تنظیم کی سو سالہ خدمات قابلِ مبارکباد :ڈاکٹر محمود الرحمن

موصوف نے کہا کہ تعلیم کے میدان میں مسلمان آگے بڑھیں۔پبلک سروس کے امتحانات میں حصہ لیں۔اور اپنی قابلیت کی بنیاد پر دوسروں سے آگے بڑھیں۔بھٹکل کے حالات دیکھ کر خوشی ہوئی مگر ایک دو جگہوں کے بہتر حالات پر مطمئن رہنا درست نہیں ہے۔ہر جگہ اس طرح کا کام ہوناچاہئے۔جہاں جہاں ضرورت ہو اس طرح کے ادارے قائم ہو نے چاہئیں۔اچھے اخلاق وکردار مسلمانوں کا خاصہ ہے اس طرف نوجوانوں کو راغب کریں۔قرآن مجید کی تعلیمات کی روشنی میں آگے بڑھیں ۔آپسی اتحاد کو برقرار رکھیں ۔معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ معیشت کے میدان میں بھی آگے بڑھیں۔آپ نے اپنے خطاب میں بر موقع اشعار کا بھی استعمال کیا۔اس موقع پر بعض حاضرین دہشت گردی کے نام پر مسلمانوں کو بدنام کئے جانے کے تعلق سے موصوف سے سوالات بھی کئے ۔جن کا موصوف نے جواب دیا۔
جنرل سکریڑی جناب کھروری محی الدین الطاف صاحب نے مجلس اصلاح وتنظیم کی مختلف شعبوں میں کی جانے والی سرگرمیوں اور خدمات کا خلاصہ پیش کیا۔اس کے ساتھ ساتھ میڈیا میں بھٹکل کو بدنام کئے جانے کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے اس کے تدارک کے سلسلہ میں معزز مہمان سے مشورے چاہے۔نیز مسلمانوں کو سیاسی پارٹیوں پر انحصار کر نے کے بجائے کیرلہ میں مسلم لیگ،آندھرا میں مجلس اتحادالمسلمین اور آسام میں بدر الدین اجمل صاحب کی پارٹی کے طرز پر اپنے بل بوتے پر ایک سیاسی طاقت بن کر ابھر نے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اس سلسلہ میں مہمان موصوف سے رہنمائی چاہی۔
جناب ڈاکٹر محمود الرحمن صاحب نے خود کو تنظیم میں مدعو کئے جانے پر شکریہ ادا کیا۔اور کہا کہ تنظیم جیسا مختلف طرح کی سرگرمیوں اور خدمات کو انجام دینے والا ادارہ کہیں نہیں دیکھا۔ضابطہ کے تحت زندگی گذارنا اور ڈسپلن قائم کرنا بہت ضروری ہے۔
اجلاس کی صدارت نائب صدر تنظیم جناب شاہ بندری عنایت اللہ صاحب نے فرمائی۔مولوی برماور سید یاسر صاحب ندوی کی تلاوتِ آیاتِ کریمہ سے کارروائی کا آغاز ہوا۔سکریڑی برائے انتظامی امور مولوی عبد الرقیب صاحب نے معزز مہمان کی آمد پر انتہائی خوشی کا اظہار کر تے ہوئے آپ کا مختصراً تعارف پیش کیا۔
صدر جلسہ جناب شاہ بندری عنایت اللہ صاحب نے بھی صدارتی کلمات میں معزز مہمان کے مشوروں پر عمل پیرائی کی یقین دہانی کی۔خاص کر پبلک سروس کے امتحانات کی طرف ہمارے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کئے جانے کی بات کہی۔اور سیا ست میں بھی ہماری بیداری کے بارے میں بتایا کہ تنظیم اسمبلی اور پارلیمانی انتخابات کے موقعوں پر حالات کا جائزہ لیتے ہوئے مسلمانوں کی رہنمائی کر تی ہے۔مقامی طور پر میونسپل الیکشن میں تنظیم کا مؤثر رول بر قرار ہے اور بھٹکل میؤنسپلٹی میں تنظیم کے حمایت یافتہ اراکین کی اکثریت ہے۔آپ نے تمام حاضرینِ اجلاس کا شکریہ ادا کیا ۔آخر میں قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا محمد اقبال ملّا ندوی صاحب کی دعا کے بعد یہ نشست اختتا م پذیر ہوئی۔ملحوظ رہے کہ اس نشست میں تنظیم اراکینِ انتظامیہ کے علاوہ مرکزی اداروں کے ذمہ داران اور دیگر حضرات بھی خصوصی طور پر مدعو تھے۔

Share this post

Loading...