مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل کی جانب سے 23دسمبر بروز پیر صبح دس بجے منعقد ہورہا ہے عظیم احتجاجی جلوس وجلسہ

بھٹکل 22/ دسمبر 2019(فکروخبر نیوز)  سی اے اے اور این آر سی کے خلاف ملک بھر جاری احتجاج کے دوران بھٹکل کی سیاسی اور سماجی تنظیم مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل نے 23دسمبر بروز پیر ایک احتجاجی جلسہ اور جلوس منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے جس کی اطلاع تنظیم کے جنرل سکریٹری مولوی عبدالرقیب ایم جے ندوی اور جلسہ وجلوس کے کنوینر جناب عنایت اللہ شاہ بندری نے دی۔ اخباری نمائندوں کو جناب عنایت اللہ شاہ بندری نے بتایا کہ مرکزی حکومت کے ذریعہ حال ہی میں پاس کیے گئے سی اے اے قانون کے ذریعہ جس طرح مسلمانوں کا دائرہ تنگ کرنے کی کوششیں جاری ہیں اس کے خلاف پوری ملت اسلامیہ آواز اٹھارہی ہے۔ تنظیم نے بھی اپنا احتجاج درج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس قانون کے خلاف یہ پہلا قدم ہے، پورے ضلع کے ذمہ داروں کو ہم نے ایک جگہ جمع کرکے اس بات کو رکھا اور انہو ں نے بھی اس کی تائید کی ہے۔ لہذااس کو آخری نہ سمجھا جائے بلکہ ابھی اس کی ابتدا ہے۔ جب تک یہ قانون واپس نہیں لیا جاتا ہے اس وقت تک ہماری آواز بلند ہوتی رہے گی۔ انہوں نے عوام سے اس احتجاج میں شرکت کرنے کی گذارش کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ اس دوران پر امن رہیں اور دوسروں کو کسی بھی طرح کا موقع فراہم نہ کریں۔ یہ جلوس صبح دس بجے وائبھاؤ ہوٹل کے پاس سے نکل کر شمس الدین سرکل ہوتے ہوئے انجمن ہائی اسکول کے گراؤنڈ پہنچے گا جہاں پر جلسہ منعقد ہوگا۔ 
تنظیم کے جنرل سکریٹری مولوی عبدالرقیب ایم جے ندوی نے کہا کہ یہ احتجاج کسی مذہب کے خلاف نہیں بلکہ اس کالے قانون کے خلاف ہے جس کے ذریعہ مسلمانوں کو ہراساں کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ ہمارایہ احتجاج یہاں سے شروع ہواہے اور قانون و اپس لینے تک جاری رہے گا۔ جنرل سکریٹری نے کہا کہ اس احتجاج کا فیصلہ صرف ہم نے نہیں کیا ہے بلکہ ضلع کے جملہ مکاتبِ فکر کے ذمہ داروں کو سرسی کے رحمانیہ ہال میں جمع کرکے ایک خصوصی نشست کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں تقریباً سوا سو لوگوں نے شرکت کرتے ہوئے اس کالے قانون کے خلاف آواز اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں انہو ں نے مزید بتایا کہ یہ متحدہ وفاق ان شاء اللہ اپنی کوشش جاری رکھے گا۔مزید کہا کہ جب دستورِ ہند کی اس طرح دھجیاں اڑائی جائیں تو ہر ہندوستانی کا یہ حق ہے وہ خاموش نہ بیٹھیں بلکہ اپنی اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کریں۔ تنظیم کے جنرل سکریٹری نے اپیل کی ہے کہ احتجاج کے لیے جو ہدایات تنظیم کی جانب سے جاری کی گئیں ہیں اس کا لحاظ رکھیں اور پورے سکون اور اطمینان کے ساتھ آخر تک ہمارا ساتھ دیں۔ 

Share this post

Loading...