مجلس اصلاح و تنظیم کی جانب سے بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن اور الہلال ایسوسی ایشن کی خدمات کے اعتراف میں تہنیتی اجلاس

بھٹکل05؍ ستمبر 2021(فکروخبرنیوز) مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل کی جانب سے آج بعدِ عصر تنظیم ہال میں کورونا لاک ڈاؤن میں فیڈریشن اور عید الأضحیٰ کے موقع پر الہلال اسوسی ایشن کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے ان کے ذمہ داران کی تہنیت کی گئی اور ان کی خدمت میں سپاس نامہ بھی پیش کیا گیا۔ 
یاد رہے کہ کورونا کی وجہ سے نافذ لاک ڈاؤن میں بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے ذمہ داران اور اس سے جڑے نوجوانوں نے اپنے سماجی خدمات پیش کی تھی۔ ڈاکٹروں کے پاس لے جانے اور ان کی واپسی کاانتظام ، اسی علاج کے لیے کنداپور اور منگلورو جانے والے افراد کے ساتھ ساتھ دیگر انسانی ضروریات کی تکمیل کے لیے اپنی خدمات پیش کیں تھیں۔ اسں سلسلہ میں قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ مذہب سے اوپر اٹھ کر انہوں نے یہ کام انجام دیا جس کی وجہ سے ہر طرف سے اس کی سراہنا کی گئی۔ خصوصاً غیر مسلموں نے بھی فیڈریشن کے نوجوانوں کے اس جذبہ کی خوب ستائش کرتے ہوئے اسے بھٹکل کی پہچان قرار دیا تھا۔ 
اسی طرح ہر سال کی طرح امسال بھی عید الأضحیٰ کے موقع پر فضلہ جات کو گھر گھر سے اکٹھا کرنے اور اسے محفوظ مقام پر منتقل کرنے کا کام الہلال اسوسی ایشن نے بڑی خوش اسلوبی کے ساتھ نبھایا۔ خصوصی طور پر اپنی عید کی خوشیوں کو قربان کرتے ہوئے عید کے چاروں دن یہ خدمات انجام دی۔ ان کی خصوصیت یہ ہے کہ شہر بھر میں جہاں جہاں قربانی کی سنت انجام دی جاتی ہے وہاں پہنچ کر فضلہ جات اکٹھا کرتے ہیں اور پوری حفاظت کے ساتھ اس کو دوسری جگہوں پر منتقل کرتے ہیں۔ اس دوران شہر کے امن وامان کو بحال رکھنے کے لیے کوئی ایسی غلطی نہیں کرتے جس سے شہر اور ذمہ داران پر حرف آجائے۔ ان کی بھی اس خدمات کی خوب سراہنا کی جاتی ہے۔ 
اس موقع پر تنظیم کے ذمہ داران نے فیڈریشن اور الہلال کے نوجوانوں کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے  مستقبل میں بھی اسی جذبہ کے ساتھ کام کرنے پر ابھارا اور اس بات کا اظہار کیا کہ خدمت سے انسان کی پہنچان ہوتی ہے اور اس پراللہ تعالیٰ کیا کچھ نوازتے ہیں اس کا اندازہ نہیں لگایا جاسکتا۔ 
فڈریشن اور الہلال کے نوجوانوں نے تنظیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان خدمات کی انجام دہی پر اللہ رب العزت کا شکر بجالایا اور کہا کہ محض اسی کی توفیق اور فضل سے یہ کام بحسن وخوبی انجام پائے۔ 
اس موقع پر جناب ایس ایم سید پرویز ، جناب عبدالرقیب ایم جے ندوی ، جناب عنایت اللہ شاہ بندری ، مولانا وصی اللہ ندوی ، مولانا یاسر ندوی ، مولانا جواد کوڑمکی ندوی ، جناب عبدالرحیم اور دیگر موجود تھے۔ 

Share this post

Loading...