ملک میں چل رہے ماپ لنچنگ کے خلاف مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کا 5جولائی کو احتجاجی مظاہرہ

 بھٹکل 03/ جولائی 2019(فکروخبر /پریس ریلیز)  ملک بھر میں اقلیتوں اورخاص کرکے مسلمانوں کو ہجومی تشدد کا نشانہ بنانے اور بے دردی سے قتل کرنے کا جو سلسلہ چل پڑا ہے اس کی مذمت کرتے ہوئے مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل کی طرف سے 5جولائی بروز جمعہ بعد عصر ایک احتجاجی ریالی اور جلسے کا اہتمام کیا گیا ہے۔    
    احتجاجی ریالی عیدگاہ سے پونے پانچ بجے نکلے گی اور شمس الدین سرکل سے ہوتے ہوئے پبلک چبوترے پر پہنچ کر جلسے میں تبدیل ہوجائے گی۔جہاں پر ملک میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال اور درپیش خطرات کے تعلق سے اظہار خیال کیا جائے گا۔
    احتجاجی مظاہرے کے منتظمین نے بتایا کہ یہ مذمتی اجلاس کسی فرقے یا قوم کے خلاف نہیں ہے بلکہ مظلوموں کی حمایت اور ظالموں کی مخالفت کرنا اس کا مقصد ہے۔کیونکہ ملک میں قانون کی بالادستی ختم کرنے اور شرپسندوں کے ذریعے قانون اپنے میں ہاتھ میں لینے کی وجہ سے باشندگان ملک کے اندرخوف و دہشت کا ماحول پیدا ہوگیا ہے۔لاقانونیت جیسے اس ماحول میں اقلیتیں اپنے آپ کو بالکل غیر محفوظ محسوس کررہی ہیں۔ اس لئے مرکزی حکومت کو چاہیے کہ امن وامان اور دستور کی بالادستی قائم کرنے کے لئے اقدامات کیے جائیں۔ مختلف بہانوں سے جان لیوا حملے کرنے کا سلسلہ روکا جائے۔ مجرموں کو قرار واقعی سزا دی جائے۔ان مطالبات کے ساتھ ایک میمورنڈم اسسٹنٹ کمشنر کی معرفت ڈی سی کو دیا جائے گا۔
    مجلس اصلاح و تنظیم کے ذمہ داران نے بھٹکل و اطراف کے عوام سے درخواست کی ہے کہ بلا تفریق مذہب و ملت انسانیت اور امن و امان کی بقا کے لئے ہونے والے اس مظاہرے میں کثیر تعداد میں شریک ہوں۔ بھٹکل کے مقامی تاجروں سے خصوصی گزارش کی گئی ہے کہ جمعہ کی دوپہرسے جلسے کے اختتام تک اپنی دکانیں بندرکھتے ہوئے اس احتجاجی مظاہرے میں شرکت کریں اور جلسے کو کامیاب بنائیں۔

Share this post

Loading...