بھٹکل : ڈاکٹروں اور تنظیم کے ذمہ داران کی مشترکہ نشست: موجودہ صورتحال کا لیا گیا جائزہ، طبی سہولیات کو مزید بہتر بنانے پر دیا گیا زور

بھٹکل18/ اگست 2020(فکروخبر نیوز) شہر میں مزید طبی سہولیات کو بہتر بنانے اور ڈاکٹروں کو مزید خدمات انجام دینے اور ساتھ ہی ساتھ تنظیم کی جانب سے جاری طبی میدان میں کام کی صورتحال سامنے رکھتے ہوئے اس کو مزید تقویت پہنچانے کی غرض سے بروز منگل بعد عصر مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل اور شہر کے ڈاکٹروں کے کی ایک مشترکہ نشست منعقد کی گئی جس میں شہر کے ڈاکٹروں نے مفید مشوروں سے نوازتے ہوئے اس میدان میں مزید خدمات دینے کی یقین دہانی کی۔ اس موقع پر تنظیم کے جنرل سکریٹری مولانا عبدالرقیب ایم جے ندوی نے اپنے افتتاحی کلمات میں واضح کیا کہ تنظیم، آئی این ایف اور بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے تعاون سے قائم کردہ کوویڈ سینٹر پیسے کمانے کے لئے بلکہ خدمتِ خلق کے ادارہ سے قائم کیا گیاہے۔ انہوں نے بتایا کہ انسانیت کی خدمت ہی اصل چیز ہے اور ہمیں اس میدان میں مزید آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ انہو ں نے ڈاکٹروں سے تعاون کرنے کی بات کہتے ہوئے کہا کہ جہاں ڈاکٹر کی توجہات کی وجہ سے کئی مریضوں کی جان بچ جاتی ہے وہیں ان کی غفلت کی وجہ سے کئی مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں، اس لئے ڈاکٹروں کو اپنی ذمہ داریاں سمجھتے ہوئے بھٹکل کے موجودہ حالات میں قوم وملت کے لئے مزید خدمات دینے کی اپیل کی۔ 
نائب صدر تنظیم جناب عتیق الرحمن منیری نے کہا کہ انسانیت کی خدمت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ اسپتال قائم کیا گیا ہے۔ یہاں پر ہم نے ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم مہیا کرائی ہے جو انڈیا اسپتال کے زیر سرپرستی ہیں۔ ما شاء اللہ ہمارے ڈاکٹروں کی ٹیم نے اپنی بھرپور خدمات انجام دے رہی ہیں۔ اب تک کئی مریض اس سے فائدہ اٹھاچکے ہیں۔ انہوں نے اپنے خیالات کے دوران کہا کہ ابھی تک اس اسپتال کو ہمیشہ کے لئے قائم رکھنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ 
سابق نائب صدر تنظیم جناب عنایت اللہ شاہ بندری نے کہا کہ ہمیں کورونا کا خوف لوگوں کے دلوں سے نکالنے کے لئے کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔ جو لوگ بیمار ہیں وہ خوف کی وجہ سے اسپتالوں میں نہیں جارہے ہیں جس کی وجہ سے ان کی طبیعت مزید بگڑ رہی ہے اس سلسلہ میں ڈاکٹروں سے تعاون کرنے کی درخواست کی۔ جلسہ کی غرض وغایت بیان کرتے ہوئے محی الدین رکن الدین نے کہا کہ شہر کے موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے ڈاکٹروں سے تنظیم کی اس ملاقات کا پروگرام بنایا گیا او ربہت ہی کم وقت میں ڈاکٹراتنی بڑی تعداد میں یہاں جمع ہوگئے۔ انہوں نے ڈاکٹروں کا استقبال کرتے ہوئے ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔  ڈاکٹروں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مزید خدمات انجام دینے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ 

Share this post

Loading...