بھٹکل
Share this post
