بھٹکل تنظیم موبائل کلنک کا 3 جولائی بروز سنیچر سے ہورہا ہے دوبارہ آغاز

بھٹکل 30؍ جون 2021(فکروخبرنیوز) بھٹکل تنظیم نے موجودہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے موبائل کلنک کو دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس بات کی جانکاری تنظیم میڈیا کوآرڈینٹر ڈاکٹر محمد حنیف شباب نے دی ہے ۔ فکروخبر سمیت دیگر میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے قبل موبائل کلنک بھٹکل مسلم خلیج کونسل ، آئی این ایف اور ویلفیر ہاسپٹل کے تعاون سے شروع کیا گیا تھا جس کے تحت دو ہزار سے زائد افراد کا علاج ومعالجہ کیا گیا ، ساحلی پٹی کےدو روزہ دورے پر ساڑھے تین سو سے زائد افراد کا علاج کرایا گیا۔  انہوں نے بتایا کہ اب کورونا کے معاملات پہلے جیسے نہیں ہے لیکن علاج ومعالجہ کی ابھی  ضرورت ہے اور اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے اب تنظیم نے 3 جولائی بروز سنیچر سے اسے دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور  بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن اور دیگر اسپورٹس سینٹرس کا تعاون ہمیں اس مرتبہ بھی حاصل رہے گا اور وہ اس کی ترتیبات انجام دیں گے۔

انہوں نے  کوویڈ کیئر سینٹر میں علاج ومعالجہ کی سہولیات مہیا ہونے کی بات کہتے ہوئے کہا کہ وہاں بھی اپنا علاج کرایا جاسکتا ہے۔

اس موقع پرانہوں نے بھٹکل مسلم جماعت دبئی کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا اور اسی طرح دیگر جماعتوں ، ذمہ داران اور جن افراد نے بھی کورونا کے ان حالات میں تنظیم کا ہر طرح سے ساتھ دیا ہے ان کا بھی انہوں نے خصوصی شکریہ ادا کیا۔

Share this post

Loading...