بھٹکل 16؍ مئی 2020(فکروخبر) موجودہ حالات کے تناظر میں مجلس اصلاح تنظیم نے عوام سے اےک دردمندانہ اپیل کی ہے۔ تنظیم کی طرف سے جاری پریس ریلیز آپ ملاحظہ کرلیں۔
برادران ملت
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل مسلمانان بھٹکل کا نمائندہ ادارہ ہے جو سو سال سے زائد عرصے سے بھٹکل اور اس کے اطراف کے باشندوں کی خدمت کرتا آرہا ہے یہ ہمارے اسلاف کی قیمتی وراثت اور قوم کی ایک انمول امانت ہے جس کی حفاظت کرنا اور اسے مضبوط و مستحکم کرنا ہم سبھوں کی ذمہ داری ہے اس کی خدمات سے ہر فرد واقف ہے اس کی ضرورت اور افادیت کے سب معترف ہیں اس کی آواز پر لبیک کہنے کے لئے پوری ملت تیار ہے اس کے قیام کے سو سال کی تکمیل پر منایا گیا پانچ دنوں پر پھیلا ہوا تنظیم صد سالہ جشن بھی ابھی کچھ سال قبل آپ حضرات نے دیکھا اور تنظیم کی تاریخ اس کے کردار اس کی خدمات کے علاوہ اس کے بانیوں اور خدمت گزاروں کی سوانح حیات اور ان کی خدمات سے بھی آپ متعارف ہوئے اب تک تنظیم ملت کے لئے اور سماج کے لئے جو کچھ کرتے آرہی ہے وہ آپ دیکھتے آرہے ہیں ابھی حالیہ دنوں میں کرونا وائرس کے متعدی مرض کی روک تھام کے لیے نافذ لاک ڈاؤن کے نتیجے میں پیدا شدہ تکلیف دہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے اللہ کے فضل و کرم سے تنظیم نے عوامی سطح پر جو خدمات انجام دی ہیں انہیں بھی آپ نے دیکھا ایسے ادارہ پر ہمیں فخر ہونا چاہئے ادارے کی قیادت میں ہم سبھوں کو متحد ہوکر آگے بڑھنا چاہیے اور اسے ہر اعتبار سے مضبوط بنانا چاہیے بالخصوص اسے مالی طور پر مضبوط کرنا وقت کا اہم تقاضہ ہے تنظیم کا استحکام ہمارا استحکام ہے
سماجی خدمات اور سیاسی رہنمائی کے علاوہ تنظیم معاشرے کے غریب و نادار افراد کی مالی امداد کے میدان میں بھی بہت اہم کردار ادا کر رہی ہے اس ضمن میں اس کا مالی امداد کا شعبہ مستقل طور پر کام کر رہا ہے جس کے تحت ہر سال زکوۃ بجٹ ترتیب دے کر مختلف مدوں میں مستحقین کو مالی امداد دی جاتی ہے اس سلسلہ میں طلبہ و طالبات کی اسکول و کالج فیس کی ادائیگی ماہانہ راشن کی فراہمی بیماروں کے علاج معالجہ کے لیے امداد اور اور شادی بیاہ کے لیے امداد قابل ذکر ہیں ان کے علاوہ مسافرین، لاوارث میتوں کی تجہیز و تدفین، اور تالیف القلوب، وغیرہ مدوں کے تحت بھی امداد دی جاتی ہے ان تمام امور کی انجام دہی کے لییایک کثیر رقم کی ضرورت ہیجس قدر زیادہ ہمیں زکوۃ کے رقم حاصل ہوگی اسی قدر ہم اپنے زکوۃ بجٹ کو وسعت دے کر زیادہ سے زیادہ غریبوں کی مدد کر سکیں گے
رمضان المبارک کا مہینہ اپنے اختتام کی طرف بڑھ رہا ہے یہ نیکی اور غمخواری کا مہینہ ہے اس ماہ مبارک میں اللہ ایک نیکی کا ثواب ستر گناہ زیادہ عطا فرماتے ہیں جو حضرات اپنے مال کی زکوۃ نکالتے ہیں ان سے ہماری مودبانہ گزارش ہے کہ وہ تنظیم کے کردار کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی زکوۃ کا بڑاحصہ تنظیم کو فراہم کریں تاکہ ان کی زکوۃ کی رقم صحیح مصرف میں مستحقین تک پہنچ پائے اور اس کا بھرپور اجر انہیں مل پائے
امید کرتے ہیں کہ اس گذارش پر خصوصی توجہ دی جائے گی اس کے لیے آپ حضرات تنظیم کے عہدیداران و ذمہ داران یا اپنے حلقے کے تنظیم اراکین انتظامیہ سے رابطہ کر سکتے ہیں اللہ تعالی ہم سبھوں کی عبادتوں، ریاضتوں، و صدقہ و خیرات کو قبول فرمائے جن پریشان کن حالات سے ہم گزر رہے ہیں ان کے اختتام اور خیر و عافیت کے ساتھ معمولات زندگی کو واپس لانے کے اسباب پیدا فرمائے آمین
تمام حضرات کی خدمت میں عید الفطر کی پیشگی مبارکباد
منجانب
صدر وجنرل سکریٹری، عہدیداران وجميع اراکین انتظامیہ
مجلس اصلاح وتنظيم بھٹکل
Share this post
