تیزرفتارٹرک کی زد میں آنے سے چچاکی موت ،بھتیجہ زخمی
کانپور۔8دسمبر(فکروخبر/ذرائع ) فضل گنج کی جانب سے آرہے ایک تیز رفتار ٹرک نے اسکوٹر پر سوار چچابھتیجے کو کچل دیا۔حادثہ میں چچاکی موقع پر ہی موت ہوگئی جب کہ بھتیجہ شدیدطورسے زخمی ہوگیا۔حادثہ کے بعد مقامی لوگوں نے ٹرک ڈرائیورکو پکڑلیا اورٹرک میں آگ لگادی ۔ا طلاع ملنے کے بعد موقع پر پہنچی پولیس نے مشتعل لوگوں کوسمجھا ۔فائربریگیڈ ملازمین نے ٹرک میں لگی ہوئی آگ پر قابو پایا۔ موصولہ خبر کے مطابق فضل گنج علاقہ کے باشندے گنگارام کا بیٹا آزادکباڑی مارکیٹ میں کام کرتاتھا۔ اتوارکی دوپہر فضل گنج چوراہے پر گرونانک میڈیکل اسٹورکے قریب بے قابو ٹرک نے اسکوٹر میں ٹکر ماردی ۔حادثہ میں ایک شخص کی موقع پر ہی موت ہوگئی جب کہ دوسرانوجوان وریندرشدید طورسے زخمی ہوگیا۔حادثہ کے بعد ٹرک ڈرائیور راستے میں ٹرک کو چھوڑکر فرارہوگیا۔مشتعل لوگوں نے ٹرک میں آگ لگادی ۔ہنگامہ اورآگ کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس اورفائربریگیڈ کی گاڑیاں جائے حادثات پر پہنچی ۔پولیس کو دیکھ کر مقامی لوگوں نے پتھراؤ کرنا شروع کردیا۔ اطلاع ملنے کے بعد ایس ایس پی کے ایس ایمینول ، ایس پی مغرب ہری چندرمع پولیس عاملہ کے موقع پر پہنچے ۔ایس ایس پی نے مشتعل لوگوں کوسمجھایا پولیس نے زخمی کو ہیلٹ اسپتال میں داخل کرادیاگیا ۔ اورمتوفی کے چچاکی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔
پک اپ کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار کی موت
محمودآباد ؍سیتاپور۔8دسمبر(فکروخبر/ذرائع )تحصیل محمودآباد کی تھانہ ریوسا شاہراہ پر ریوسا قصبہ کے پورب پلیا کے پاس چھتونہ گاؤں کے باشندے موٹرسائیکل سوار کی کار سے ٹکر ہونے سے موت ہوگئی جب کہ موٹرسائیکل پر سوار دوسرے نوجوان کی تشویشناک حالت کی بناء پر اسے لکھنؤ کے ٹراما سنٹر بھیج دیاگیا ۔ دونوں نوجوان اپنے گاؤں چھتونہ جا رہے تھے ۔اطلاع کے مطابق تھان گاؤں تھانہ کے علاقہ کے سمسیری پوروہ مزرعہ سریاں چھتونہ ساکن عبد القیوم (۳۵ )اپنے ہی گاؤں کے ایک دوست راجو (۲۵ )کے ساتھ ریوسا جا رہے تھے اسی درمیان قصبہ کے قریب محمودآباد روڈ پر پلیا کے پیچھے سے تیز رفتار سے آرہی پک اپ نے بائک میں ٹکر مار دی ۔ٹکرلگنے سے قیوم کی پک اپ کے نیچے دب کر موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ اس کا دوست راجو شدید طور پر زخمی ہوگیا ۔زخمی کو ریوسا کے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر داخل کرایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی تشویشناک حالت کو دیکھتے ہوئے اسے لکھنؤ ٹراما سینٹر بھیجنے کی صلاح دی۔موقع پر پہنچی پولیس نے پک اپ کو اپنے قبضہ میں لے لیا ۔ عبدالقیوم کے بھائی کی تحریر پر پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے ۔واضح رہے کہ قیوم کی بیوی کی دو سال پہلے ہی موت ہوچکی ہے ۔
سردی سے ایک شخص کی موت
ڈومڑیاگنج ؍سدھارتھ نگر۔8دسمبر(فکروخبر/ذرائع )زبردست سردی سے لوگوں کی معمولات زندگی متاثرہورہی ہے۔سردی سے محفوظ رہنے کیلئے لوگ گرم کپڑوں کی خریداری کررہے ہیں سنیچر کی شب ترلوک نگر تھانہ علاقہ میں سردی کے سبب ایک شخص کی موت ہوگئی ۔متوفی کانام اوماپرکاش شریواستوتھا۔
ایل ٹی اور ٹی ای ٹی پاس یونین نے کیااسمبلی کے سامنے مظاہرہ
لکھنؤ۔8دسمبر(فکروخبر/ذرائع )اتوار کوایل ٹی اور ٹی ای ٹی پاس یونین نے اسمبلی کے سامنے تقرری کے مطالبے کو لے کر ایل ٹی ڈپلومہ یافتہ کو اساتذہ بھرتی میں شامل کئے جانے کے سلسلے میں مظاہرہ کرنے کے بعد مطالبہ کیا۔ تقرری کے مطالبہ کو لے کر ا یل ٹی ڈپلومہ یافتگا ن نے اسمبلی کے سامنے وزیراعلیٰ کومخاطب عرضداشت ا یس ڈی ایم کو سونپی۔دھرنا ومظاہرہ کوخطاب کررہے روی کانت مشرا نے بتایا کہ موجودہ وقت میں ۸۲۵ ۷۲ تربیت یافتہ اساتذہ انتخاب ۲۰۱۱کی تیسری کونسل ختم ہو چکی ہے ۔ باوجود اس کے جو امیدوار ایل ٹی تربیت حاصل کرچکے ہیں اورمیرٹ لسٹ میں شامل ہیں ان کونوکری نہ ملنے سے وہ مشکل دور سے گذررہے ہیں۔ اس کاسبب ہے کہ ڈائٹ پرامیدواروں سے کہا جاتا ہے کہ یہ معاملہ انتظامیہ کی نگرانی میں ہے ۔ اترپردیش حکومت کی جانب سے ایل ٹی سند کو تسلیم نہ کیاجانا تربیت یافتگان کیلئے افسوس کاموضوع ہے جوامیدوار تربیت لیتے وقت ا پنے آپ پرفخر محسوس کررہے تھے آج وہ ڈپلومہ یافتہ ہونے کے باوجود پچھتاوا کررہے ہیں۔ ان ڈپلومہ یافتگان کاکہنا ہے کہ سابقہ میں اس بات کاعلم نہیں تھاکہ ایل ٹی ڈپلومہ لینے کے بعد دردر بھٹکنا ہوگا۔ جوامیدوار میرٹ لسٹ میں اپنا نام دیکھ کراس بات کی خوشی ظاہر کررہے تھے کہ حکومت انھیں بھی اساتذہ بھرتی میں شامل کرے گی لیکن ایسانہ ہوکر اب ان کی نیندیں اڑ گئی ہیں ۔ اس وقت ایل ٹی گریڈ کی منطقائی سطح پربھرتی چل رہی ہے جس میں ایل ٹی کو بی ایڈ کے مساوی تسلیم کیاگیا ہے ۔ایسے میں ۸۲۵ ۷۲ اساتذہ کی بھرتی کیوں کی جارہی ہے ۔ حالانکہ اس سے قبل اور موجودہ وقت میں ہو چکی ابتدائی اور ثانوی اساتذہ کی بھرتی میں ایل ٹی کوبی ایڈ کے مساوی مانا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم لوگ اس وقت ایل ٹی گریڈ کی بھرتی میں درخواست نہیں دے سکتے۔ کیونکہ ہم لوگوں کی عمر کی حد ختم ہوچکی ہے۔ حالانکہ اس سلسلہ میں ۲۰۰۴میں ریاستی حکومت نے آرڈننس جاری کرکے تربیت کو ابتدائی اساتذہ بھرتی میں شامل ہونے کاحکم بھی جاری کیا گیاتھا۔ جوامیدوار میرٹ لسٹ میںآرہے ہیں وہ اب دردرکی ٹھوکریں کھانے کو مجبورہیں۔ غور طلب ہے کہ بی ایڈ اور ایل ٹی گریڈ دونوں ہی مساوی ہیں ۔ اس لئے ایل ٹی ڈپلومہ یافتگان نے اساتذہ بھرتی میں ایل ٹی ڈپلومہ یافتگان کو بھی شامل کرنے کامطالبہ کیا ہے ۔انھوں نے انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کئے جاتے تب تک دھرنا ومظاہرہ جاری رہے گا۔، اس کے علاوہ پوری ریاست کے الگ الگ ضلع میں بھی مطالبات کولے کر دھرنا وبھوک ہڑتال کی جائے گی۔
کسانوں کو فصل کی قیمت نہیں دے پارہی ہے حکومت
لکھنؤ۔8دسمبر(فکروخبر/ذرائع )ریاستی حکومت کسان مخالف ہیں۔ ایک طرف کسان کھاد ،پانی ،بجلی کے بحران سے پریشان ہیں۔ وہیں دوسری طرف اپنی محنت سے جب کسان کسی طرح سے اناج پیدا کررہا ہے توریاستی حکومت اس کی فصل کونہ توخرید پارہی ہے اور نہ ہی لاگت کی قیمت دے پارہی ہے ۔یہ بات بی جے پی کے ریاستی صدر ڈاکٹرلکشمی کانت باجپئی نے بہرائچ میں منعقد رکنیت اجلاس میں کہی۔ ڈاکٹر باجپئی نے کہا کہ دھان خرید مراکز پر میں نے اوربی جے پی کارکنوں نے معائنہ کیاتو کہیں کہیں دھان کے ایک دانہ کی بھی خرید نہیں ہوئی تھی۔ کسان مجبوری میں سستی قیمتوں پر دھان فروخت کرنے کیلئے مجبور ہے جس کافائدہ حکومت سے جڑے بچولیے اور افسران اٹھارہے ہیں۔ ڈاکٹرباجپئی نے گنا کسانوں کے مسائل پربولتے ہوئے کہا کہ حکومت کسانوں سے زیادہ گنا مل مالکان کے مفاد کی فکر کررہی ہے ۔
متحد ہوکر بی جے پی کی بدعنوانی کے خلاف مہم چلانے کی اپیل
لکھنؤ۔8دسمبر(فکروخبر/ذرائع )یوتھ کانگریس بھارتیہ جنتاپارٹی کی مبینہ بدعنوانی کے خلاف اطلاع کے حقوق کااستعمال کرے گی۔ سرکاری رقم اورسرکاری کام میں شفافیت لانے کیلئے اس قانون کا عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ استعمال کرناچاہئے۔ یہ بات یوتھ کانگریس کے سابق قومی جنرل سکریٹری ڈاکٹر رمیش شریواستونے اندرا نگر واقع کیمپ دفتر میں کارکنان کوخطاب کرتے ہوئے کہی۔ مشرقی اسمبلی صدر پروین سنہا نے بتایا کہ مسٹر شریواستونے کہاکہ رکن پارلیمنٹ رکن اسمبلی اورایم ایل سی فنڈ کااستعمال عوامی فلاح کے بجائے کنبہ کی بہبودمیں کررہے ہیں۔ انھوں نے الزام عاید کیا کہ کہیں کہیں تولمبی کمیشن خوری کی جارہی ہے ۔ عام آدمی کوعوامی نمائندوں سے پوچھنا چاہئے کہ ترقیات فنڈ سے کون سی سڑک ،چک روڈ ، نالی ، بجلی کے کھمبے بنوائے گئے یااسکول میں فنڈ دیاگیا۔ جمہوریت میںیہ جاننے کاسب کو حق ہے۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی کے بدعنوان لوگ غریبوں کاحق مار کر شہروں میں کوٹھیاں بنائی ہیں انھوں نے نوجوان کارکنوں سے متحد ہوکربی جے پی کی بدعنوانی کے خلاف مہم چلانے کی اپیل کی ۔
پورے شہر میں چلایاگیا آپریشن آل آؤٹ
لکھنؤ۔8دسمبر(فکروخبر/ذرائع )راجدھانی کے نئے کپتان یشسوی یادو کی ہدایت پرآج پورے ضلع میں آپریشن آل آؤٹ چلایاگیا۔ اس آپریشن کے دوران تمام چورا ہوں پربڑی تعداد میں پولیس فورس نے گاڑیوں کی جانچ کی ۔ اس دوران مہانگرپولیس نے ایک بدمعاش کوایک طمنچہ کے ساتھ گرفتارکیا۔ ایس ایس پی یشسوی یادونے بتایاکہ آج شام تمام ایڈیشنل ایس پی ، سی او اور تھانہ انچارجوں کو اپنے ا پنے علاقے میں بھاری پولیس فورس کے ساتھ چوراہوں پرچیکنگ کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ ایس ایس پی نے چیکنگ کے دوران بیئررلگاکرگاڑیوں کی چیکنگ کیلئے کہا تھا ایس ایس پی کے اس حکم کے بعد پورے ضلع میں ۹۳جگہوں پرچیکنگ کایہ آپریشن آل آؤٹ چلایاگیا۔اس آپریشن کے دوران مہانگر پولیس نے فاطمہ اسپتال ریلوے کراسنگ کے پاس سے ایک موٹر سائیکل سوار گومتی نگرکے رہنے والے وکرم عرف راہل کوپکڑا۔ تلاشی کے دوران پولیس کواس کے پاس سے ایک طمنچہ اور کارتوس ملا۔ وہیں سروجنی نگر پولیس نے بھی ڈھائی ہزار روپئے کے انعامی بدمعاش وشنو کو چوری کی ایک موٹر سائیکل کے ساتھ گرفتارکیا۔ پولس نے اس آپریشن کے دوران ۱۵۵۶گاڑیوں کاچالان کیا۔ ۶۴گاڑیوں کوسیز کیا گیا، ۶۹۴۵۰روپئے جرمانہ وصول کیاگیا۔ ۵۹لوگوں کو ۳۴پولیس ایکٹ میں چالان کیاگیا جبکہ ۱۴مقدمہ بھی درج کئے گئے۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ اس طرح گاڑیوں اور مشتبہ لوگوں کی چیکنگ کیلئے پولیس کاآپریشن آل آؤٹ جاری رہے گا۔
اسپتالوں میں آئیرن وکیلشیم کی دوائیں ملنا محال
لکھنؤ۔8دسمبر(فکروخبر/ذرائع )سرکاری اسپتالوں میں دواؤں کا بحران پیداہوتا دکھائی دے رہا ہے ۔ آئیرن ، کیلشیم سے لے کر انفرلٹی تک میں دی جانے والی دوائیں ہوں یاپھر انٹی باٹک اور دماغی امراض کی دوائیں مریضوں کونہیں مل پارہی ہیں۔ مجبوراً مریضوں کوباہر سے دوائیں خریدنی پڑ رہی ہیں۔ اماکسی سلین جیسی عام انٹی بایوٹک کی بھی کمی ہوگئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق پیراسیٹامال تک بھی اسپتالوں میں ضوابط کے مطابق نہیں آئی ہیں۔ راجدھانی کے اہم سرکاری اسپتالوں میں بھلے ہی جیسے تیسے مریضوں کودوائیں مل جارہی ہوں لیکن ریاست کے دیگراضلاع میں دواؤں کے بحران میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔ ڈاکٹر شیاماپرشاد مکھرجی (سول)، بلرامپور ،جھلکاری بائی اور آونتی بائی خاتون اسپتال میں بھی مریضوں کو مناسب مقدار میں دوائیں نہیں مل پارہی ہیں۔ فارماسسٹ بتاتے ہیں کہ ڈاکٹر شیاماپرشاد مکھرجی سول اسپتال میں اماکسی اور سپلاکس ۵۰۰ ایم جی اینٹی بایوٹک دواکی سپلائی کافی عرصہ سے بندہے ۔ مریضوں کودوائیں بازار سے خریدنی پڑرہی ہیں۔اسی طرح بلرام پور اورلوہیااسپتال میں بھی اینٹی بایوٹک دواؤں کی بیحدکمی ہے ۔ جیسے تیسے کام چل رہاہے ادھرویرانگنا اونتی بائی خاتون اسپتال (ڈفرن)کے حالات بھی کچھ ایسے ہی ہیں جہاںآئرن ،کیلشیم سیرپ، پیٹ کے کیڑے کی دوا البنڈازول، درد کی دوابروفین،اورانفرلٹی کی دوائیں بھی مریضوں کونہیں مل پارہی ہیں ۔ جبکہ جھلکاری بائی خاتون اسپتال میں پیراسیٹامال انٹی بایوٹک اماکسی سلین کی کمی ہوگئی ہے ۔
مسئلہ کااہم سبب :
سرکاری اسپتالوں میں دواسپلائی کیلئے صحت ڈائرکٹوریٹ دواکمپنیوں سے ریٹ کنٹریکٹ کرتا ہے ۔ ذرائع بتاتے ہیں کہ ٹنڈرلیتے وقت کمپنیاں دواؤں کی کم قیمت بتاکرٹنڈر توحاصل کرلیتی ہیں لیکن بعدمیں دواؤں کی فراہمی میں حیلہ حوالی کرتی رہتی ہیں۔ اسپتالوں کی فارمیسی میں بیٹھنے والے ملازمین کاکہنا ہے کہ درد کش دواڈائکلو فینک سوڈیم ہو یاپھر سیفوٹیکسم انٹی بایوٹک انجکشن مریضوں کو یہ نہیں دیاجاپارہا ہے ۔ کیونکہ اس کی فراہمی ہی نہیں ہوپائی ہے۔ ذرائع کے مطابق تواٹاوہ اور غازی آباد میں پیراسیٹامال کانمونہ ضوابط کے خلاف ہونے کے سبب فراہمی روک دی گئی ہے ۔ جب بڑے اسپتالوں کے حالات ایسے ہیں تو عوامی صحت مرکز وابتدائی صحت مرکز کے حالات کیاہوں گے اس کااندازہ بہ آسانی لگایاجاسکتاہے ۔سی ایم ایس ڈی کے افسران کے مطابق جن کمپنیوں سے محکمہ نے معاہدہ کیاہے ان کودواؤں کی فراہمی وقت پرکئے جانے کیلئے نوٹس جاری کیا جاچکاہے ۔اگر دوائیں وقت پرنہیں آئیں توٹنڈر منسوخ کردیا جائے گا۔
Share this post
