بھٹکل 14اپریل 2020 (فکر و خبر نیوز ) موجودہ حالات کے پیش نظر مجلس اصلاح و تنظیم کی جانب سے اہم ہدایات جاری کی جارہی ہیں اور عوام سے گذارش کی گئی ہے کہ وہ ان پر سختی سے عمل کریں اور کسی بھی طرح کی غفلت نہ برتیں ۔
مجلس اصلاح وتنظيم بھٹکل کی طرف سے اہم ھدایات
1) ڈیزاسٹرمینجمینٹ ایکٹ کے تحت سرکاری محکمہ کے علاوہ کسی بھی فرد کو اپنی طرف سے کورونا واۂرس covid - 19 سے متعلق کوئی خبر (ویڈیو آڈیو وغیرہ) پوسٹ یا اس کو فاروڈ کرنا سخت منع ہے اور یہ قابل سزا جرم ہے *واٹساپ گروپ ایڈمن* " اس پر خصوصی توجہ دیں-
2) لاک ڈاؤن کے ان ایام میں والدین کی یہ اہم ذمہ داری ہے کہ اپنے بچوں کے فارغ اوقات کو لغویات میں ضائع ہونے نہ دیں اور فرصت کے ان ایام کو کارآمد بنانے کی فکر کریں مفید مشغولیات کے سلسلہ میں ان کی رہنمائی کریں
3) گھروں میں باجماعت پنج وقتہ نمازوں اور روزانہ تلاوت کی پابندی کریں اور ہمیشہ باوضو رہنے کی کوشش کریں اور اپنے ماتحتوں کو بھی اس کی تاکید کریں وضو کرتے ہوئے فرائض وضو کے ساتھ سنتوں کا بھی مکمل طور پر اہتمام کریں ، کلی، غرغرہ، ناک میں اچھی طرح پانی پہنچانا وغیرہ وغیرہ
4) موجودہ حالات میں کسی طرح کی ایمرجنسی سروس کے لئے متعلقہ سرکاری محکمہ سے گذشتہ دئیے گئے نمبرات پر رجوع کریں مزید ضرورت پڑنے پر مجلس اصلاح وتنظيم بھٹکل کے ذمہ داران سے کسی بھی وقت رابطہ کیا جا سکتا ہے
5)موجودہ حالات میں اپنی طرف سے کوئی ایسا میسیج وائرل نہ کریں جو معاشرے میں کسی بھی طرح کی پریشانی، انتشار، اور کنفیوژن کا سبب بنے کوئی اہم بات یا کوئی واقعہ پیش آئے تو تنظیم کے ذمہ داران کو اس سے مطلع کریں تنظیم کی طرف سے باضابطہ تحقیق کے بعد اس ضمن میں میسج پوسٹ کیا جائے گا تاکہ غیر ضروری میسیجز کی وجہ سے عوام الناس کو پریشانی کا سامنا کرنا نہ پڑے
6) مجلس اصلاح وتنظيم کے ذمہ داران یا تنظیم کے نامزد کردہ نمائندوں کے علاوہ تنظیم کے نام سے انفرادی یا اجتماعی طور پر کسی قسم کی وصولی کا کام بالکل نہ کریں اس طرح کی شکایت ملنے پر تحقیق کے بعد خاطی کے خلاف کارروائی کی جائے گی
7 ) بھٹکل کے تمام جائداد مالکان سے مجلس اصلاح وتنظيم بھٹکل دردمندانہ اپیل کرتی ہے کہ موجودہ ایمرجنسی کے حالات کے مدنظر ماہ اپریل و مئی 2020 ( دکان مکان ہوٹلس آفسس) دو مہینے کے کرایہ داروں کے کرایوں کو معاف کریں گذشتہ کچھ عرصہ سے بالخصوص مقامی کاروباری حالات بہت خستہ ہیں مزید لاک ڈاؤن نے تاجروں کی کمر توڑ دی ہےآپ کے اس اقدام سے کرایہ داروں کو کچھ راحت ملے گی اور آپ بھی خدا کی طرف سے بڑے اجر و ثواب کے مستحق قرار پائیں گے انشاءاللہ
8) واٹساپ پر آج کل بعض لذیذ کھانوں کے اشتہارات نظر آتے ہیں مالدار آرڈر کرکے منگوا لیتے ہیں لیکن بہت سے غریب جنھیں لاک ڈاؤن کی وجہ سے واجبی کھانے کی اشیاء بھی بمشکل فراہم ہوتی ہے انھیں اس سے تکلیف ہوتی ہے نیز اسطرح کے حالات میں ہمیں اپنی طرزِ زندگی میں تبدیلی لاتے ہوئے کھانے پینے وغیرہ میں بھی سادگی اختیار کرنے کی کوشش کرنی چاہئے
9)لاک ڈاؤن کی میعاد میں 3 مئی 2020 تک کی توسیع کی گئی ہے اس پورے عرصے میں ہیلتھ ایمرجینسی کے اصولوں اور تنظیم کی ھدایات کی مکمل پابندی کرتے ہوئے اپنے آپ کو گھرمیں رہنے کا پابند بنائیں اور گھروں سے باہر نکل کر خود اپنی ذات، اپنوں، اور دوسروں کے لئے مصیبت کا سبب نہ بنیں
10) اس مشکل وقت میں اللہ تعالیٰ سے اپنے تعلق کو مضبوط سے مضبوط تر بنانے کی کوشش کریں، نماز تلاوت و یومیہ اذکار کا اہتمام کریں اور اپنے ماتحتوں کو اس کا خصوصی طور پر اہتمام کرائیں، اور اللہ رب العزت سے لو لگا کر دعاؤں کا اہتمام کریں کہ اللہ تعالیٰ جلد سے جلد پورے عالم کو اس وبا سے خلاصی عطا فرمائے
مذکورہ بالا ھدایات پر مکمل عمل کرنے کی تماموں سے پرخلوص درخواست ہے
خیر اندیش
جنرل سکریٹری
مجلس اصلاح وتنظيم بھٹکل
Share this post
