آگرہ میں تاج محل کے قریبی علاقوں میں گوبر کو گھریلو ایندھن کے طور پر استعمال کیا جانا عمومی بات ہے کیونکہ یہ غربت کے شکار ملک کے شہریوں کے لیے سستے ایندھن کا کام کرتا ہے۔
تاج زون کے چئیرمین پردیپ بھتنگر کا کہنا ہے کہ گائے کے فضلے کو جلائے جانے سے کاربن کا اخراج ہوتا ہے جس سے تاج محل کی تعمیر میں استعمال کیا گیا سفید ماربل متواتر پیلا ہوتا جا رہا ہے۔پردیپ بھتنگر کا کہنا تھا کہ وقت کے ساتھ ساتھ تاج کی رنگت میں آنے والے فرق کے باعث تشویش میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ ہونے والے اجلاس میں حتمی طور پر فیصلہ کیا گیا کہ آگرہ کے شہری علاقے میں مکمل طور فضلا جلائے جانے پر پابندی ہوگی۔شہر کی خوبصورتی کے حوالے سے چیئرمین تاج زون نے کہا کہ اس میں شہر کے جمالیاتی حسن کو بھی برقرار رکھنے کا معاملہ شامل ہے کیونکہ ہم نہیں چاہتے کہ شہر کی دیواروں پر گوبر تھونپا ہوا نظر آئے۔یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں امریکی اور ہندوستانی ماہرین نے تاج محل کے حوالے سے ایک مشاہداتی مطالعہ انجام دیا تھا جس میں مٹی اور کاربن جیسی آلودگی کو تاج پر اثر انداز ہونے کی اہم وجہ قرار دیا گیا تھا۔پردیپ بھتنگر نے بتایا کہ ہم مٹی کے حوالے سے تو بہت کچھ نہیں کر سکتے مگر کاربن کا اخراج نامیاتی (آرگئانک) مادوں کو جلائے جانے سے پیدا ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب آگرہ کے شہریوں کو صاف ایندھن کے استعمال کی جانب راغب کیا جائے گا اور ان کو گیس کے کنکشن فراہم کیے جائیں گے۔1996 میں سپریم کورٹ کی جانب سے تاج محل کے قریب کوئلے کے صنعتی استعمال پر پابندی عائد کی تھی۔تاج محل مغل شہنشاہ شاہ جہاں نے اپنی بیوی ممتاز محل کی یاد میں تعمیر کروایا تھا، ممتاز محل 1631 میں زچگی کے دوران ہلاک ہو گئی تھیں۔
لکھنؤ میٹرو کے صلاح کار نے وزیر اعلیٰ سے کی ملاقات
لکھنؤ۔14جنوری(فکروخبر/ذرائع) لکھنؤ میٹرو کے صلاح کار ای شری دھرن نے آج وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو سے ملاقات کر کے میٹرو کے تعمیری کاموں کی اطلاع دی۔ شری دھرن نے میٹرو کے تعمیری کاموں پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے کہا کام ٹھیک رفتار سے اور صحیح سمت میں چل رہاہے۔ میٹرو کی تعمیرمیں حکومت کا پورا تعاون ہے۔ وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے یقین دلایا ہے کہ میٹرو تعمیر میں حکومت ہر سطح پر مدد کرے گی۔ شری دھرن نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو سے میٹرو کی تعمیر سے لیکر دیگر مختلف معاملوں پر بات ہوئی ہے جس سے وزیر اعلیٰ نے اتفاق کیا ہے۔ لکھنؤ میٹرو کو لیکر مرکز کے پبلک انویسٹی منٹ بورڈ سے اجازت نہ مل پانے کے سوال پر انہوں نے کہاکہ وہ ایک کام ہے جو پورا ہو جائے گا۔ میٹرو کے پہلے مرحلہ کے پہلے سیکشن کا تعمیری کام تیزی سے چل رہا ہے۔ پی آئی بی نے تاخیر سے میٹرو تعمیرپر کوئی اثر نہیں پڑا ہے۔ مسٹر شری دھرن نے کہاکہ میٹرو کے حسین گنج سے حضرت گنج انڈر گراؤنڈ سیکشن ڈیزائن کیلئے الگ سے ٹنڈر ہوگا جس میں کنسلٹینٹ کمپنی کا انتخاب کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ دیگر ایلی ویٹیڈ روڈکے اسٹیشنوں کی ڈیزائن فرانس کی کمپنی سسٹرا بنائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ انڈر گراؤنڈ سیکشن میں حسین گنج سکریٹریٹ اور حضرت گنج اسٹیشن آئیں گے۔ یورپی انویسمنٹ بینک کے نمائندوں نے آج لکھنؤ میٹرو کا دورہ کیا۔ بینک کے نمائندوں نے لکھنؤ میٹرو کے ایم ڈی کمار کیشو اور دیگر افسران سے ملاقات کی۔ بینک نمائندوں کو افسران نے پورے میٹرو پروجیکٹ کے بارے میں اطلاع دی۔ بینک افسروں کے لکھنؤ دورے اور میٹرو افسروں سے ملاقات کولیکر مسٹر شری دھرن نے کہا کہ یہ ان نمائندوں کا پہلا دورہ ہے۔ نمائندوں کا رخ مثبت ہے۔ واضح ہو کہ ای آئی بی سے لکھنؤ میٹرو تقریباً ۰۰۵۳ کروڑ قرض لینے کیلئے کوشاں ہے۔
فرقہ پرستی کو ہوا دے رہی ہے مرکزی حکومت:ملک
لکھنؤ۔14جنوری(فکروخبر/ذرائع) پچھڑا سماج مہا سبھا نے مرکزی حکومت پر سابقہ کانگریسی حکومت کی راہ پر چلنے کا الزام لگایا ہے۔ مہا سبھا کے صدر احسان الحق ملک اور جنرل سکریٹری شیو نرائن کشواہا نے کہا کہ عام آدمی سے جڑے معاملوں سے توجہ ہٹانے کیلئے بی جے پی حکومت فرقہ پرستی کو ہوا دے رہی ہے۔ اپنی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے مرکزی حکومت لوجہاد اور تبدیلی مذہب جیسے معاملے اچھال رہی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مرکزی حکومت مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلاتے ہوئے مسلمانوں کو دہشت گرد بتانے میں مصروف ہے۔ انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ مرکزی حکومت تحویل آراضی جیسے سیاہ قانون بناکر ایمرجنسی کی یاد دلا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں کئے گئے وعدوں سے پیچھے ہٹنے اورہر محاذ پر ناکام رہنے کے سبب مرکزی حکومت ایسا کر رہی ہے۔
سردی سے کمسن بچے کی موت
فتحپور۔14جنوری(فکروخبر/ذرائع) شدیدسردی سے معمومات زندگی متاثر ہورہی ہے ۔ جبکہ انتظامیہ کی جانب سے سردی سے راحت کیلئے مناسب بندوبست نہیں کیاگیا ہے ۔سردی سے درجنوں افراد کی موت ہوچکی ہے۔ کلوری تھانہ علاقہ کے گاؤں دتولی کے باشندے ارن یادوکے سات ماہ کے بیٹے کی سردی سے موت ہوگئی۔ واضح رہے کہ ضلع میں سرد لہر اورکہرے کی وجہ سے لوگوں کومشکلات کاسامناکرناپڑرہا ہے ۔
افسران کے خلاف غیر قانونی رقم وصول کرنے کاالزام
فتح پور۔14جنوری(فکروخبر/ذرائع)لوہیارہائشی اسکیم کے تحت الاٹمنٹ میں غیری قانونی رقم وصول کرنے کے معاملے میں ضرورت مند لوگوں نے کلکٹریٹ کے سامنے مظاہرہ کرتے ہوئے ضلع مجسٹریٹ کو معاملے سے روشناس کراتے ہوئے متعلقہ محکمہ کے افسران کے خلاف کاروائی کرنے کامطالبہ کیا ہے ۔اسوتھر ترقیاتی بلاک کے گاؤں اڑھاول کے لوگوں نے لوہیارہائش مین بدعنوانی کے خلاف آواز بلندکرتے ہوئے ضرورت مندافراد کی بجائے غیر ضرورت مندافراد کی نشاندہی کرتے ہوئے افسران کے خلاف غیری قانونی رقم وصول کرنے کاالزام عائد کیا۔مظاہرین نے کہا گاؤں کے سیکڑوں افراد رہائشی اسکیم سے محروم ہورہے ہیں۔
بے نظیر درگاہ کے انہدام پرغم وغصہ کااظہار
رامپور۔14جنوری(فکروخبر/ذرائع)راشٹریہ لوک دل کے ضلع صدرعاصم خان نے بینظیر درگاہ کے انہدام پرانتہائی غم وغصے کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجود ہ حکومت کے وزیر اور ضلع انتظامیہ کی ساز باز سے درگاہ کومنہدم کیاگیا ہے ۔اگر رامپور کے نوجوان بیدارنہیں ہوتے تواس کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔ انھوں نے کہاکہ اس مسئلے پرسیاست نہیں ہونی چاہئے۔انھوں نے کہا انھوں نے ہمیشہ علماء کی عزت کی ہے اورکرتے رہیں گے ۔میں انتہائی ادب کے ساتھ کہناچاہتاہوں کہ دادامیاں درگاہ کے انہدام کے بعد اس کے شرعی مسئلے ،حیثیت اورگواہی کی ضرورت پیش آئی ،یہ تصدیق اورگواہیاں درگاہ کے انہدام سے قبل کیوں نہیں مانگی گئی۔انھوں نے کہاکہ ایک وزیر کی ذاتی یونیورسٹی کے لئے تعمیر کی جارہی سڑک کاایک حصہ تنگ ہوجاتاہے تو درگاہ کاانہدام نہیں کیاجاتا اورراستہ بھی چوڑاہوجاتاہے ۔ انھوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کے ایک وزیر اقتدار کے نشے میں ہیں۔ان کاتکبر اورگھمنڈ مسجدوں،مدرسوں اوردرگاہوں کی عظمت سے زیادہ بلندن ہوگیا ہے ۔انھیں یہ معلوم نہیں کہ اس عمل سے پوری قوم رسوا ہوگئی ہے۔ اگرجلد ہی اس کاحل تلاش نہیں کیاگیا تویہ مسئلہ قوم کیلئے ناسور بن جائے گا۔
ناجائز دیسی شراب کے ساتھ ایک شخص گرفتار
لکھنؤ۔14جنوری(فکروخبر/ذرائع) : اٹونجہ پولیس نے منگل کی صبح گہنہ خرد گاؤں میں چھاپہ مار کر ناجائز دیسی شراب سمیت ایک شخص کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ گرفتار شخص کے پاس سے شراب بنانے کا لہن اور بھٹی بھی برآمد ہوئی ہے۔ اٹونجہ پولیس کے مطابق گہنہ خرد گاؤں میں پولیس کو ناجائز شراب بنانے کی بھٹی کی اطلاع مل رہی تھی جس کے تحت پولیس نے منگل کی صبح ساڑھے ۷ بجے چھاپہ مارا جہاں وہیں کے رہنے والے رام پال کوپانچ لیٹرناجائز دیسی شراب، شراب بنانے کا لہن اور بھٹی سمیت گرفتار کیا ہے۔ گرفتار شخص کو پولیس نے جیل بھیج دیا۔ واضح ہو کہ دو شنبہ کو ملیح آباد سمیت دیگر علاقوں میں زہریلی ناجائز دیسی شراب سے ۳۲ لوگوں کی موت ہو گئی تھی اور سات سے زائد لوگ سنگین حالت میں اسپتال میں داخل کرائے گئے تھے۔ پولیس کے مطابق ناجائز شراب بنانے والوں پر کوئی سخت قانون نہیں ہے۔ لہٰذا جیل سے چھوٹنے کے بعد پھر شراب بنانا شروع کر دیتے ہیں۔
Share this post
