بھٹکل واطراف کے ماہی گیروں کی ایران سے رہائی پر تنظیم کو مختلف جماعتوں کی جانب سے موصول ہوئے شکریہ نامے

تنظیم کے ساتھ کنیرا مسلم خلیج کونسل ، ناخدامسلم جماعت دبئی وابوظبی کی خدمات بھی لائقِ تحسین 

بھٹکل 28؍ جنوری 2019(فکروخبر نیوز) بھٹکل اور اطراف سے تعلق رکھنے والے ایران میں قید اٹھارہ افرادکی رہائی کے بعد سماجی ادارہ مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل کا اطراف واکناف کی جماعتوں کی جانب سے شکریہ ادا کرتے ہوئے تنظیم کی کوششوں کی سراہنا کی گئی۔ناخدا جماعت مرڈیشور ، نارتھ کنیرا ناخدا مسلم ویلفیر اسوسی ایشن ، جامع مسجد جماعت المسلمین ناخدا محلہ منکی وغیرہ کی جا نب سے مجلس اصلاح وتنظیم کو شکریہ نامے موصول ہوئے ہیں اور انہوں نے اس پر تنظیم کا بے حد شکریہ ادا کرتے ہوئے آئندہ میں اسی طرح ملی خدمات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی امید کا اظہار کیا ہے۔ بعض جماعتوں کی جانب سے ایس ایم سید خلیل الرحمن صاحب اور جنا ب ابو محمد مختصر صاحب کا بھی خصوصی طورپر شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی خدمات کی بھی سراہناکی ہے۔ یاد رہے کہ دبئی میں ماہی گیری کے لیے جانے والے افراد کو ایرانی حکام نے اپنے سمندری حدود میں داخل ہونے کے الزام میں اٹھارہ افراد کو حراست میں لیا تھا۔جیسے ہی یہ خبر دبئی میں مقیم بھٹکل اوراس کے مضافاتی علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو ملی تو انہو ں نے اس سلسلہ میں کوششیں کرتے ہوئے انہیں رہائی دلانے میں اہم کردار ادا کیا تھا جن میں مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل کے ساتھ ساتھ کنیرا مسلم خلیج کونسل ، ناخدامسلم جماعت دبئی وابوظبی اورمرکزی جماعت المسلمین تینگن گنڈی قابلِ ذکر ہیں۔

Share this post

Loading...