بھٹکل 07؍ جون 2021(فکروخبرنیوز) مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل اور بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے تعاون سے این آر آئیز اور پینتالیس سال سےمتجاوز افراد کے لیے رابطہ ہال میں کورونا ٹیکہ کاری کا آج انتظام کیا گیا جس سے بڑی تعداد میں لوگوں نے فائدہ اٹھایا۔ خصوصی طور پر این آر آئیز کے لیے یہ اقدام بڑا مدد گارثابت مانا جارہا ہے۔ یاد رہے کہ بھٹکل سے تعلق رکھنے والے افراد بڑی تعداد میں خلیجی ممالک اور دیگر ممالک میں قیام پذیر ہیں جن میں سے کئی لوگ چھٹیاں منانے مقام پر آئے تھے۔ اس دوران کورونا کی دوسری لہر کی وجہ سے کئی ممالک نے ہوائی سفر معطل کردیا ہے۔ ان ممالک کی طرف سے کورونا ٹیکہ کاری کے تعلق سے گائیڈ لائن بھی جاری کی جاچکی ہے جس کے مطابق ہندوستان سے سفر کرنے والوں کے لیے کورونا ٹیکہ کاری ضروری قرار دی گئی ہے۔ اس بات سے این آر آئیز میں کافی تشویش دیکھی گئی اور کئی مرتبہ انہوں نے سرکاری اسپتال کے بھی چکر کاٹے۔ اب تنظیم اور خلیج کونسل کی طرف سے ٹیکہ کاری کا انتظام کیے جانے پر وہ کافی خوش نظر آئے اورانہوں نے ذمہ داران کے ساتھ ساتھ مقامی انتظامیہ کا بھی شکریہ ادا کیا۔
اسی طرح پینتالیس سال سے متجاوز افراد کے لیے شہر کے مختلف علاقوں میں کورونا ٹیکہ کاری کا انتظام کرنے کی وجہ سے انہیں راحت پہنچی ہے۔ رابطہ ہال کے زیریں حصہ کے علاوہ منکولی اور آسار کیری میں بھی پینتالیس سال سے متجاوز افراد کے لیے ویکسین کا انتظام کیا گیا ہے۔
فکروخبر کے مطابق آٹھ سو سے زائد افراد نے آج کورونا کا ٹیکہ لگایا اور خبر لکھے جانے تک بھی کورونا ٹیکہ کاری جاری تھی۔
اس موقع پر بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے نوجوانوں نے عوام کی رہنمائی کی اور کاغذی کارروائی سے لے کر ویکسین لینے تک برابر ان کے ساتھ رہے۔ تنظیم اور مسلم خلیج کونسل کے ذمہ داران نے بھی موقع پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا۔
Share this post
